پاکستان میں جلد کم لاگت والی ایئر لائن ’فلائی جناح‘ کا آغاز ہوگا

نیوز ڈیسک

کراچی :  عرب نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے بجٹ کیریئر ’ایئر عربیہ‘ نے اپنے مقامی پارٹنر ’لیکسن گروپ‘ کے ساتھ مل کر سستی ایئر لائن ’فلائی جناح‘ قائم  کرنے کا اعلان کیا ہے جو ڈومیسٹک اور بین الاقوامی روٹس پر پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے

جبکہ پاکستان کے معروف کاروباری گروپ ’لیکسن‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایئر عریبیہ گروپ کے ساتھ مل کر پاکستان میں ایک نئی اور کم لاگت والی ایئر لائن ’فلائی جناح‘ کو لانچ کرنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے پر کام کرے گا

اس طرح ‘فلائی جناح’ ، سیرین ایئر اور ایئر سیال کے بعد ، ملک کی بڑھتی ہوئی ایوی ایشن مارکیٹ میں داخل ہونے والی نئی ایئر لائن بن جائے گی ، جو کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرے گی

اس بارے میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرزا نے کہا ہے کہ فلائی جناح کو تقریباََ دو ماہ قبل آر پی ٹی لائسنس دیا گیا تھا اور دو سال کے اندر انہیں اس مقصد کے لیے ہوائی جہاز وں کی فراہمی سمیت ایئرلائن چلانے کے تمام انتظامات کرنے ہیں

اس حوالے سے ایئر عریبیہ گروپ کے چیئرمین شیخ عبداللّہ بن محمدالتہانی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی ایئر لائن پاکستان میں سفر و سیاحت کے شعبے کی ترقی کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کر کے مقامی معیشت میں براہ راست اپنا حصّہ ڈال کر ملک کے ایوی ایشن سیکٹر کی قدر میں اضافہ کرے گی

جبکہ پاکستان کے لیکسن گروپ کے چیئرمین اقبال علی لاکھانی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فلائی جناح پاکستان کے سفر و سیاحت کے شعبے کی خدمت کرکے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی

دریں اثنا ایئر عریبیہ گروپ کے چیئرمین شیخ عبداللّہ بن محمدالتہانی اپنے دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان سے ملاقات بھی کی تھی

اس ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر پاکستان میں ہونے والی اس نئی سرمایہ کاری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں ایئر عریبیہ گروپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی شراکت داری سےنئی پاکستانی ائیرلائن ، فلائی جناح کے قیام پر اس کی کامیابی کے لیے دعا کرتا ہوں‘

ایئر عربیہ کے چیئرمین کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات کے دوران پاکستان کے ایوی ایشن اور انفارمیشن وزرا بھی موجود تھے

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایئر عربیہ متحدہ عرب امارات کے شارجہ اور راس الخیمہ سے آپریٹ کرتی ہے اور اس کے ابوظہبی، مصر، مراکش اور آرمینیا میں اسی طرح کے مشترکہ منصوبے ہیں

اس کے حصص دبئی فنانشل مارکیٹ میں لسٹڈ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایئر لائن پچھلے سال کرونا وبا کے تناظر میں توسیع کی خواہش مند ہے کیونکہ وبا کے بعد سستے کیریئرز کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے

واضح رہے کہ پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت کو حالیہ مہینوں میں کراچی میں ایک طیارہ حادثے کے بعد نمایاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے

اس سانحے کے بعد پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ملک میں اکثر پائلٹوں کے پاس جعلی لائسنس ہیں یا انہوں نے ضروری قابلیت کا امتحان پاس نہیں کیا

ان دونوں واقعات نے ملک کی قومی فضائی کیریئر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے لیے مسائل پیدا کیے جسے بین الاقوامی سطح پر کئی منافع بخش روٹس پر پرواز سے روک دیا گیا تھا.

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close