گرج دار آواز سے بہتی ایک بڑی نہر کے بندوں پر کچھ لوگ پلاسٹک کی بوریوں میں ریت بھر کر پشتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ دو ٹریکٹر دور سے خشک مٹی لاکر ایک جگہ پر جمع کر رہے تھے
نہر کے دوسرے کنارے پر ایک پرجوش مجمع کھڑا تھا، جس میں کچھ نوجوان ’سندھی قومی گیت‘ گا رہے تھے اور نعرے لگا رہے تھے کہ کسی بھی صورت نہر میں شگاف ڈالنے نہیں دیا جائے گا
یہ مناظر ’پاکستان کے سب سے بڑے نکاسی آب کے منصوبے‘ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین یا ایل بی او ڈی پر ضلع بدین میں واقع زیرو پوائنٹ کے ہیں، جس کا دورہ اس نمائندے نے اگست کے اختتام پر کیا اور جہاں شگاف ڈالنے پر ہمسایہ اضلاع کے رہائشیوں میں اتقاق نہیں ہو پا رہا
مجمعے میں شامل فدا حسین نوہڑیو کا کہنا تھا کہ ضلع بدین کے بالائی اضلاع، خاص طور پر میرپورخاص، میں لوگ چاہتے ہیں کہ ایل بی او ڈی پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر شگاف یا کٹ لگایا جائے تاکہ وہاں جمع سیلاب کا پانی تیزی سے نکل کر سمندر میں چلا جائے
جماعت اسلامی کے مقامی رہنما سلیم جونیجو نے بھی بتایا کہ میرپور خاص میں عوامی نمائندے ایل بی ڈی او میں شگاف کے خواہاں ہیں۔ تاہم سلیم کے مطابق ایسا کرنے سے بدین کو بہت نقصان پہنچے گا
انہوں نے بتایا ’اگر اس جگہ پر کٹ لگا تو پانی تیزی سے سمندر میں جانے کے بجائے ضلع بدین اور تھرپارکر کی یونین کونسل کلوئی کو ڈبو دے گا۔ اس پانی سے لاکھوں انسان، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں، اور آٹھ سے دس لاکھ مویشی شدید متاثر ہوں گے‘
ایل بی او ڈی ہے کیا؟
سندھ حکومت کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق ایل بی او ڈی کا منصوبہ 1986ع میں شروع کیا گیا تھا، جس کی لاگت اس وقت اکتیس ارب پاکستانی روپے رکھی گئی تھی
تقریباً چار سو کلومیٹر لمبی نہر نما یہ ڈرین گھوٹکی سے شروع ہو کر بدین میں جا کر سمندر میں گرتی ہے
اس منصوبے کے لیے مالی معاونت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے فراہم کی، جبکہ واٹر اینڈ پاور اتھارٹی یعنی واپڈا نے اس منصوبے کو مکمل کیا
ایل بی او ڈی منصوبہ نواب شاہ، سانگھڑ اور میرپور خاص میں پیدا ہونے والی سیم و تھور کو ختم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا تاکہ وہاں سے ٹیوب ویل کی مدد سے سیم کے پانی کو نکال کر اس نہر نما منصوبے میں ڈالا جائے، جو اس کے پانی کو سمندر تک لے جائے
تاہم 1980ع کی دہائی کے آخر اور 1990ع کی دہائی کے آغاز میں ضلع بدین میں ایل بی او ڈی منصوبے کے خلاف ایک تحریک شروع ہوئی، جس میں شامل افراد کا موقف تھا کہ یہ نہر بدین کو مکمل طور پر تباہ کر دے گی
ایک بی او ڈی مخالف تحریک میں شامل رہنے والے سماجی رہنما مصطفیٰ تالپور کہتے ہیں ”یہ منصوبہ صرف زرعی فضلہ لے جانے کے لیے بنایا گیا تھا اور اس کی گنجائش چار ہزار کیوسک رکھی گئی تھی۔ یہ بارش یا سیلاب کا پانی لے جانے کے لیے نہیں بنا تھا“
مصطفیٰ تالپور نے بتایا کہ ایل بی او ڈی منصوبے کے تحت بالائی اضلاع کی زرعی زمینوں سے چھوٹی چھوٹی نہریں نکال کر مرکزی نہر یا سپائینل ڈرین میں شامل کی گئیں اور سپائینل ڈرین زیرو پوائنٹ تک لاکر اس کو شاہ سمندھو کریک میں بنائے گئے بیالیس کلومیٹر طویل ٹائیڈل لنک کے ساتھ جوڑا گیا، جو بحیرہ عرب میں گرتا ہے
