گھر واپس جاتے سیلاب متاثرین کی کوچ کو حادثہ، 17 افراد جان سے گئے

ویب ڈیسک

کراچی سے ضلع دادو جانے والی مسافر کوچ کے حادثے میں گھروں کو واپس جانے والے 17 سیلاب متاثرین چل بسے

یہ مسافر بس کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جا رہی تھی، جس میں ایم 9 سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد جھلس کر ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک درجن کے قریب بچے اور تین خواتین شامل ہیں

حادثے کے وقت اس بس پر 50 کے قریب مسافر سوار تھے جو سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث عارضی طور پر کراچی نقل مکانی کر گئے تھے اور ایک کیمپ میں مقیم تھے

خیرپور ناتھن شاہ کا یہ علاقہ ابھی تک زیرِ آب ہے اور اس کے رہائشی گذشتہ روز کراچی سے واپس اپنے آبائی علاقے واپس جا رہے تھے کہ ان کی بس کے ساتھ یہ المناک حادثہ پیش آیا

نوری آباد تھانے کے ایس ایچ او ہاشم بروہی کے مطابق ’کوچ میں آگ لگ جانے کے بعد مسافروں کو کوچ کے دروازے سے چھلانگیں لگاتے دیکھا گیا‘

ڈی ایس پی نوری آباد واجد علی تھہیم نے بتایا ’مسافر کوچ کے ایئرکنڈیشننگ سسٹم میں تیکنیکی خرابی کے باعث کوچ کو آگ لگی اور آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کوچ کو لپیٹ میں لے لیا۔‘

ان کے مطابق ’مسافر کوچ کا ایمرجنسی ایگزٹ درست کام کر رہا تھا اور آگ لگنے کے بعد کسی مسافر نے ایگزٹ والا شیشہ توڑ دیا تھا، جس سے بہت سے مسافر باہر آئے۔ اگر یہ سسٹم کام نہ کر رہا ہوتا تو زیادہ لوگ جل جاتے۔‘

سندھ کے پارلیمانی سیکریٹری محکمہ صحت قاسم سومرو کے مطابق ’کوچ میں سوار تمام مسافر سیلاب متاثرین تھے اور ایک ہی برادری مغیری سے تعلق رکھتے تھے. ان میں جان سے جانے والے 12 بچوں کی عمر 15 سال سے کم تھی۔‘

جامشورو کے ضلعی کمشنر آصف جمیل کے مطابق سیلاب متاثرین صوبائی دارلحکومت کراچی سے واپس اپنے علاقوں تک پہنچنے کے لیے پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کا استعمال کر رہے ہیں اور یہ مسافر بس بھی انہی میں سے ایک تھی جس میں آگ بھڑک اٹھی

بس میں آگ لگنے کی وجہ حتمی طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر آگ ائیر کنڈیشن یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ بس کے پچھلے حصے سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کئی مسافروں نے بس سے کود کر اپنی جان بچائی۔ اس حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں

ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close