وینزویلا میں کتوں اور ڈرونز کی کئی دنوں کی تلاش کے بعد ‘کلٹ آف ایکسٹراٹرسٹریل’ ملا
وینزویلا کے حکام نے بالآخر 22 اگست کو وینزویلا کے اینڈیز پہاڑوں میں لاپتہ ہونے والے 16 افراد کو ڈھونڈ نکالا۔ یہ گروپ، جسے مقامی میڈیا نے "مذہبی جنونی” اور "غیر ملکیوں کا فرقہ” قرار دیا تھا، اپنے تئیں ایک روحانی سفر پر روانہ ہو گیا تھا
جمعرات کے دن مغربی وینزویلا میں کولمبیا کے ساتھ سرحدی ریاست تاچیرا کے گورنر فریڈی برنال نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ تقریباً دس دن تک پہاڑی علاقے کی تلاش کے بعد انہیں سولہ افراد پر مشتمل یہ گروہ صحت مند حالت میں ملا، ان افراد نے بتایا کہ وہ ’روحانی سفر‘ پر گئے تھے
ان لاپتہ افراد سے 22 اگست کے بعد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ یہ گروہ تاچیرا کے لاگریٹا شہر سے انڈیز کے پہاڑی علاقے کی جانب نکلا تھا اور تب سے لاپتا تھا
سولہ افراد کے گروہ کے رشتہ داروں کو جمعرات تک ان کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا تھا
اس گروپ کی قیادت ایک خود ساختہ روحانی پیشوا کر رہی تھیں، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پر کنواری مریم کی طرف سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ دنیا ختم ہو جائے گی۔ ستاون سالہ خاتون پیشوا نے لوگوں کو خدا اور کنواری مریم سے ملانے کا کہہ کر ایڈیز پہاڑوں کے سفر پر اپنے ساتھ شامل ہونے پر آمادہ کیا۔ اس گروپ میں پانچ بچے اور ایک ماہ سے کم عمر کا بچہ شامل تھا
نوے ہزار آبادی پر مشتمل لا گریٹا کے پہاڑی قصبے میں ایک سرکاری ملازم ماریا ولیمزار حیران رہ گئیں، انہیں اس وقت سب سے زیادہ خوف لاحق ہوا جب اسے معلوم ہوا کہ وینزویلا کے پہاڑی شہر لا گریٹا میں سولہ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں، جو کولمبیا کی سرحد کے قریب کیتھولک زائرین کے لیے ایک مشہور مقام ہے
ماریا نے کہا ”یہ چونکا دینے والا تھا کیونکہ ہم نے یہاں کبھی ایسا کچھ نہیں سنا تھا“
پولیس نے 160 سے زائد افسران کو تعینات کیا، جن میں کتوں اور ڈرونز کی مدد سے اس گروہ کو تلاش کیا گیا جس نے اپنے موبائل فون پیچھے چھوڑے تھے۔ کئی دنوں کی تلاش کے بعد، آخر کار انہوں نے گروپ کو ایل روڈیو نامی فارم پر محفوظ اور صحت مند حالت میں پایا
ایک مقامی پولیس افسر یسنارڈو کینال نے کہا کہ انہوں نے گروپ کی وڈیوز مقامی لوگوں کے اپنے فون پر دکھائیں اور ان کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا
ان کا کہنا تھا کہ بچوں نے معصومیت سے کہا کہ وہ مشہور ہو گئے ہیں، لیکن بڑے شرمندہ ہیں اور بہت سے لوگوں نے معافی مانگی
کینال نے مزید کہا کہ گروپ کے ممبران حیران تھے کیونکہ انہوں نے اس کے بارے میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس کے نتیجے میں ایک ہنگامہ برپا ہو جائے گا
تلاش کرنے والی ٹیم نے جمعے کے اوائل میں گروپ کو واپس لا گریٹا منتقل کیا، جہاں ان کا طبی اور نفسیاتی معائنہ کیا گیا
