خیبر پختونخوا: طالب علم کا کچرے سے ’خوراک‘ بنانے کا ’کامیاب‘ تجربہ

ویب ڈیسک

خیبر پختونخوا میں ایک طالب علم گلی، کوچوں اور بازاروں میں پڑے کچرے سے مچھلیوں، لائیوسٹاک اور پولٹری کے لیے پروٹین بھری خوراک تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں

اس پروجیکٹ سے جڑے طلبہ کے خیال میں اس سے ماحول کو صاف کرنے میں اور بیماریوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی

یہ تجربہ عبدالولی خان یونیورسٹی کے زولوجی ڈپارٹمنٹ میں پی ایچ ڈی کے طالب علم یاسین نسیم نے کیا ہے

یاسین نسیم بتاتے ہیں ”میں نے پی ایچ ڈی ریسرچ میں اس آئیڈیا پر کام کیا کہ کس طرح کچرے کو کارآمد بنایا جا سکتا ہے۔ اس آئیڈیا پر ریسرچ کے بعد میں نے کام شروع کیا اور ایک کیڑے کا انتخاب کیا، جس کی افزائش نسل کے ذریعے کچرے کو کارآمد بنایا گیا“

یاسین نسیم کہتے ہیں ”بازاروں اور گلیوں سے روزانہ ہماری گاڑی کچرا اکٹھا کرکے لاتی ہے اور اس کچرے کو ایک مخصوص عمل کے ذریعے کمپوسٹ کر کے اس میں کیڑے کے ہیچینگ کی جاتی ہے۔ اس کمپوسٹ کچرے کو لاروا کے ذریعے کارآمد بنایا جاتا ہے اور پروٹین سے بھرے کیڑے تیار ہوتے ہیں، جس کو خشک کر کے فیڈ تیار کی جاتی ہے جبکہ دیگر کچرا آرگینک کھاد میں تبدیل ہو جاتا ہے“

یاسین نے بتایا ”چھ ماہ پہلے اس ریسرچ میں ایک کلو کچرے پر کام شروع کیا اور ابھی روزانہ ساڑھے چار سو کلو کچرا کارآمد بنایا جاتا ہے، جس سے مچھلی، لائیوسٹاک اور پولٹری کے لیے پروٹین سے بھری خوراک تیار کی جاتی ہے جبکہ زراعت میں استعمال ہونے والی آرگینک کھاد بھی تیار کی جاتی ہے“

پی ایچ ڈی کے طالب علم یاسین نسیم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں پہلی بار اس طرح سے پروٹین سے بھری خوراک تیار کی جا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے فشریز فارمنگ، پولٹری اور لائیوسٹاک کے لیے سمندر سے مچھلیوں کو پکڑ کر انہیں خشک کر کے پروٹین کے لیے خوراک میں شامل کرتے تھے، جس سے قدرتی طور پر پلنے والی مچھلیوں کی افزائش کی کمی پڑ سکتی تھی

یاسین کے مطابق ’اس منصوبے سے ماحول بھی صاف ہوگا، بیماریاں بھی کم ہوں گی اور ماحول سے معدوم ہونے والی سپیشیز کی افزائش کا تحفظ بھی کیا جائے گا۔‘

پی ایچ ڈی طالب علم نے کہا ”اس پروجیکٹ سے یونیورسٹی کے دیگر طالب علموں کو بھی اپنی ریسرچ میں فائدہ ملے گا جبکہ یونیورسٹی کے پروفیسروں نے بھی مجھ سے رابطے کیے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ اس پروجیکٹ کو ایکڈیمیا کے ساتھ لنک کروں“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close