نائیجیریا میں تیل کی انتہائی منافع بخش صنعت کا تاریک پہلو تب سامنے آیا جب ملک کے نائیجر ڈیلٹا کے علاقے میں تیل کی غیر قانونی پائپ لائنوں کے نیٹ ورک کی دریافت سے یہ بات معلوم ہوئی کہ ملک میں تیل کی چوری کس حد تک پھیلی ہوئی ہے
ملک کے جنوب میں واقع ریاست کے ڈیلٹا والے علاقے میں چوروں نے اپنی چار کلومیٹر لمبی پائپ لائن بچھائی ہے جو کہ بحر اوقیانوس تک جانے والی سخت حفاظتی دھاروں ساتھ گزرتی ہے
وہاں وہ کھلے سمندر میں کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دینے والے تقریباً سات میٹر کے پلیٹ فارم سے کشتیوں پر ڈھٹائی کے ساتھ چوری شدہ تیل بھرتے ہیں
سرکاری تیل کمپنی نائجیرین نیشنل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (NNPC) کے سربراہ، میلے کیاری کہتے ہیں ”یہ ایک پیشہ ورانہ کام ہے“ انہوں نے یہ بات ٹیلی ویژن پر پیش کیے جانے والے اپنے دورے کے دوران ایک دلدلے اور پھسلن والے راستے پر چلتے ہوئی کہی
واضح رہے کہ خام تیل نائجیریا کی سب سے بڑی برآمدات ہے، لیکن حکام کا کہنا ہے کہ چوری کی وجہ سے کئی سالوں سے پیداوار اور آمدنی میں کمی آ رہی ہے
ایک ضابطہ کار یا ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل کی پیداوار جو سنہ 2011ع میں 2.5 ملین بیرل یومیہ تھی، وہ اس سے کم ہو کر جولائی سنہ 2022ع میں صرف ایک ملین رہ گئی ہے
حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال سے اب تک خام تیل کی چوری سے 3.3 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دوسرے پروڈیوسر پیٹرو ڈالر کی بدولت اسراف کر رہے ہیں اور نائیجیریا اپنا پیداواری کوٹہ بھی پورا نہیں کر پا رہا ہے
اور ایسا بھی نہیں ہے کہ ملک بدمعاشوں کے ہاتھوں پیسے گنوانے کا متحمل ہو، کیونکہ وہاں وسیع پیمانے پر غربت ہے اور ملک بھاری قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے
بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پائپ لائنوں کی حالیہ دریافت اس شعبے میں بڑے پیمانے پر موجود بدعنوانی کو ظاہر کرتی ہے۔ اس شعبے میں بہت کم شفافیت بتائی جاتی ہے
نائیجیریا میں تیل کی صنعت میں بدعنوانی کی اپنی تاریخ ہے اور اس کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ جس میں ایک نہ ختم ہونے والی ایندھن کی سبسڈی اسکیم (جس کے بارے میں کوئی بھی نہیں جانتا کہ کتنا درآمد کیا جاتا ہے) سے لے کر تیل کی تلاش کے لیے علاقوں کا غیر واضح انداز میں مختص کیا جانا شامل ہے
اس ساری کہانی میں ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اس چوری کا پتا سرکاری حکام کے بجائے ایک پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی نے لگایا، جس کی وجہ سے عوام میں مزید غصہ اور شکوک و شبہات ہیں
لیکن گورنمنٹ ایکپیمیپولی، جسے ٹومپولو کے نام سے جانا جاتا ہے، کوئی معمولی پرائیوٹ سکیورٹی کنٹریکٹر نہیں ہے۔ تیل کی دولت سے مالا مال ڈیلٹا ریاست میں جبراماتو بادشاہت کے اکیاون سالہ سربراہ، جو کبھی ان پائپ لائنوں کو اڑانے میں ملوث تھے، اب وہی اس کی حفاظت پر مامور ہیں اور اس کی وجہ 48 بلین نائرا 110 ملین ڈالر) کا متنازع معاہدہ ہے، جسے حکومت نے اگست کے آخر میں کیا ہے
وہ مبینہ طور پر نائیجیریا کے سب سے امیر تیل کے لیے لڑنے والے سابق جنگجو ہیں، جو کبھی ملک کے سب سے زیادہ مطلوب آدمی تھے، جبکہ ایک موقعے پر انہوں نے ریاست کو جنگی جہازوں کا بیڑا بھی فروخت کیا تھا
وہ نائجر ڈیلٹا، تیل کے کنوؤں اور سرکاری پائپ لائنوں کے جغرافیہ سے بھی بخوبی واقف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ چوروں کی شناخت کے بارے میں ان کے بیانیہ پر یقین کرتے ہیں
ٹومپولو نے چینلز ٹی وی کو بتایا ”سکیورٹی کے بہت سارے لوگ اس میں ملوث ہیں، کیونکہ اس علاقے میں جہاز کو لوڈ کرنے کے لیے سکیورٹی والوں کو رشوت دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے“
انہوں نے اس بات کی نشاندھی بھی کی کہ زیادہ تر تیل ان علاقوں سے چوری کیا گیا، جہاں فوج اور بحریہ کی چوکیاں تھیں
