گول پر میسی کے جشن کے منفرد انداز کا پسِ منظر کیا ہے؟

ویب ڈیسک

ارجنٹینا نے فٹبال ورلڈکپ کے ایک ڈرامائی کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز کو پینلٹیز پر شکست دے کر کپ جیتنے کا خواب زندہ رکھا تو دوسری جانب کروشیا نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم برازیل کو ایک دوسرے مقابلے میں حیران کن طور پر شکست دے کر باہر کر دیا

ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ کا ماحول کافی گرم رہا اور ارجنٹینا کا دوسرا گول کرنے کے بعد کپتان لیونل میسی نے ایک منفرد انداز میں اس کا جشن منایا

وہ اپنے دونوں ہاتھ کانوں کے پاس لے گئے اور اس دوران ان کا رُخ نیدرلینڈز کے بینچ کی طرف تھا۔۔ لیکن ایسا انہوں نے کیوں کیا؟

یاد رہے کہ ڈچبکوچ وان گال نے کوارٹر فائنل سے قبل ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ میسی ایک خطرناک کھلاڑی ہے جو سب سے زیادہ مواقع پیدا کرتا ہے ”مگر جب گیند حریف کے پاس ہو تو وہ زیادہ کچھ نہیں کر سکتے“

اس بات کو میسی نے اپنی بے عزتی سے تعبیر کیا۔ میسی نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا ”میچ سے قبل وان گال کے تبصرے سے مجھے لگا کہ میری تضحیک ہوئی ہے اور کچھ ڈچ کھلاڑی میچ کے دوران کچھ زیادہ بول رہے تھے۔۔۔ ہم جیت کے مستحق تھے اور یہی ہوا“

ارجنٹینا کے گول کیپر امیلیانو مارٹینز نے کہا کہ انہوں نے ڈچ کوچ کو یہ کہتے سنا تھا کہ اگر وہ پینلٹیوں تک پہنچ جاتے ہیں تو وہ جیت جائیں گے۔ ’انہیں اپنا منھ بند رکھنا چاہیے۔‘

دونوں ارجنٹینین کھلاڑیوں نے ریفری کے کردار پر بھی تنقید کی۔ میسی نے کہا کہ فیفا کو اس بارے میں سوچنا چاہیے

انہوں نے واضح طور پر کیا ”وہ ایسے ریفری کو نہیں رکھ سکتے جو اس کام کے لیے لائق نہیں“

ہسپانوی ریفری انٹونیو لاہذ نے میچ کے دوران ایک درجن سے زیادہ کارڈ دکھائے اور ان کا اضافی وقت کا فیصلہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا تھا

میسی کا جشن کا منفرد انداز، مگر اس کا مطلب کیا تھا؟

فٹبال کی دنیا میں ہم نے کئی مشہور سیلیبریشن اسٹائل دیکھے ہیں، جیسے شرٹ اتارنا وغیرہ۔۔ لیکن گذشتہ رات جب میسی نے اپنا اہم گول کیا تو ڈچ بینچوں کی طرف رُخ کر کے دونوں ہاتھ کانوں کی طرف کر لیے

سوشل میڈیا پر اب اس پر تبصرے ہو رہے ہیں۔ بعض لوگوں کے مطابق میسی نے ایسا رومان ریکلمی کے اعزاز میں کیا، جن کا وان گال کے ساتھ تنازع تھا، جب وہ بارسلونا کے لیے کھیلتے تھے۔ یہاں تک کہ وان گال نے انہیں ’سیاسی بھرتی‘ کہا تھا، جنہیں میدان میں کم ہی اتارا جاتا تھا

واضح رہے کہ رومان ریکلمی کو ارجنٹینی تاریخ کے بہترین مڈفیلڈرز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ ریکلمی بھی اسی طرح گول کا جشن منایا کرتے تھے اور میسی کے مطابق وان گال نے ارجنٹینی کھلاڑیوں کی تضحیک کی، جس پر وہ مایوس ہوئے تھے

کہا جاتا ہے کہ رومان ریکلمی کا یہ اسٹائل ایک افسانوی کارٹون کردار پر مبنی ہے، جس کے ذریعے وہ یہ عندیہ دیتے تھے کہ انہیں گول کرنے کے باوجود نظرانداز کیا جاتا ہے

ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کے مقابلے میں لیونیل میسی نے اہم کردار ادا کیا، جب انہوں نے بریک سے دس منٹ قبل ناہوئیل مولینا کے پہلے گول کا راستہ ہموار کیا۔ میسی نے دوسرا گول خود کیا، جب ان کو ایک پنلٹی کِک کا موقع ملا

تاہم دوسری جانب نیدرلینڈز نے بھی خوب مقابلہ کیا۔ ڈچ کوچ لوئی وان گال، جن کا بطور ڈچ کوچ یہ آخری مقابلہ ثابت ہوا، کے ابتدائی فیصلے درست ثابت ہوئے، جب واوٹ ویگھورسٹ نے دو گول سے بھرپور جواب دیا اور مقابلہ برابر کر دیا

یہ اہم مقابلہ اس حوالے سے بھی یادگار تھا کہ اس کے دوران کم از کم ایک درجن سے زیادہ کارڈز دکھائے گئے۔ میچ پینلٹیز کے مرحلے تک پہنچا، جس میں ارجنٹث کے گول کیپر آسٹن ولا کے ایمی مارٹینیز ہیرو بن کر ابھرے

تاہم ارجنٹینا کے لیے یہ اعصاب شکن مقابلہ ثابت ہوا اور جب اینزو فرنینڈیز نے اپنی پنلٹی ضائع کر دی تو جنوبی امریکی ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ تاہم لاٹارو مارٹینیز نے فیصلہ کن گول کیا، جس کے بعد ارجنٹینا کی سیمی فائنل تک رسائی یقینی ہو گئی

ارجنٹائن کو معلوم تھا کہ وہ ایک اہم میچ میں باآسانی جیت کو گنوانے کے قریب تھے کیوں کہ میچ کے پہلے دس منٹ میں دو گول کر برتری کے بعد ان کے شائقین میں اس وقت خاموشی چھا گئی، جب نیدر لینڈز نے دو جوابی گول کر دیے

ارجنٹینا کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں کروشیا کے ساتھ ہوگا، جنہوں نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم برازیل کو پیلنٹی مقابلے میں ہی شکست دی

ارجنٹائن کے پاس اب ایک اور فٹبال ورلڈ کپ جیتنے کا سنہرا موقع ہے، اور اب اس کے لیے تیسری مرتبہ ورلڈکپ اپنے ہاتھوں میں تھامنے کے لیے صرف دو میچز کا فاصلہ رہ گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close