کھانسی سے نجات دلانے میں مددگار ٹوٹکے

ویب ڈیسک

ہم میں سے اکثر لوگ کھانسی کی تکلیف کا سامنا کرتے رہتے ہیں اور اکثر یہ مختلف مشکلات کو بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔ بدلتے موسم کے ساتھ تو جیسے اس کے پرانے مراسم ہوں

اگر آپ بھی کھانسی کے شکار ہیں تو کسی مہنگی دوا یا ڈاکٹر سے رجوع کرنے سے قبل ان قدرتی نسخوں کو استعمال کر کے دیکھیں جو آپ کو گھر بیٹھے آرام دلا سکتے ہیں

درحقیقت کچن میں موجود چند عام چیزوں سے آپ اس بیماری سے نجات پاسکتے ہیں

السی اور شہد

السی کے بیجوں کو پانی میں ابالنے سے ایک گاڑھا جیل بن جاتا ہے، جس میں شہد اور لیموں کا اضافہ کھانسی میں کمی لاتا ہے۔ یہ سیرپ یا شربت کھانسی کے لیے زبردست ثابت ہوتا ہے

اس کے لیے آپ دو سے تین چائے کے چمچ السی کے بیجوں کو ایک کپ پانی میں اس وقت تک ابالیں، جب تک پانی گاڑھا نہ ہو جائے۔ پھر اس میں تین تین، چائے کے چمچ شہد اور لیموں کے عرق کو ملائیں۔ اس کے بعد ضرورت پڑنے پر چائے کے ایک چمچ کے ذریعے اسے استعمال کریں

گیلی یا بلغمی کھانسی کے لیے کالی مرچ کی چائے

کالی مرچ بلغم کو حرکت میں لاکر اس میں کمی لاتی ہے۔ اس چائے کو بنانے کے لیے ایک چائے کا چمچ کالی مرچ اور دو چائے کے چمچ شہد کو ایک کپ میں ڈال کر اسے ابلتے ہوئے پانی سے بھر دیں اور پھر اسے پندرہ منٹ تک ڈھانپ کر رکھیں۔ پھر اسے پی لیں

خیال رہے کہ یہ نسخہ اس کھانسی کے لیے بہترین ہے، جس میں بلغم بن رہا ہو جبکہ خشک کھانسی کے لیے موزوں نہیں

نمک ملا پانی

نمک جراثیم کش ہونے کی وجہ سے کھانسی کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، جو کہ گلے کا ورم کم کرتا ہے۔ آدھا چائے کا چمچ نمک گرم پانی میں ملائیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ اس مکسچر سے تیس سیکنڈ تک غرارے کریں۔ اسے پینے سے گریز کریں کیونکہ یہ مکسچر جسم میں پانی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر دن میں کئی بار اس مکسچر کے غرارے کیے جا سکتے ہیں

لہسن کی چائے

لہسن بھی جراثیم کش ہوتا ہے، جو کہ کھانسی میں آرام اور فائدہ دے سکتا ہے۔ لہسن کی تین پوتھیاں پانی میں ڈالیں اور پھر اسے ابالیں، جب پانی خشک ہوجائے تو اس میں ایک چائے کا چمچ شہد ملائیں اور اس مکسچر کو پی لیں۔ اس کا ذائقہ اچھا تو نہیں لگے گا مگر یہ کھانسی سے نجات میں ضرور مدد دے گا

پودینے کی چائے

پودینے کی چائے میں ایک جز منتھول موجود ہوتا ہے، جو سانس کی نالی کھولتا ہے اور بلغم کو خارج کرتا ہے۔ پودینے کی چائے کے ٹی بیگ اب عام ملتے ہیں، جس میں شہد اور لیموں کے عرق کا اضافہ کھانسی سے نجات کے لیے زیادہ موثر ثابت ہوسکتا ہے

لیموں چوسنا کھانسی میں تیز ریلیف کا باعث

ممکن ہے یہ بات آپ کو عجیب لگے، مگر گھر میں عام پائے جانے والے لیموں کا ایک چوتھا حصہ لیں اس پر نمک اور کالی مرچ پاؤڈر چھڑکیں اور چوس لیں۔ اس سے کھانسی کو فوری ریلیف ملے گا

گرم دودھ بھی بہترین

کھانسی میں آرام کے لیے ایک اور مقبول گھریلو نسخہ ایک کپ گرم دودھ کا استعمال ہے، جس میں شہد کو ملایا گیا ہو

بادام

مانا جاتا ہے کہ بادام گلے کے مسائل بشمول کھانسی سے بچاﺅ کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس کے لیے چند چائے کے چمچ اچھے طرح کٹے ہوئے باداموں کو مالٹے کے جوس میں شامل کریں اور چسکیاں لے کر پی لیں یہ کھانسی میں کمی لانے کے لیے قدرتی نسخہ ثابت ہوگا

خیال رہے کہ یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ یوں تو یہ ٹوٹکے برسوں سے ہماری روایات کا حصہ رہے ہیں اور فائدہ مند ہیں، لیکن حفظِ ماتقدم کے طور پر ہم تجویز کریں گے کہ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close