’کجرا رے‘ جب ٹرک کے پیچھے لکھے الفاظ گلزار کی شاعری میں ڈھل گئے۔۔

ویب ڈیسک

رواں ہفتے اپنی سالگرہ منانے والے معروف بھارتی گیت نگار اور شاعر گلزار نے اپنی زندگی کی اٹھاسی بہاریں اور خزائیں دیکھ لی ہیں

مشہور گیت نگار نے اپنے چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں متعدد گانے لکھے اور انسانی جذبات کو خوبصورت انداز میں لفظوں میں ڈھالا

بھارتی فلم بنٹی اور ببلی کے لیے لکھا گیا ان کا ہٹ گانا ’کجرا رے تیرے کارے کارے نیناں‘ آج بھی زبان زد عام ہے، لیکن ان کے بہت کم مداح یہ جانتے ہوں گے کہ گلزار کو اس آئٹم سانگ کے بول لکھنے کا خیال کیسے آیا؟

معروف شاعر اور فلم ساز گلزار نے اپنے اس مشہور گانے ’کجرارے‘ کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ یہ الفاظ انہوں نے ایک ٹرک کے پیچھے لکھے دیکھے تھے، جس سے انہیں گانا لکھنے کا آئیڈیا ملا

گلزار نے بے شمار نغمے اور نظمیں تخلیق کیں ، جن میں ’میرا کچھ سامان تمہارے پاس پڑا ہے‘ سمیت کئی شاہکار شامل ہیں۔۔ جگجیت سنگھ کی آواز میں ان کی غزلیں سنجیدہ سامعین کے کانوں میں آج بھی رس گھولتی ہیں

چند سال قبل انہوں نے ایک ایسی فلم کے لیے آئٹم سانگ لکھا، جس میں امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن کے علاوہ ایشوریا رائے نے کام کیا، جو بعدازاں ابھیشیک کی دلہن بنیں

اگرچہ اس فلم کی ہیروئن رانی مکھرجی تھیں، تاہم صرف ایک گانے کے لیے آنے والی ایشوریا رائے کے حصے میں ان سے زیادہ شہرت آئی

ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ’کجرارے‘ کے بارے میں گلزار نے بتایا ”ملک کے شمالی حصے میں ایک سفر کے دوران نے انہیں آگے جاتے ہوئے ایک ٹرک پر ’کجرارے اور کارے کارے نیناں‘ کے الفاظ دکھائی دیے، تو ان کے ذہن میں رہ گئے“

انہوں نے کہا کہ جب انہیں ’بنٹی اور ببلی‘ کی کہانی کے بارے میں معلوم ہوا تو ان کے ذہن میں آیا کہ یہ گانا اس کے لیے بہترین رہے گا

2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بنٹی اور ببلی‘ میں شاد علی کی ہدایت کاری میں فلمائے گئے اس گانے میں امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریہ رائے ایک ساتھ رقص کرتے نظر آئے

گلزار نے 2006ع میں اس گانے کے بول کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ’ہندوستان ٹائمز‘ کو بتایا کہ ’موقع کی مناسبت سے اس گانے میں سنجیدہ شاعری نہ جچتی، یہ گانا بنیادی طور پر ان لائنوں سے متاثر ہے جو شمالی بھارت میں تیز رفتاری سے چلنے والے ٹرکوں پر لکھی ہوئی نظر آتی ہیں‘

انہوں نے کہا ’اس چیز کو مدنظر رکھیں کہ اس فلم میں گانے کی مرکزی کردار کا تعلق پنجابی خاندان سے ہوتا ہے، وہ انگلش میں باتیں کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس کی خواہش مقابلہ حسن میں حصہ لینے کی ہے، ہیرو (ابھیشیک بچن) بھی ایک چھوٹے سے شہر کا لڑکا ہے جسے زندگی میں آگے بڑھنے کی جلدی ہے‘

خیال رہے کہ بنٹی اور ببلی فلم کا ساؤنڈ ٹریک ’شنکر احسان لوئے‘ نے ترتیب دیا تھا، اس کے بول گلزار اور تامل پلے بیک سنگر بلیز نے ایک ساتھ لکھے تھے اور اسے وائے آر ایف میوزک کے بینر تلے ریلیز کیا گیا تھا

بنٹی اور ببلی کو فلمی ناقدین اور فلم بینوں کی جانب سے یکساں طور پر پسند کیا گیا تھا، جنہوں نے اس کی موسیقی، اسکرین پلے، مزاح، پرفارمنس اور ڈائریکشن کی تعریف کی

فلم نے باکس آفس پر بھی بھرپور کامیابی حاصل کی اور سال کی دوسری سب سے زیادہ کمانے والی بھارتی فلم بنی

’کجرا رے‘ گانے پر گلزار کو ’بہترین بول‘ اور علیشا چنائے کو ’بہترین خاتون پلے بیک‘ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا

سال 2021ع میں بنٹی اور ببلی کا ایک ریمیک بھی بنایا گیا تھا، جس میں سیف علی خان اور رانی مکھرجی بنٹی اور ببلی کا کردار نبھاتے نظر آئے، تاہم یہ کامیڈی فلم ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی

اپنی محسور کن شاعری سے موسیقی کے شائقین کو پیار کے اظہار اور کھل کے جینے کا ایک نیا ڈھنگ دینے والے گلزار کا اصل نام سمپھورن سنگھ کالرا ہے اور وہ 18 اگست 1934 کو پاکستان کے شہر دینہ میں پیدا ہوئے، تقسیم کے بعد ان کا خاندان ممبئی شفٹ ہو گیا

انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1963 میں بندینی فلم کے لیے ’میرا گورا رنگ‘ لکھ کر کیا، سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کئی اعزازات حاصل کیے، جن میں اکیڈمی ایوارڈ، ایک گریمی، اور تقریباً پسنچٹ نیشنل فلم ایوارڈز بھی شامل ہیں

فلم انڈسٹری میں ان کی قابل قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بھارتی حکومت نے انہیں 2013ع میں پدم بھوشن سے بھی نوازا

گلزار نے کئی مشہور فلموں کے گانوں کے بول لکھے ہیں، جن میں ہو تو تو، اشوکا، فضا، اکس، لیلا، فی الحال، ساتھیا، مقبول، پنجر، رین کوٹ، پہیلی، گرو، اومکارہ، یوراج، فراق، کمینے، عشقیہ، ویر، حیدر، دریشیم اور کِل دل شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close