پنجاب کے ایک کسان، جنہوں نے الن فقیر کا روپ دھار لیا

ویب ڈیسک

سر پر اجرک کی پگڑی باندھے، گلے میں رنگ برنگے ہار لٹکائے پنجاب کی تحصیل رحیم یار خان کے فقیر واحد بخش سندھ کے مشہور گلوکار الن فقیر کا روپ دھار کر اپنے بیٹے کے ساتھ لوک ورثہ اسلام آباد میں اپنے فن کے جوہر دکھاتے ہیں

الن فقیر سندھ کے شہر جامشورو سے تعلق رکھتے تھے، جنہوں نے سندھی، اردو، پنجابی اور سرائیکی زبانوں میں گائیکی کی۔ الن فقیر کا 2000ع میں انتقال ہو گیا تھا

فقیر واحد بخش نے ہوبہو الن فقیر کا روپ دھار رکھا ہے۔ یہاں تک کے ان کی داڑھی مونچھوں اور بالوں کا انداز بھی الن فقیر جیسا ہی ہے اور وہ الن فقیر کے انداز میں ہی لاگ الاپتے ہیں

فقیر واحد بخش کہتے ہیں ”الن فقیر سے میرا بہت لگاؤ تھا. انہیں جب جب سنتا تھا مزا آتا تھا. جب الن فقیر اس جہان سے چلے گئے تو میں نے ان کا روپ اختیار کیا اور جیسے میں ان ہی میں سما گیا“

فقیر واحد بخش کا تعلق پنجاب سے ہے لیکن وہ زیادہ تر وہی کلام گاتے ہیں، جو الن فقیر سندھی زبان میں گاتے تھے

انہوں نے بتایا ”سندھی کلچر (محکمہ ثقافت) والے کہتے ہیں کہ آپ کا شناختی کارڈ پنجاب کا ہے، پنجاب والے (محکمہ ثقافت پنجاب) کہتے ہیں کہ آپ تو گاتے سندھی میں ہیں اور پروموٹ بھی اسی زبان کو کرتے ہیں۔ بات سچ بھی ہے میں اکثر سندھی میں ہی گاتا ہوں“

فقیر واحد بخش دو بار امریکہ اور پانچ بار بھارت بھی جا چکے ہیں اور وہاں صوفی فیسٹیولز میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں

فقیر واحد بخش کہتے ہیں کہ ’فوک سنگر ملک کا اثاثہ ہیں۔‘

اسلام آباد میں پرفارمنس کے حوالے سے وہ کہتے ہیں ”لطیف سائیں (صوفی بزرگ و شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی) کی مہربانی سے ہمیں اسلام آباد میں پرفارمنس کا موقع ملا ہے۔ ہم یہاں پورے ملک کے لیے گاتے ہیں“

فقیر واحد بخش کے ساتھ گانے والے ان کے جواں سال بیٹے ساجد علی کا کہنا ہے ”مجھے والد کے ساتھ پرفارم کرکے مزا آتا ہے، والد کا اپنے استاد الن فقیر کے لیے پیار ہی اتنا ہے کہ ان کے گانوں پر ہم جھومے بغیر رہ نہیں پاتے“

موسیقی کے آلات ’یکتارو اور چپڑی‘ فقیر واحد بخش خود بناتے ہیں۔ وہ اور ان کے بیٹے ساجد علی اس فن کو نئی نسل میں منتقل کرنے کے لیے اپنے کئی شاگردوں کو صوفی گائیکی کی تربیت بھی دیتے ہیں

فقیر واحد بخش صوفی شعراء شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست، بلھے شاہ اور دیگر کے کلام گاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close