کچھ والدین نے اپنے بچوں کو اس سفر پر لے جانے پر بھی غصے کا اظہار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ گروپ میں شامل چھ نابالغوں کے والدین نے مدد کے لیے ان سے رابطہ کیا، جب وہ ان تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ ایک اور شخص نے انکشاف کیا کہ ان کا تیرہ سالہ بچہ ان کی اجازت کے بغیر اس سفر پر چلا گیا تھا
ایک مقامی چرچ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گروپ مل گیا ہے۔ چرچ کے ڈیکن ڈیوس مارکیز نے بتایا کہ یہ بے چینی اور "انتہائی پاگل پن پر مبنی نظریات” تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ لا گریٹا اور اس کے آس پاس رہنے والے گمشدہ لوگ سامنے آئے۔ لاپتہ گروپ ٹاک آف دی ٹاؤن بن گیا تھا
لا گریٹا کو وینزویلا میں ایک اہم زرعی مرکز سمجھا جاتا ہے اور کیتھولک پیرشینوں کے لیے اس کا ایک صوفیانہ تصور ہے۔ 6 اگست کو، ہر سال، یہ قصبہ سیکڑوں زائرین کو جگہ دیتا ہے جو لا گریٹا کے مسیح کو "اس کے احسانات” کے لیے شکریہ ادا کرنے آتے ہیں۔لا گریٹا کا یہ علاقہ تقریبا 4725 فٹ بلندی پر واقع ہے جس کے قرب و جوار میں پہاڑیاں ہیں جن کی بلندی نو ہزار فٹ تک ہے
سائنٹیفک، پینل اینڈ کریمنل انویسٹیگیشن کور (سی آئی سی پی سی) کے ڈائریکٹر ڈگلس ریکو نے سوشل نیٹ ورکس پر اس گروہ کی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جن کی گود میں ایک بچہ بھی ہوا ہے
یاد رہے کہ گروہ کے لاپتہ ہونے کے بعد گمشدہ افراد کے پڑوسیوں نے مقامی اخبار ’لا نیشیون‘ کو بتایا تھا کہ یہ سب مقامی لوگ تھے، جو کھانا اور کیمپنگ کا سامان لے کر پہاڑوں کی جانب یہ کہہ کر روانہ ہوئے تھے کہ وہ چار دن کے لیے ایک ’روحانی سفر‘ پر جا رہے ہیں
منگل کو مقامی انتظامیہ نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ٹیموں کو اس مقام پر روانہ کیا تھا، جہاں مقامی لوگوں کے مطابق ان کو آخری بار دیکھا گیا تھا لیکن ان کو کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا
لا گریٹا کے ایک پادری کے مطابق اس گروہ میں شامل تمام افراد ایک خاتون کے مرید تھے، جس کا دعویٰ تھا کہ اس پر الہام ہوتا ہے
’لا نیشیون‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ ستاون سالہ مذہبی خاتون ہی اپنے مریدوں کو اپنے ساتھ پہاڑوں پر لے کر گئیں تھیں اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس روحانی سفر میں ان کی ’خدا سے ملاقات‘ ہوگی
اخبار کے مطابق اس خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ملاقات ایک پہاڑی پر ہوگی، جو جوان پیبلو پینالوزا نیشنل پارک کے قریب اور ٹچیرا اور میریڈا ریاست کے درمیان پہاڑیوں میں ہے
ایک اور مقامی اخبار نے گمشدہ افراد کے رشتہ داروں سے بات چیت کی اور لکھا تھا کہ ان افراد کے مطابق یہ خاتون کوئی عام شخصیت نہیں
لانیشیون نے بھی ایک شخص سے ان دعووں پر انٹرویو کیا تو اس نے بتایا تھا کہ ’اس خاتون نے کئی لوگوں کو چرچ بھجوایا۔ وہ کہتی تھیں کہ مسیح ہمارے اعمال کی وجہ سے خون کے آنسو روتے ہیں اور یہ کہ دنیا ختم ہونے والی ہے۔‘
مقامی چرچ کے پادری نے گزشتہ اتوار کو اپنے وعظ میں لوگوں کو تنبیہ کی تھی کہ وہ ایسے جنونی لوگوں کی باتوں میں مت آئیں جو دنیا کے ختم ہونے جیسے دعوے کرتے ہیں۔