فوج نے ان الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا ہے لیکن وہ ممکنہ طور پر کھلے عام اس شخص کی تردید بھی نہیں کر سکتے، جس کے ساتھ انہوں نے تیل کی چوری پر کریک ڈاؤن کرنے کے لیے ہاتھ ملایا ہے
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ نائیجیریا کی سکیورٹی ایجنسیوں، خاص طور پر فوج اور بحریہ کے اعلیٰ افسران پر تیل چوری کا الزام لگایا گیا ہے
جنوری میں پڑوسی ریورز ریاست کے گورنر نیسم وائیک نے کہا تھا کہ ایک پولیس سپرنٹنڈنٹ اس ریاست کے ایموہا علاقے میں تیل کی چوری میں ملوث تھا اور وہ اس کی برطرفی کے خواہاں تھے
سنہ 2019ع میں وائیک نے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر پر ریاست میں تیل کی بڑے پیمانے پر چوری میں ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا تھا، جس کی تردید کی گئی ہے
بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کلین فاؤنڈیشن کے صلاح الدین ہاشم کہتے ہیں ”براہ راست صدر محمدو بوہاری کے دور میں اس پیمانے پر بدعنوانی کا ہونا بدعنوانی کے خلاف جنگ کے بارے میں ان کے موقف پر سوالیہ نشان لگاتا ہے اور وہ بھی ایسی صورت میں کہ وہ نائیجیریا کے وزیر تیل بھی ہیں“
واضح رہے کہ بوہاری کو سنہ 2015ع میں بدعنوانی سے لڑنے کے وعدے پر منتخب کیا گیا تھا، لیکن بہت سے لوگ ان کی حکمرانی پر سوال کر رہے ہیں
ایک تجزیہ کار کے مطابق ”تیل کی جاری چوری کی حد اس وقت تک پوری طرح سے معلوم نہیں ہو سکتی جب تک یہ انتظامیہ مئی میں اپنے عہدے سے سبکدوش نہیں ہو جاتی“
سنہ 1960 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے نائیجیریا پر وقفے وقفے سے فوج کی حکومت رہی ہے، جس نے بغاوتوں کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا ہے اور نائیجر ڈیلٹا میں تیل اور گیس کی وسیع صنعت میں ان کے ذریعے مالی بدعنوانی کے سراغ ملتے ہیں
ہاشم نے کہا کہ تیل کی تنصیبات کی حفاظت کے لیے علاقے میں افسروں کی تعیناتی کو اعلیٰ سکیورٹی حکام اور مقامی سطح پر کام کرنے والے دونوں کے لیے منافع بخش سمجھا جاتا ہے، جو انہیں حاصل کرنے کے لیے لابنگ کرتے اور رشوت دیتے ہیں
انہوں نے مزید کہا”’ایک بار وہاں پہنچنے کے بعد غیر قانونی دولت جمع کرنے کی دوڑ لگ جاتی ہے“
ڈیلٹا ریاست میں ساڑھے چھ لاکھ لیٹر چوری شدہ خام تیل لے جانے کے الزام میں پکڑے گئے جہاز کو جلانے کے واقعے نے بھی اس جانب توجہ مبذول کرائی ہے
بہت سے لوگوں نے سوال کیا کہ سکیورٹی ایجنٹ نے شواہد کو تباہ کرنے میں اتنی جلدی کیوں دکھائی، جو کہ ٹومپولو کی حالیہ کامیابی کا ایک حصہ تھی۔ لیکن نائجیریا کے دفاعی سربراہ نے کہا کہ چونکہ پکڑا گیا جہاز چوری شدہ تیل کی اسمگلنگ کر رہا تھا، اس لیے تحقیقات کی ضرورت نہیں تھی
تیل کی چوری پر کریک ڈاؤن کرنے کے لیے ٹومپولو کی جانب سے ترغیب نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اسے اس کا معاوضہ ملتا ہے اور اس نے نائیجیریا اور نائیجر ڈیلٹا کے ماحول سے اپنی محبت کا پرجوش اظہار کیا ہے، لیکن یہ وہی ٹومپولو ہے، جس نے ماضی میں تیل کی پائپ لائنوں کو اڑا دیا تھا۔ ایک ماہر نے اس نکتے کی جانب اشارہ کیا ہے کہ ٹومپولو کی دریافت کردہ غیر قانونی پائپ لائنیں اسی ڈیلٹا ریاست میں ہیں، جہاں وہ بہت زیادہ طاقت رکھتا ہے
ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ کسی نے ان کے تسلط والی سرزمین پر ان کے علم کے بغیر پرامن طریقے سے اس طرح کی سہولیات کو اتنے برسوں تک چلایا ہو
ماضی میں سکیورٹی فورسز اور اس خطے میں سرگرم مسلح عسکریت پسندوں کے درمیان جان لیوا جھڑپیں ہوتی رہی ہیں، لیکن حالات برسوں سے نسبتاً پرسکون رہے ہیں۔ ایسے میں بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے ایک دوسرے کے ‘کاروبار’ میں مداخلت نہ کرنے کا بنیادی معاہدہ ہے
ان تمام پیشرفت کے درمیان ایسا لگتا ہے کہ نقصان اٹھانے والے صرف قانون کی پاسداری کرنے والے نائجیریا کے باشندے ہیں۔