پاکستانی بحریہ نے غرقاب بھارتی جہاز کے عملے کو بچا لیا

ویب ڈیسک

بھارت کا ’جمنا ساگر‘ نامی بحری جہاز منگل کے روز بلوچستان میں گوادر کے قریب بحیرہ عرب میں ڈوب گیا، تاہم پاکستانی بحریہ نے بیلجیئم کے ایک ٹینکر کی مدد سے بھارتی جہاز کے عملے کے دس میں سے نو اراکین کو بچا لیا

پاکستانی بحریہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک بحریہ کو بھارتی جہاز جمنا ساگر کی طرف سے ‘خطرے میں گھرے’ ہونے کی کال موصول ہوئی، جس کے بعد جہاز ڈوب گیا۔ پاک نیوی نے اس پر فوراً قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کے ذریعے قریب موجود بیلجیئم کے ایک ٹینکر ایم ٹی کروبیک سے درخواست کی کہ جہاز میں پھنسے عملے کو ضروری مدد فراہم کریں

پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹینکر نے بھارتی جہاز کے عملے کے نو اراکین کو بچا لیا اور اگلی بندرگاہ دبئی تک اپنا سفر جاری رکھا، جہاں بھارتی جہاز کے عملے کو اتار دیا گیا

اعلامیے کے مطابق پاکستانی نیوی کے دو ہیلی کاپٹر بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے علاقے کی تلاشی کے بعد بھارتی جہاز کے عملے کے ایک رکن کی لاش کا پتہ لگا لیا، جو ڈوبتے وقت لاپتہ ہوگیا تھا۔ لاش کو سمندر سے نکال کر پاکستانی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید ضروری اقدامات کیے جا سکیں

دوسری جانب بھارتی جہاز کے غرقاب ہونے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ حالانکہ بتایا جاتا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت موسم اچھا تھا اور سمندر کی لہریں بھی معمول پر تھیں

یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں پاکستانی بحریہ نے ایک بھارتی آبدوز کا سراغ لگانے کے بعد اسے روک دیا تھا

اُس وقت پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی بحریہ نے پاکستان کے خلاف مذموم ارادوں کے ساتھ اپنی آبدوز تعینات کی۔ لیکن پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین یونٹ نے یکم مارچ کو جدید ترین ’کلوری کلاس بھارتی آبدوز‘ کو ٹریک کیا اور روک دیا

آئی ایس پی آر نے آبدوز کی وڈیو فوٹیج بھی شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ یہ واقعہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پیش آنے والا چوتھا واقعہ ہے اور اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنانا پاکستانی بحریہ کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا مظہر ہے

دوسری طرف بھارت نے بھی حال ہی میں پاکستانی بحریہ کے ایک جنگی جہاز کو گجرات کے ساحل کے قریب اپنے سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکنے کا دعویٰ کیا تھا

بھارتی حکام نے بتایا تھا ”پاکستانی بحریہ کا جہاز عالمگیر جیسے ہی بھارتی آبی حدود میں داخل ہوا، بھارتی کوسٹ گارڈ کی میری ٹائم سرویلانس ڈرونز نے اس کا پتہ لگا لیا۔ اور بھارتی کوسٹ گارڈ کے اہلکار چوکنا ہو گئے“

انہوں نے بتایا تھا ”پاکستانی جنگی جہاز کو اپنے علاقے میں واپس لوٹ جانے کے لیے کہا گیا اور بھارتی کوسٹ گارڈ کی چوکسی کو دیکھتے ہوئے پاکستانی بحریہ کا جہاز اپنے علاقے میں لوٹ گیا“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close