میسیجنگ ایپس باالخصوص واٹس ایپ میں میسیج کرنے کے بعد اسے ڈیلیٹ کرنے کی سہولت نے جہاں صارفین کو بہت سی غلطیوں سے محفوظ کیا، وہیں کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کام کا مواد بھی غلطی سے ڈلیٹ ہو جاتا ہے
اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یہ سہولت دی گئی کہ اگر وہ کچھ کہہ کر اسے واپس لینا چاہیں تو ایسا کر سکیں
اگرچہ کچھ عرصہ قبل صارفین کو ملنے والی یہ سہولت مفید تو رہی لیکن یہ نئی پریشانی پیدا کر گئی کہ جو بات نہیں کہنی تھی، اسے ڈلیٹ کرتے ہوئے اپنے لیے تو حذف کر دیا لیکن باقی اسے دیکھتے یا پڑھتے رہے
یہ ایک ایسا مسئلہ تھا، جو کئی صارفین کو پریشان کر رہا تھا، مگر اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس پریشانی کا حل پیش کرتے ہوئے یہ آپشن دیا ہے کہ اگر آپ اپنا کوئی میسیج سب کے لیے ڈیلیٹ کرتے کرتے صرف ’ڈیلیٹ فار می‘ کر گئے تھے، تو اس عمل کو واپس کر کے ’ڈیلیٹ فار آل‘ بھی کر سکتے ہیں
میٹا میں واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ نے اس پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں ایک اسکرین شاٹ کے ذریعے معاملے کی وضاحت بھی کی
انہوں نے لکھا ’”ہم نے حادثاتی طور پر صرف اپنے لیے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو بحال کر کے دوبارہ سب کے لیے ڈیلیٹ کرنے کا آپشن متعارف کرایا ہے“
ول کیتھکارٹ کی اس وضاحت کے بعد پاکستانی صارفین خود کو درپیش انوکھی نوعیت کی مشکل سامنے لے آئے اور توقع ظاہر کی کہ اس سے بھی ان کی جان چھڑائی جائے۔۔ اور وہ ہے میسیج ڈلیٹ کرنے کے بعد سامنے والے کو یہ اطلاع ملنا کہ میسیج ڈلیٹ کیا گیا ہے
عاقب رضا نے کہا ”میسیج ڈیلیٹ کیے جانے کی اطلاع بھی حذف کر دی جائے تو دنیا ایک خوشحال جگہ بن جائے گی“
فیصل نے لکھا ”ڈیلیٹ کرنے پر سامنے والا پوچھ ہی لیتا ہے کہ کیا ڈیلیٹ کیا؟“
ان کے جواب میں کچھ صارفین نے توجہ دلائی کہ ’ڈیلیٹ کیے گئے میسیج سے متعلق اطلاع کو بھی حذف کرنا ہو تو اس حصے پر رائٹ کلک کریں یا پریس کر کے رکھیں اور ڈیلیٹ کر دیں تو میسیجنگ پینل سے یہ کلی طور پر غائب ہو جائے گا۔‘
جیرمی ہیگن نے نئے آپشن پر دیے گئے ردعمل میں لکھا ’میوٹ اور آرکائیو کیے گیے‘ پیغامات کے لیے بھی ایسا آپشن دیا جائے کہ وہ ’آرکائیوڈ اور چھپے‘ ہی رہیں۔‘
ساروو نگر نے انہیں مسئلہ کا حل بتاتے ہوئے اسکرین شارٹ کے ذریعے کہا ’سیٹنگز میں آرکائیوڈ چیٹ کو مستقلاً ایسا رکھنے کا آپشن منتخب کر لیں۔ اس کے بعد چھپائے گئے پیغامات دوبارہ دکھائی نہیں دیں گے۔‘