بچے کی تلاش میں سرگرداں باپ 9 دن بعد بھی دریا میں ڈوبنے والے بیٹے کو ڈھونڈ رہا ہے

ویب ڈیسک

بیٹے کی تلاش میں وہ خود دریا میں کود پڑے۔ جب تک کوئی مدد کو پہنچتا مزمل نے اپنے طور پر کوششیں شروع کر دی تھی تاکہ دریا میں ڈوبنے والے اپنے بیٹے کو بچا سکیں لیکن اُنھیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی

اب معاویہ کو ڈوبے ہوئے نو دن ہو گئے ہیں لیکن مزمل آج بھی تیراکی میں استعمال ہونے والی ٹیوب کے سہارے اپنے بیٹے کو تلاش کر رہے ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے ان کے ساتھ ہمدردی شروع کر دی

اس وڈیو میں مزمل کالے رنگ کی ٹیوب پر الٹے لیٹے دریا کے کنارے جھاڑیاں ہٹا رہے ہیں اور تیرتے ہوئے دریا کے اندر تک ہاتھ لے جاتے ہیں تاکہ کہیں اُنہیں اپنا بیٹا نظر آ جائے یا کہیں معاویہ ہو کہ ان کا ہاتھ اسے چھو جائے

اس واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دے دی تھی لیکن دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے ان اہلکاروں کو وہاں پہنچنے میں تاخیر ہو گئی تھی۔ تب تک مزمل نے خود اپنے طور پر بیٹے کی تلاش شروع کر دی تھی

معاویہ کیسے دریا میں گرے؟

مزمل کے چچا زاد بھائی بادشاہ خان نے بتایا کہ علاقے میں سب لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے مزمل کے بارے میں بتایا کہ ان کے چار بچے ہیں جن میں سے معاویہ ڈوب گئے ہیں

انہوں نے کہا، ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل کے دور دراز علاقے لوئے شلمان میں گذشتہ ہفتے منگل کی صبح بچے علاقے میں کھیل رہے تھے۔ معاویہ اور ان کے دوستوں، جن کی عمریں آٹھ اور نو سال تک بتائی گئی ہیں، نے فیصلہ کیا کہ دریا کے کنارے انجیر کے درخت سے پھل توڑنے جاتے ہیں

سب دوست دریا کی جانب روانہ ہوئے، جہاں دریا کے کنارے معاویہ کا پاؤں پھسلا اور وہ دریا میں گر گئے۔ اس وقت دوست چلائے لیکن وہاں کوئی بڑا موجود نہیں تھا جو ان کی مدد کر سکتا

بچے روتے ہوئے واپس اپنے علاقے میں پہنچے۔ بادشاہ خان نے بتایا کہ جب بچے مزمل کے پاس پہنچے اور ان کی حالت دیکھی تو پریشان ہو گئے اور جب اُنھیں معلوم ہوا کہ اُن کا بیٹا دریا میں گر گیا ہے تو وہ فوری طور پر دریا کی طرف بھاگے

بچے کی تلاش میں سرگرداں باپ

مزمل جب دریا کی تیز لہروں میں اترے تو اُنہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کا بیٹا دریا میں کہاں ہو گا۔ اُنہوں نے صرف اندازے لگائے کہ دریا کی لہریں معاویہ کو کہاں سے کہاں تک لے گئی ہوں گی یا شاید اس مقام پر کہیں معاویہ موجود ہوں

گھر کے تمام افراد کو امید ہے کہ معاویہ ہو سکتا ہے زندہ ہوں، کہیں دور جا کر کسی نے اُنہیں دریا سے نکال لیا ہو لیکن اب تو 9 دن گزر چکے ہیں اور اب یہ امیدیں دم توڑ چکی ہیں

دریا میں ایک شخص کے اس طرح بے چینی کے عالم میں بچے کی تلاش کی وڈیو نے سب لوگوں کو غمگین کر دیا ہے اور سب نے مزمل سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے

