’اگنی پتھ‘ منصوبے سے بھارتی معاشرے میں عسکری رجحانات میں اضافے کا خطرہ

ویب ڈیسک

بی جے پی حکومت کی جانب سے لائی گئی بھارتی فوج میں چار سال کے لیے تقرری کی نئی اسکیم ’اگنی پتھ’ اپنے اعلان کے ساتھ ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے۔ اس اسکیم کے خلاف مسلسل دو روز سے ملک کی کئی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں

’اگنی پتھ‘ اسکیم کے خلاف طلبہ اور نوجوانوں کے پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ اب بہار کے بعد اترپردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ کے مختلف اضلاع کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں تک پھیل گیا ہے۔ مظاہرین نے کئی مقامات پر آتش زنی اور توڑ پھوڑ کی، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، ٹرینوں کی آمدورفت کو روک دیا اور قومی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے انہیں ایک بار پھر بے وقوف بنایا ہے، ”اگر ہماری تقرری ہو بھی گئی تو چار برس بعد ہم کیا کریں گے؟‘‘

واضح رہے کہ مودی حکومت نے تین روز قبل بھارتی فوج میں شامل ہونے کے لیے ’اگنی پتھ‘ نامی اس اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم پر ابتدا میں ہی دفاعی امور کے متعدد ماہرین نے شبہات کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اب مختلف حلقوں کی طرف سے اس کی مخالفت کا سلسلہ تیز تر ہوتا جا رہا ہے۔ سابق فوجی افسران کا کہنا ہے کہ چار برس کی مدت ملازمت سے نہ صرف ملک کے خاطر لڑنے اور قربان ہونے کا جذبہ متاثر ہوگا بلکہ اس کے منفی مضمرات بھی ہو سکتے ہیں

سیاسی جماعتیں بھی اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنے اہم معاملے میں مودی حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے صلاح و مشورے کے بغیر ہی اپنے فیصلے کا یک طرفہ طور پر اعلان کر دیا

کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ”جب بھارت کو دو محاذوں پر خطرات کا سامنا ہے، اگنی پتھ کی غیر ضروری اسکیم ہمارے مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں کو کم کر دے گی۔ بی جے پی حکومت کو ہماری فورسز کے وقار، روایات، جرأت اور نظم و ضبط سے مصالحت کرنا بند کر دینا چاہیے‘‘

بائیں بازو کی جماعت سی پی ایم کے رہنما سیتارام یچوری نے کہا ”ایک پیشہ ور فوج بنانے کے بجائے مودی حکومت نے ’ٹھیکے پر فوجیوں‘ کی تجویز پیش کی ہے تاکہ پینشن کے پیسے بچا لیے جائیں۔ چار برس کے بعد ان کے پاس پرائیوٹ ملیشیا کی خدمت کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں ہوگا۔ اس ملک دشمن اسکیم کو ختم کریں‘‘

راشٹریہ جنتادل، راشٹریہ لوک دل اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان ورون گاندھی نے بھی ایک ٹوئٹ کرکے کہا کہ اس اسکیم کے حوالے سے نوجوانوں کے ذہنوں میں بہت سارے سوالات اور شبہات ہیں

متعدد سابق اعلی فوجی افسران اور دفاعی امور کے ماہرین نے بھی اگنی پتھ کے تحت چار برس کے لیے ’اگنی ویروں‘ کی تقرری کی افادیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے سول سوسائٹی میں قانون و انتظام کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے

ان کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت ہتھیاروں کی تربیت حاصل کر چکے اور ہر سال ملازمت سے محروم کر دیے جانے والے پینتیس ہزار سے زائد نوجوانوں کی وجہ سے سماج میں عسکریت پسندانہ رجحانات پیدا ہو سکتے ہیں

بھارتی تجزیہ نگار پرتاپ بھانو مہتا کہتے ہیں اس اسکیم کے سماج کے لیے مضمرات ہو سکتے ہیں، ”یہ بہت ہی نازک معاملہ ہے۔ اگر آرمی کی مراعات والی ملازمت ختم ہونے کے بعد اس طرح کی کوئی سول ملازمت نہیں ملتی ہے تو نوجوانوں میں مایوسی پیدا ہو سکتی ہے۔ ایسی بہت ساری مثالی موجود ہیں کہ فوجیوں کو قبل از وقت ملازمت سے نکال دینے کے نتیجے میں وہ سماج میں عسکریت پسندانہ رححانات کے فروغ کا سبب بن گئے۔ اگر اس معاملے کو مناسب انداز میں نہیں سنبھالا گیا تو یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close