این سی او سی اجلاس، سردیوں کی چھٹیاں جلدی دینے کی سفارش

نیوز ڈیسک

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث مزارات، سینما اور تھیٹر بند کرنے سمیت موسم سرما کی تعطیلات پیشگی شروع کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت منعقد ہوا. اجلاس میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات تجویز کرتے ہوئے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی ہے

اجلاس میں کہا گیا ہے کہ کووڈ-19 کی دوسری لہر کے دوران بیماری میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، لہٰذا زیادہ خطرے والے علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کی جائیں

این سی او سی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات پیشگی شروع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی، تاہم 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملاقات کریں گے، مشاورتی مباحثے کے بعد سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی

این سی او سی نے شادی تقریبات سے متعلق بھی ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق 20 نومبر سے صرف پانچ سو افراد کی بالائی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہوگی، جب کہ این سی او سی نے پانچ سو سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سول سوسائٹی کے اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی ہے

این سی او سی کی جانب سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی درخواست بھی کی گئی، اس کے علاوہ مزارات، سنیما گھر اور تھیٹر فوری طورپر بند کرنے کی سفارش سمیت بازاروں کو جلدی بند کرنے اور مخصوص دنوں کے لیے کھولنے کی تجاویز دی گئیں تاہم این سی او سی کی تجاویز پر حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کیا جائے گا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر  نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے ایک بار پھر ملک میں بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی ہے، ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا کے مثبت کیسز کے باعث زندگیاں بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close