گوانتاناموبے کے سب سے پرانے قیدی پاکستانی شہری کی رہائی کا امکان

ویب ڈیسک

سولہ سال کی قید کے بعد گوانتانامو بے پر واقع بدنام زمانہ امریکی جیل میں قید سب سے معمر قیدی اور پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کی رہائی کے امکانات اچانک سے بڑھ گئے ہیں

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پراچہ کو القائدہ کی معاونت کرنے کے الزام میں حراست میں رکھا گیا تھا تاہم ان پر کبھی باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد نہیں ہوا تھا

ان کی وکیل شیلبی سلی ون بینس کے مطابق پرزنر ریویو بورڈ نے حال ہی میں دو دیگر قیدیوں کے ہمراہ پراچہ کی رہائی کی منظوری دے دی تھی

روایتی طور پر ایسے موقعوں پر فیصلے کی کوئی تفصیل نہیں بتائی جاتی تاہم ان کی وکیل کے مطابق حکم میں کہا گیا تھا کہ پراچہ سے اب امریکہ کو ’آئندہ کوئی خطرہ نہیں۔‘

اگرچہ اس پیش رفت کا مطلب یہ نہیں کہ سیف اللہ پراچہ جلد رہا ہو جائیں گے تاہم ان کی وکیل کے مطابق انھی امید ہے کہ وہ اگلے کچھ ماہ کے اندر اپنے گھر واپس پہنچ جائیں گے

کراچی سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ بزنس مین سیف اللہ پراچہ کو سی آئی اے نے جولائی سنہ 2003ع میں بنکاک سے حراست میں لیا تھا

اس سے قبل ان کے بیٹے عزیر پراچہ کو ایف بی آئی گرفتار کر چکی تھی۔ عزیر پراچہ کو سنہ دو ہزار پانچ میں سزا سنائی گئی اور وہ امریکہ کی ایک وفاقی جیل میں تیس سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے تاہم مارچ 2020 میں انھیں رہا کر کے پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔

سیف اللہ پراچہ کو حراست میں لیے جانے کے بعد ستمبر سنہ 2004ع تک افغانستان میں بگرام کے فضائی اڈے پر واقع حراستی مرکز میں قید رکھا گیا اور پھر گوانتانامو بے منتقل کر دیا گیا

ان پر نہ تو کوئی فردِ جرم عائد کی گئی اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا گیا۔ پاکستانی وزارتِ خارجہ کے حکام نے گوانتانامو بے کے حراستی مرکز میں سیف اللہ سے ملاقات بھی کی تھی

سیف اللہ پراچہ نے 1970ع میں نیویارک انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے تعلیم حاصل کی اور پھر 13 برس تک نیویارک میں ٹریول ایجنٹ کا کام کرتے رہے تھے

چار بچوں کے والد سیف اللہ پراچہ کو دو مرتبہ دل کا دورہ پڑ چکا ہے۔ اکتوبر سنہ 2006ع میں امریکی فوج کے ڈاکٹروں نے تشخیص کیا تھا کہ سیف اللہ کو اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاہم اب تک ان کا علاج نہیں ہوا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close