مزمل کا کہنا ہے کہ اگر ان کے علاقے میں سہولیات ہوتیں تو شاید ان کا بیٹا بچ سکتا تھا یا اسے فوری طور پر تلاش کیا جا سکتا تھا۔ یہ علاقہ خیبر کا پسماندہ علاقہ ہے جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ مزمل نے حکومت سے کہا ہے کہ ان کے علاقے میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ’جو واقعہ ہوا ہے مطلب ہمارے بیٹے کا وہ تو ویسے بھی اس جہاں سے چلا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے اور ریسکیو اہلکاروں کو بر وقت اطلاع دی جا سکے۔ اس کے لیے یہاں موبائل فون کا نیٹ ورک مناسب ہونا چاہیے یعنی جتنی موبائل فون کمپنیز ہیں، ان سب کا نیٹ ورک یہاں ہونا چاہیے

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کی سروس یہاں اس علاقے کی اپنی سروس ہو جو ہر وقت موجود ہو اور اس علاقے کے لوگوں کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہو تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کی مدد کی جا سکے اور اُن کے بیٹے کی طرح کسی اور کا بیٹا نہ ڈوب جائے

ان کا کہنا تھا کہ اگر موبائل فون کا نیٹ ورک ہوتا تو وہ فوری طور پر مدد کے لیے کسی کو بلا سکتے تھے اور اگر ریسکیو کا دفتر ہوتا تو وہ بھی فوری طور آ سکتے تھے مگر ایسا نہیں ہوا۔۔۔

مزمل کے چچا زاد بھائی بادشاہ خان نے بتایا کہ وہ اس تلاش کی سرگرمیوں کی تمام وڈیوز بنا کر شام کو پہاڑ کی چوٹی پر جاتے ہیں، جہاں کچھ سگنل آ جاتے ہیں، جس وجہ سے وہ یہ وڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال سکتے ہیں۔ اگر وہ ایسا نہ کریں تو ان کے علاقے کی خبر تو دنیا میں کسی کو بھی معلوم نہیں ہوگی

ان کا کہنا تھا کہ یہ سوشل میڈیا کی وجہ سے امدادی ادارے اور دیگر میڈیا کے اہلکار یہاں تک پہنچے ہیں، اگر ایسا نہ ہوتا تو شاید اُن کی مدد کو کوئی بھی نہ آ سکتا

امدادی سرگرمیاں

اس واقعے کے بعد ریسکیو اہلکار بھی پہنچ گئے اور مقامی ملیشیا کے اہلکاروں نے بھی بچے کی تلاش شروع کر دی۔ مزمل کے ساتھ علاقے کے لوگ بھی موجود ہیں اور وہ ہر طرح سے مزمل کی مدد بھی کر رہے ہیں

علاقے کے قبرستان میں ایک قبر تیار کر لی گئی ہے۔ مزمل کے چچا زاد بھائی بادشاہ خان نے اس قبر کے قریب ایک وڈیو بنائی ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ”یہ معاویہ کی قبر ہے جو دریائے کابل میں ڈوب گیا ہے۔ معاویہ کے والد مزمل آج بھی اپنے بیٹے کے انتظار میں ہیں کہ وہ کب آئے گا۔ وہ صبح آتا ہے۔۔ شام آتا ہے۔۔ اس قبر کو دیکھتا ہے کہ یہ میرے بیٹے کی قبر ہے۔ وہ اس انتظار میں ہے کہ بیٹا اگر مر گیا ہے تو اس قبر میں دفن کر دیا جائے“

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ انہیں جیسے ہی اطلاع موصول ہوئی تو ان کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے تھے اور وہ اس بچے کی تلاش کر رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ اس ایک ہفتے میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے ڈوبنے کے اٹھارہ واقعات پیش آئے ہیں اور ان کے اہلکار صوبے کے ان تمام علاقوں میں مدد فراہم کر رہے ہیں

بادشاہ خان نے بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں نے اُنھیں بتایا ہے کہ ان کا آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور بچے کا سراغ نہیں مل سکا۔

(خبر کی تفصیلات عزیز اللہ خان کی بی بی سی اردو میں شائع رپورٹ سے لی گئی ہیں)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close