بی جے پی پر ’جی20‘ کے لوگو میں پارٹی نشان اور ’ہندوتوا ایجنڈے‘ کی تشہیر کا الزام

ویب ڈیسک

بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے بدھ کے روز ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت کو اس بات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ اس نے جی-20 کی صدارت کے سرکاری لوگو میں بھی پارٹی کا انتخابی نشان کنول کے پھول کا استعمال کر لیا

واضح رہے کہ بھارت آئندہ برس انیس ممالک اور یورپی یونین پر مشتمل بین الحکومتی فورم ’جی-20‘ کی صدارت کرنے والا ہے اور اس کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ایک لوگو اور تھیم ویب سائٹ کی نقاب کشائی کی تھی

اس میں جی-20 کے ’صفر‘ کو ایک گلوب کی شکل میں ہندوؤں کے لیے مقدس پھول ’کنول‘ پر رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کنول کا پھول ہندو اور بُدھ مت میں بطورایک مذہبی علامت رائج ہے۔ ہندو عقیدے کے مطابق کنول دراصل بھگوان وشنو کی ناف ہے، جس سے دنیا کی ہر چیز وجود میں آئی۔ اسی عقیدے سے وابستہ تقدس کی بنا پر ہی، ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی نے کنول کو اپنا انتخابی نشان بھی منتخب کیا ہے

کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے اس پر اپنے رد عمل میں کہا ”بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے کانگریس پارٹی کے پرچم کو قومی پرچم بنانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا لیکن بی جے پی بڑی بے شرمی سے اپنے آپ کو فروغ دینے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کرنا چاہتی ہے‘‘

انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ’’تقریبا ستر برس قبل نہرو نے کانگریس کے پرچم کو بھارتی پرچم بنانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ لیکن اب بی جے پی نے جی-20 کی صدارت کے لیے جو لوگو جاری کیا ہے، اس میں اپنی پارٹی کے انتخابی نشان کو رکھا ہے۔ بڑی تعجب کی بات ہے کہ اب ہمیں یقین ہو چلا ہے کہ مسٹر مودی اور بی جے پی بے شرمی سے اپنے آپ کو فروغ دینے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں ہونے دیتے‘‘

جی-20 کے لیے اس لوگو کے اجرا کے ساتھ ہی حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کنول ملک کا قومی پھول ہے، جو چیلنجز کے دوران ترقی کا عکاس ہے۔ اس لوگو کے نیچے ہندی زبان میں لکھا ہے، ’’گلوب سیارے کے تئیں، لوگوں کی موافقت کے ساتھ اس بھارتی نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہے، جو فطرت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کا عکاس ہے۔‘‘

نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا ”لوگ کنول کو بھارت کے قدیم ورثے، یقین اور اس کی فکر کی علامت سمجھتے ہیں۔ بھارت جی 20 کی صدارت بحران اور افراتفری کے ایک ایسے دور میں کر رہا ہے، جب دنیا اس صدی میں ایک آنے والی تباہ کن عالمی وبا، تنازعات اور بہت سی معاشی بے یقینیوں کے اثرات سے نمٹ رہی ہے۔“

ان کا مزید کہنا تھا ’’بھارتی ثقافت میں، علم اور خوشحالی کی دونوں دیویاں کنول پر بیٹھی ہیں۔ آج دنیا کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ مشترکہ علم جو ہمارے حالات پر قابو پانے میں ہماری مدد کرتا ہے اور ایک مشترکہ خوشحالی جو آخری میل پر بیٹھے آخری شخص تک پہنچتی ہے۔ اسی لیے گلوب کو کنول پر رکھا گیا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا ”لوگو میں کنول کی سات پنکھڑیاں بھی نمایاں ہیں۔ یہ سات براعظموں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ موسیقی کی عالمی زبان میں دھنوں کی تعداد بھی سات ہے۔ موسیقی میں، جب سات نوٹ ایک ساتھ آتے ہیں، تب وہ کامل ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں۔‘‘

لیکن سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی اس وضاحت کے برعکس کانگریس پارٹی کے اس موقف کا ساتھ دیا کہ ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی نے جی 20 جیسے اہم سربراہی اجلاس کو بھی نہ صرف ہندوتوا کے رنگ میں رنگنے کی کوشش کی ہے، بلکہ اپنی جماعت کو فروغ دینی کی بھی کوشش کر رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close