مصطفیٰ تالپور کا کہنا تھا کہ بارشوں میں اضافہ ہوا تو بالائی اضلاع میں لوگوں نے ڈوبنے سے بچنے کے لیے سیلاب کا پانی بھی اس منصوبے میں بہانا شروع کر دیا، اور یہ ڈرین اپنے مقررہ چار ہزار کیوسک کی بجائے مون سون میں بارہ سو کیوسک تک پانی سمندر لے جانے لگی
انہوں نے کہا ’اس لیے پانی مکمل طور پر سمندر میں دیر سے جاتا ہے اور اس لیے بالائی اضلاع میں سیلاب والی صورتحال بن جاتی ہے‘
متبادل حل پیش کرتے ہوئے مصطفیٰ تالپور کا کہنا تھا ”اگر ٹائیڈل لنک کو ڈی لنک کرکے پرانے زیرو پوائنٹ پر پانی کو چھوڑ دیا جائے تو پانی رن آف کچھ کی طرف چلا جائے گا، جہاں سے پانی کا قدرتی بہاؤ ہے اور انسانی آبادی بھی نہیں تو نقصان نہیں ہوگا“
سیلابی صورتحال
برطانوی نشریاتی ادارے انڈپینڈنٹ میں شائع نامہ نگار امر گرڑو کی ایک رپورٹ کے مطابق بدین کے بالائی ضلع میرپور خاص کی تحصیل جھڈو میں دو فٹ تک سیلابی پانی جمع تھا۔ دورے کے دوران مشتعل افراد ٹنڈو جان محمد کے باہر مرکزی شاہراہ کو بلاک کرکے پانی کی نکاسی کا مطالبہ کر رہے تھے
ضلع میرپور خاص کی تحصیل ڈگری سے کچھ فاصلے پر واقع بدین کی تحصیل ٹنڈو باگو کا حیات خاصخیلی شہر مکمل طور پر ڈوبا ہوا نظر آیا۔ ڈرون کیمرا سے دیکھنے پر ایسا لگا جیسے ایک بڑی جھیل کے اندر کچھ مکانات اور گھر بنے ہوئے ہیں۔ ڈوبے ہوئے شہر سے کچھ افراد بچا ہوا سامان نکالتے بھی نظر آئے
یہاں مقیم محمد رمضان نے بتایا کہ پُران ڈھورو نامی نہر پانی کے بہاؤ کا قدرتی راستہ تھا مگر اس میں سیمنٹ کی دیوار بنا کر پانی کو روک دیا گیا ہے، اور ایل بی او ڈی سے پانی بہت آہستہ سمندر کی جانب جا رہا ہے، تو اس لیے یہ بالائی شہر ڈوبے ہوئے ہیں
دوسری جانب میرپور خاص سے منتخب پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے چند روز قبل مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیرو پوائنٹ پر ایل بی او ڈی کو کٹ لگا کر میرپور خاص، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت چار اضلاع کے لاکھوں لوگوں کو ڈوبنے سے بچایا جا سکتا ہے
انہوں نے مزید کہا: ’زیرو پوائنٹ پر کٹ نہ لگانے سے صرف میرپور خاص کے بیس لاکھ سے زائد لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زیرو پوائنٹ پر چند ہزار والی انسانی آبادی کو بچانے کے لیے لاکھوں لوگوں کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔‘
آن کیمرا بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ رکن سندھ ارباب لطف اللہ اپنے چند قریبی زمینداروں کی زمین کو بچانے کے لیے زیرو پوائنٹ پر کٹ لگانے کی مخالفت کر رہے ہیں
میر منور نے دعویٰ کیا کہ بدین سے بالائی ان اضلاع کے سیلاب کا پانی کی نکاسی والی جگہ زیرو پوائنٹ پر موجود سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں اور اس لیے پانی کے قدرتی بہاؤ پر موجود زمینوں سے قبضے چڑھا کر پانی کے بہاؤ کو بحال کیا جائے
جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تھرپارکر ضلع سے منتخب رکن سندھ اسمبلی ارباب لطف اللہ ان الزامات کو رد کرتے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ”زیرو پوائنٹ پر کٹ لگانے سے ڈیڑھ لاکھ انسانی آبادی متاثر ہوگی۔ اوپر کے اضلاع کے لوگ چاہتے ہیں کے ان کے علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی ہو جائے۔ سیلاب کا پانی سمندر جانے کے لیے یہ واحد راستہ ہے۔ لوگوں کو ڈبونے کے بجائے اگر کچھ دن صبر کر لیا جائے تو پانی آرام سے سمندر میں چلا جائے گا“