’میسی کہاں ہے‘ سے لے کر دوحہ تا ارجنٹائن ’میسی، میسی‘ کی گونج تک۔۔۔

ویب ڈیسک

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کی کروئیشیا کے خلاف شاندار جیت کے بعد دوحہ اور ارجنٹائن کی گلیوں میں جشن کا سماں بندھ گیا

ارجنٹائن منگل کو کروئیشیا کو شکست دے کر نہ صرف چھٹی مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، بلکہ اس نے کروئیشیا سے ورلڈکپ 2018 میں اپنی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا ہے

میسی کی ٹیم کی فتح کے فوراً بعد اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود شائقین نے خوب جشن منایا جبکہ ٹی وی اسکرینز سے چپکے شائقین ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی سڑکوں پر نکل آئے، جو اپنی گاڑیوں سے ارجنٹائن کے جھنڈے لہراتے رہے اور قومی ٹیم کی جرسی پہن کر خوشی سے چھلانگیں لگاتے اور گانے گاتے رہے

یہ بیونس آئرس میں گرمی سے جھلسا دینے والی دوپہر تھی، جہاں شائقین مختلف کیفیز، ریستورانوں اور عوامی پلازوں سے بھرے ہوئے تھے، جہاں لاکھوں افراد دیوہیکل اسکرینز پر لیونل میسی کی قیادت میں ٹیم کے کارنامے سے لطف اندوز ہوتے رہے

ایک اشتہاری ایجنسی میں کام کرنے والے اکتیس سالہ ایمیلیانو ایڈم، جو بیونس آئرس کی گلیوں میں ملک کے پرچم اٹھائے جشن منا رہے تھے، نے کہا ”میں اس فتح پر انتہائی خوش ہوں۔ یہ پہلا میچ ہے، جس میں مجھے پریشانی نہیں ہوئی۔ پہلی بار میں شروع سے آخر تک میچ سے لطف اندوز ہو سکا“

ارجنٹائن اب ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس یا مراکش کا مقابلہ کرے گا جن کے درمیان دوسرا سیمی فائنل آج (بدھ کو) کھیلا جائے گا

واضح رہے کہ ارجنٹائن کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز زیادہ شاندار نہیں رہا، جب لیگ میچ میں یہ سعودی عرب سے ہار گئی تھی۔۔ اس ہار کہ بعد سعودی مداحوں نے ”میسی کہاں ہے، کہاں ہے میسی؟“ کے نعرے لگا کر جشن منایا تھا۔ لیکن فائنل میں رسائی کے بعد بنگلہ دیش سے لے کر ارجنٹائن تک لوگ ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور فضائیں ”دیکھو! یہ کھڑا ہے میسی“ کے نعروں سے گونج اٹھیں

دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد جنوبی امریکہ کے اس ملک نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور فائنل میں جگہ بنا کر معاشی زبوں حالی اور دنیا میں بلند ترین افراط زر کے شکار ملک کے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں، جہاں ہر دس میں سے چار افراد غربت کی سطح کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں

ملک کی معروف اداکارہ لیلیٰ ڈیسمری نے سڑکوں پر رقص کرنے اور جشن منانے والے لوگوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ”ہم سب بہت پرجوش ہیں، ہمیں اس طرح کی خوشی کا مشاہدہ کیے ہوئے بہت عرصہ ہو گیا تھا۔ یہ خوبصورت احساس ہے، یہ واقعی ناقابل بیان خوشی ہے“

سوشل میڈیا مینیجر اکتیس سالہ ویلنٹینا گونزالیز نے کہا ”یہ آخری میچ سے مختلف تھا اور ہم نے کافی آسانی اور تناؤ کے بغیر سیمی فائنل جیت لیا۔‘

سوشل میڈیا مینیجر، اکتیس سالہ ویلنٹینا گونزالیز نے کہا ’’یہ آخری میچ سے مختلف تھا، ہم نے کافی سکون کے ساتھ اور بہت زیادہ ٹینشن سے بھرپور لمحات کے بغیر اسے آسانی سے جیت لیا“

ماریانو بیلسٹریس نے کہا کہ انہیں خاص طور پر اس بات پر فخر ہے کہ کس طرح قومی ٹیم نے ’ہر روز نمایاں طور پر بہتری کا مظاہرہ کیا اور ہر میچ میں آپ بہتری دیکھ سکتے ہیں۔‘

اٹھائیس سالہ ماریانو نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کے خلاف چونکا دینے والی شکست نے ٹیم کو مضبوط کرنے میں مدد کی“

ایک باون سالہ سرکاری ملازم ایبے پیریز نے کہا ’اس ٹیم نے لوگوں کو آپس میں جوڑ دیا۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ وہ متحد قوم بن گئے ہیں۔‘

میسی نے میچ کے چونتیسویں منٹ میں پینلٹی شوٹ پر پہلا گول کیا تو اسٹیڈیم اور پورا ارجنٹائن ’میسی، میسی‘ کے نعروں سے گونچ اٹھا

اور صرف پانچ منٹ بعد ہی جولین الواریز نے ایک شاندار گول کر کے اسکور کو دو صفر کر دیا

دوسرے ہاف تک ہجوم پرجوش رہا اور جب ایلواریز نے میسی کے شاندار پاس پر تیسرا گول کیا تو ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

ارجنٹائن کے اس ورلڈکپ میں 12 گول میں سے 11 میں میسی اور ایلواریز شامل رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close