بی ایم ڈبلیو کی سیلف ڈرائیونگ کار ٹیسٹ میں بے قابو: ایک شخص ہلاک، نو زخمی

ویب ڈیسک

جرمنی میں معروف کار ساز ادارے بی ایم ڈبلیو کی ایک سیلف ڈرائیونگ ٹیسٹ کار بے قابو ہو کر شاہراہ پر سامنے سے آنے والی دو گاڑیوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں متعدد حادثے ہوئے، جن میں ایک شخص ہلاک اور نو دیگر زخمی بھی ہو گئے

جرمن پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر پندرہ اگست کی سہ پہر جنوب مغربی جرمن شہر روئٹلنگن میں اس وقت پیش آیا، جب جرمنی کی دنیا بھر میں مشہور کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو کی تیار کردہ ایک سیلف ڈرائیونگ کار ٹیسٹ ڈرائیونگ کے دوران ایک شاہراہ پر سفر کر رہی تھی

یہ کار BMW iX ماڈل کی ایک پوری طرح الیکٹرک کار تھی، جس میں پانچ افراد سوار تھے اور ان میں ایک بچہ بھی شامل تھا

روئٹلنگن پولیس کے مطابق یہ گاڑی دوران سفر ایک موڑ مڑتے ہوئے اپنی لین سے باہر نکل کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر کم از کم تین حادثات کی وجہ بنی

پہلے اس بی ایم ڈبلیو نے سامنے سے آنے والی ایک سٹروئن گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے بعد اس کا سٹروئن کے پیچھے آنے والی ایک مرسیڈیز گاڑی کے ساتھ براہ راست تصادم ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں مرسیڈیز گاڑی میں بیٹھا ہوا ایک تینتیس سالہ شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ اس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا

اسی دوران سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو نے جس سٹروئن گاڑی کو ٹکر ماری تھی، وہ بھی اس کے ستر سالہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک تیسری گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے کے نتیجے میں تیسری گاڑی میں بیٹھے دو افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ یہ کار سڑک سے اتر کر قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جا کر گری، جس کے بعد ایک دھماکہ ہوا اور اس کار میں آگ بھڑک اٹھی

روئٹلنگن پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو کی وجہ سے جو متعدد حادثے ہوئے، ان میں مجموعی طور پر ایک شخص ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثے اتنے شدید تھے کہ فوری طور پر چار ریسکیو ہیلی کاپٹر موقع پر بلوانا پڑے، جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا

زخمیوں میں سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو میں سوار پانچ افراد بھی شامل ہیں۔ ان میں سے اس گاڑی کے ڈرائیور کی عمر تینتالیس برس بتائی گئی ہے۔ باقی تین بالغوں کی عمریں اکتیس، بیالیس اور سینتالیس برس بتائی گئی ہیں جبکہ زخمی ہونے والے بچے کی عمر صرف ڈیڑھ سال ہے۔ یہ پانچوں بھی اب ہسپتال میں ہیں

زخمیوں کی طبی حالت کے باعث پولیس ابھی تک ان کے بیانات ریکارڈ نہیں کر سکی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ جب سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو ایک موڑ مڑتے ہوئے اپنی لین سے باہر نکل گئی تھی تو تب اسے اس کا تینتالیس سالہ ڈرائیور خود چلا رہا تھا یا یہ الیکٹرک کار خود کار سیلف ڈرائیونگ حالت میں سفر میں تھی

اس واقعے کے بعد بی ایم ڈبلیو سے جب اس کمپنی کا ردعمل معلوم کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا، تو اس ادارے نے کوئی بھی جواب دینے سے معذرت کر لی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close