رہائش کے لئے دنیا کے بدترین شہروں میں کراچی کا پانچواں نمبر، ویانا بہترین میں پہلے نمبر پر

ویب ڈیسک

برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کے ریسرچ اینڈ اینالسز ڈویژن ’اکنامسٹ انٹیلیجنس یونٹ (ای آئی یو)‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں ایک بار پھر کراچی کو ’رہائش‘ کے حوالے سے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کیا ہے

ای آئی یو کے انڈیکس میں تیس سے زیادہ عوامل کی بنیاد پر 173 شہروں میں حالات زندگی کی درجہ بندی کی گئی ہے، شہروں کی درجہ بندی استحکام، صحت کی سہولیات، ثقافت و ماحول، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نوعیتی اور کمیتی عوامل کی بنیادوں پر کی جاتی ہے

رواں سال رہائش کے لیے دنیا کے بدترین شہروں کی فہرست میں کراچی 173 شہروں میں 168ویں نمبر پر ہے، جو درجہ بندی کے لحاظ سے محض الجزائر، طرابلس، لاگوس اور دمشق جیسے شہروں سے بہتر رہا

دریں اثنا آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ایک بار پھر رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہر کے طور پر پہلے نمبر پر آگیا ہے

فروری میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد دارالحکومت کیف کو رواں سال اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ روسی دارالحکومت ماسکو اور روس ہی کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کی درجہ بندی میں سنسرشپ اور مغربی پابندیوں کے اثرات کے سبب تیرہ درجے کمی آئی

رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ پہلے نمبر سے 34ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس کی وجہ کورونا کی وبا کے دوران شہر میں نقل و حرکت سے متعلق سخت پابندیاں ہیں

گزشہ سال ویانا کورونا کی وجہ سے شہر کے عجائب گھروں اور ریسٹورنٹس کی بندش کے سبب اپنا مقام کھو کر بارہویں نمبر پر آگیا تھا لیکن رواں سال ثقافتی اور سماجی زندگی دوبارہ بحال ہونے کے بعد اس نے اپنا مقام واپس لے لیا ہے جو اسے 2018ع اور 2019ع میں حاصل ہوا تھا

رپورٹ کے مطابق شہر کی نمایاں خصوصیات اس کا استحکام اور اچھا انفراسٹرکچر ہے، اس کے علاوہ اچھی طبی سہولیات اور ثقافت اور تفریح کے مواقع بھی شہریوں کے لیے پرکشش ہیں

ویانا کے بعد ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کا نام آتا ہے، اس درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ ہے جبکہ اس کے بعد بالترتیب کینیڈا میں کیلگری، پھر وینکوور اور اس کے بعد سوئٹزرلینڈ میں جنیوا کے نام آتے ہیں

چھٹے نمبر پر جنیوا کے بعد جرمن شہر فرینکفرٹ، پھر کینیڈا کے شہر ٹورانٹو، اس کے بعد نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈم اور دسویں نمبر پر مشترکہ طور پر جاپان کے اوساکا اور آسٹریلیا کے میلبورن کے نام ہیں

ہر سال کی طرح اس سال بھی اس فہرست میں دنیا کے ان شہروں کے نام بھی شامل ہیں جنہیں وہاں کے خراب معیار زندگی کے باعث سب سے کم قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے۔

ان میں سے سب سے زیادہ ناقابل رہائش شام کا دارالحکومت دمشق ہے، جس کے بعد نائجیریا کے شہر لاگوس کا نام آتا ہے، تیسرئے نمبر پر لیبیا کا شہر طرابلس ہے، جس کے بعد الجزائر کے اسی نام کے دارالحکومت چوتھا ہے۔

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اپنے انتہائی غیر تسلی بخش معیار زندگی کی وجہ سے دنیا کا پانچواں سب سے زیادہ ناقابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے

رواں سال اس فہرست میں سندھ کا دارالحکومت 37.5 انڈیکس اسکور کے ساتھ 173 شہروں میں 168 ویں نمبر پر رہا، کراچی کا ہیلتھ کیئر اسکور 33.3 ہے، اس نے ثقافت اور ماحولیات کے لیے 35.2 اسکور حاصل کیا، تعلیم کے لیے 66.7 اور انفراسٹرکچر میں 51.8 کا سکور حاصل کیا

رہائش کے لیے 10 بہترین شہر

1. ویانا (آسٹریا)
2. کوپن ہیگن (ڈنمارک)
3. زیورخ (سوئٹزرلینڈ)
4. کیلگری (کینیڈا)
5. وینکوور (کینیڈا)
6. جنیوا (سوئٹزرلینڈ)
7. فرینکفرٹ (جرمنی)
8. ٹورنٹو (کینیڈا)
9. ایمسٹرڈیم (ہالینڈ)
10. اوساکا (جاپان) اور میلبورن (آسٹریلیا)

رہائش کے لیے بدترین شہر

1۔دمشق (شام)
2۔لاگوس (نائیجیریا)
3۔طرابلس (لیبیا)
4۔الجزائر (الجیریا)
5۔کراچی (پاکستان)
6۔پورٹ مورسبی (پاپوا نیو گنی)
7۔ڈھاکہ (بنگلہ دیش)
8۔ہرارے (زمبابوے)
9۔دوالا (کیمرون)
10۔ تہران (ایران)

ٹاپ ٹین بہترین شہروں میں سب سے زیادہ کینیڈا کے تین شہر شامل ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close