کیا آپ کے فون کی بیٹری جلد ختم ہو جاتی ہے اور کیا فون کا ڈیٹا بھی جلد ختم ہو جاتا ہے؟ اگر آپ نے فون کو بہت زیادہ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے تو آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے ڈیٹا پلان کو تبدیل کریں۔ اگر نہیں تو پھر یہ ممکن ہے کہ ہیکر آپ کے فون سے چھیڑ چھاڑ کر رہا ہو
واضح رہے کہ آپ کے فون کی سکیورٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے نتیجے میں ہیکرز آپ کی شناخت اور رازداری کے کوائف شیئر کر سکتے ہیں
اگرچہ موجودہ دور میں، فون ہیک کرنے کے طریقے بدل رہے ہیں اور اب ہیکروں کو پکڑنا مشکل ہو گیا ہے، لیکن کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے، آپ اپنے فون کو محفوظ بنا سکتے ہیں
فون ہیک ہونے کا پتہ کیسے لگائیں؟
اپنے فون کو کسی نامعلوم USB کے ذریعے چارج کرتے وقت (یہاں تک کہ ہوائی جہاز یا کار میں بھی)، اس بات کا خطرہ ہے کہ آپ کا تمام ڈیٹا ظاہر ہو جائے گا اور منتقل ہو جائے گا
سگنلنگ سسٹم SS7 کی مدد سے ، جو پوری دنیا میں زیادہ تر ٹیلی فون اسٹیشن استعمال کرتے ہیں، ہیکرز آپ کے ٹیکسٹ پیغامات پڑھ سکتے ہیں
آپ کا فون گرم ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ جب آپ کال نہیں کرتے یا اس کے ساتھ کام نہیں کرتے۔ یہ ایک اور علامت ہے کہ کوئی نامعلوم ایپ چل رہی ہے
آپ کا فون خود ہی دوبارہ شروع ہوتا ہے، سوئچ آف کرتا ہے، نمبر ڈائل کرتا ہے، یا ایپلیکیشنز شروع کرتا ہے۔ اگر یہ سسٹم کی خرابی نہیں ہے، تو یہ ٹیپ ہو سکتا ہے
آپ کی "حالیہ کالز” میں نامعلوم فون نمبرز۔
آپ اپنے آلے کو بند نہیں کر سکتے۔ اس کے بجائے، آپ کا فون مختلف ایپس کھولنا، لائٹنگ بڑھانا، وغیرہ شروع کر دیتا ہے
کالز کے دوران شور یا بازگشت ہوتی ہے، اور آپ کے ساتھ اس مقام پر پہلے ایسا نہیں ہوا ہے
ہیکنگ کی ایک ممکنہ علامت فون کا بہت زیادہ ڈیٹا استعمال کرنا ہے
امریکی کمپیوٹر سکیورٹی کمپنی نورٹن کے مطابق ہیکنگ کے علاوہ بھی زیادہ ڈیٹا خرچ کرنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جیسے ایپس کا ضرورت سے زیادہ استعمال۔ لیکن اگر آپ اپنا فون پہلے کی طرح استعمال کر رہے ہیں لیکن ڈیٹا زیادہ خرچ ہو رہا ہے تو آپ کو بہرحال محتاط رہنے کی ضرورت ہے
ایک اور کمپیوٹر سکیورٹی کمپنی کاسپرسکی کے مطابق ”ہیک ہو جانے والے فون میں موجود تمام پروسیسنگ پاور ہیکر کے ہاتھ میں ہے۔ لہٰذا آپ کا فون سست کام کر سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ بعض اوقات فون کام کرنا چھوڑ دے یا اچانک ری اسٹارٹ ہو جائے“
کسپرسکی اور نورٹن دونوں کہتے ہیں کہ آپ کو اپنے فون کی نگرانی کرتے رہنا چاہیے
فون پر کچھ ایسی ایپس ہو سکتی ہیں جو آپ نے انسٹال نہیں کی ہیں یا ایسی فون کال ہو سکتی ہے جو آپ کو یاد نہیں ہے کہ آپ نے کی ہیں۔ کسپرسکی کے مطابق، اپنے ای میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دھیان رکھیں کہ آپ کو بار بار پاس ورڈ کی تبدیلیوں یا مختلف مقامات سے متعلق اطلاعات تو موصول نہیں ہو رہی ہیں، جہاں آپ نہیں گئے تھے
آپ کے فون کو کئی طریقوں سے ہیک کیا جاسکتا ہے۔ ایپلیکیشن ڈاؤنلوڈ کرتے وقت آپ کو محتاط رہنا چاہیے، کچھ میں وائرس ہوسکتے ہیں۔ عام طور پر آپ کو ایپلیکیشن کو گوگل یا ایپل اسٹور سے ہی ڈاؤنلوڈ کرنا چاہیے
لیکن یاد رکھیں کہ یہ عمل بھی آپ کے فون کو ہیکنگ سے مکمل محفوظ نہیں بناتا لیکن یہ قدرے محفوظ ضرور ہے
نورٹن کے مطابق ”اگر آپ کے پاس ای میل یا مسیج موصول ہوتے ہیں جس کے بارے میں آپ کو معلوم نہیں ہے تو اس پیغام میں موجود کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں، اس میں وائرس بھی ہوسکتا ہے“
ایسا اس وقت ہوتا ہے جب آپ کو ایک لنک کے ساتھ ایک پیغام موصول ہوتا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ یہ، مثال کے طور پر، آپ کا بینک اسٹیٹمنٹ، رقم کی منتقلی، یا آپ کی تصاویر ہیں۔ لہٰذا آپ اس پر کلک کریں، فائل ڈاؤنلوڈ کریں، اور پھر اپنے فون کے تمام مواد کو ظاہر کریں
کمپیوٹر سکیورٹی کمپنی میک کیف کے مطابق ”ہیکروں کے لیے بلوٹوتھ اور وائی فائی کی مدد سے آپ کے فون کو ہیک کرنا آسان ہے۔ لہٰذا انہیں بلا ضرورت آن نہ رکھیں“
کسپرسکی کے مطابق ، یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے فون کو ہمیشہ اپنے پاس رکھیں، اس پر پاس ورڈ محفوظ نہ کریں اور ہر وقت ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ رکھیں
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود بھی کئی بار فون ہیک ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ فون میں اینٹی وائرس سافٹ ویئر لگانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے تاکہ وہ وقت پر وائرس کا سراغ لگائے اور آپ کو اس کے بارے میں آگاہ کرے۔ فون کو ری سیٹ کرنا بھی ایک حل ہے لیکن اس کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ آپ اپنے ڈیٹا سے محروم ہو جاتے ہیں
اگر آپ اپنے فون کو کسی نامعلوم کمپیوٹر کے ذریعے چارج کرتے ہیں، تو منسلک ہونے پر، "صرف چارجنگ” کو منتخب کریں
"پاس ورڈ یاد رکھیں” فنکشن استعمال نہ کریں
ایک ضروری اقدام یہ بھی ہے کہ آپ تمام پاس ورڈ تبدیل کریں۔ فون پر حملہ ہونے کی صورت میں پاس ورڈ کے لیک ہونے کا خطرہ ہے۔