امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق الزامات کا سلسلہ ابھی تھما نہیں، انہوں نے امریکی الیکشن سے متعلق ایک اور الزام عائد کیا ہے
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ انتخابی سامان مہیا کرنے والی ایک کمپنی نے ان کے 2.7 ملین ووٹس ڈیلیٹ کر دیے اور پنسلوینیا سمیت کئی ریاستوں میں سیکڑوں ووٹوں کو بائیڈن کے حق میں منتقل کردیا گیا ہے، امریکی الیکشن حکام نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ان تازہ الزامات کو مسترد کر دیا ہے
امریکی صدر اس سے قبل بھی یہ دعوی کر چکے ہیں کہ اگر قانونی طور پر ووٹوں کی گنتی کی جائے تو وہ بآسانی جیت جائیں گے، انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی کی کوشش کو وہ پورا نہیں ہونے دیں گے
ریاستی انتخابات کے سینئر عہدیداروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان تازہ الزامات کے متعلق کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ صدارتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے. حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے انتخابات کی سلامتی اور شفافیت پر مکمل اعتماد ہے اور آپ کو بھی ہونا چاہیے.