بحریہ ٹاؤن کراچی کے خلاف الاٹیز کا احتجاجی مظاہرہ

گزشتہ دن صبح سویرے ضلع ملیر اور شہر کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے الاٹیز نے بحریہ ٹاؤن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا. یہ مظاہرہ پلاٹ اور گھر الاٹ نہ کرنے کے خلاف کیا گیا.

اس دوران گیٹ پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کی بھی کوشش کی لیکن مشتعل مظاہرین نے سخت نعرے بازی کی اور شدید گرمی کے باوجود وہ گیٹ کے سامنے دھرنا دے کر بیٹھ گئے.

مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ان کے مطالبات  اور بحریہ ٹاؤن مخالف نعرے درج تھے.

بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ کی طرف سے احتجاج ختم کرنے کے لیے سخت دباؤ کے باوجود مظاہرین  دھرنا دے کر بیٹھ گئے اور ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے اور اپنا احتجاج جاری رکھا.

اس موقعے پر احتجاجی مظاہرین کے نمائندوں محمد رجب، شفیع محمد اور فیض علی خان اور دیگر کا کہنا تھا کہ بشمول ہمارے، سیکڑوں الاٹیز نے بحریہ ٹاؤن میں پلاٹ اور گھر خریدے ہیں. ہم نے تمام شرائط کو پورا کیا ہے اور تمام تر ادائیگی بھی کر دی ہے، لیکن اس کے باوجود بحریہ ٹاؤن  ہمیں ہمارے گھروں اور پلاٹس کی فائلیں نہیں دے رہا. ہمیں یہ تک نہیں پتہ کہ ہمارے گھر یا پلاٹ کہاں ہیں؟ ہیں بھی یا نہیں، یہ بھی نہیں معلوم.

ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض عوام کو کھلے عام لوٹ رہا ہے اور کوئی اسے پوچھنے والا نہیں.

مظاہرین نے حکومت اور عدلیہ سے اپیل کی کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کے فراڈ کا نوٹس لے کر الاٹیز کو ان کا حق دلوایا جائے، انہوں نے بحریہ ٹاؤن کراچی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close