معروف ترک شیف فائنل کے بعد ورلڈکپ ٹرافی تک کیسے پہنچے؟

ویب ڈیسک

فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کس طرح ترکی سے تعلق رکھنے والے معروف شیف ’سالٹ بے‘ نے قطر میں ہونے والے ورلڈکپ فائنل کے بعد گراؤنڈ تک ’غیر ضروری رسائی‘ حاصل کی، جہاں انہوں نے حیرت زدہ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں جن میں فاتح ٹیم کے کپتان لیونل میسی بھی شامل تھے، جو شیف کے پرجوش رویے کو دیکھ کر پریشان ہو گئے تھے

میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں ترجمان فیفا نے کہا ہے ”نظرثانی کے بعد فیفا یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ کیسے 18 دسمبر کو بعض افراد نے لوسیل اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب کے دوران پچ تک رسائی حاصل کی جو کہ نامناسب تھا۔ اس حوالے سے مناسب انداز میں اندرونی طور پر ایکشن لیا جائے گا“

ترکی سے تعلق رکھنے والے سالٹ بے، جن کا اصل نام نصرت گوکچے ہے، کو قطر میں اتوار کو ہونے والے فائنل کے بعد ٹرافی کو تھامے اور اسے چومتے ہوئے بھی دیکھا گیا

واضح رہے کہ فیفا کے قوانین کے تحت کوئی بھی غیر متعلقہ فرد یہ ٹرافی نہیں پکڑ سکتا مگر اس شخص نے نہ صرف ٹرافی پکڑ کر اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں بلکہ اپنے مشہور انداز میں اس پر نمک چھڑکنے کا پوز دیا اور اسے بوسہ بھی دیا

پھر کیمرے کے سامنے کسی فاتح اولمپیئن کی طرح فٹبالرز کے گولڈ میڈل کو دانتوں سے بھینچ لیا

ان کے اس بے خوف طرز عمل سےایسا تاثر ملنے لگا کہ فیفا حکام کے ساتھ ساتھ فٹبالرز بھی اُن کے دوست ہیں، جو انہیں یہ سب کرنے کی اجازت دے رہے ہیں

ترک شیف کو دو بار میسی کا بازو پکڑنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان کے اس عمل پر میسی نے بھی ناگواری کا اظہار کیا تھا

وہ پچ پر اینجیل ڈی ماریا، لیسانڈرو مارٹینز کے ساتھ بھی تصاویر بناتے ہوئے پائے گئے، یہاں تک کہ انہیں ایک کھلاڑی کے تمغے میں اپنے دانت گاڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا

اس سے قبل ورلڈکپ کے ایک میچ کے دوران انہوں نے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کے ساتھ بیٹھے ہوئے اپنی ایک وڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔ ایک تصویر میں تو وہ ان کے ساتھ وی آئی پی سیٹوں پر بیٹھے ہوئے تھے اور ساتھ میں فٹبال لیجنڈز برازیلی رونالڈو، روبرٹو کارلوس اور کافو بھی موجود ہیں

وہ ویڈیو میں فیفا کے صدر سالٹ بے کے ساتھ گرم جوشی سے ملتے ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ سالٹ بے کے ریستوران کی تعریف کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’فٹبال نے دنیا کو متحد کیا اور نصرت (سالٹ بے) نے بھی دنیا کو متحد کیا ہے۔‘

ایک دوسری وڈیو میں جیانی سالٹ بے کو ملائیشیا کے بادشاہ سمیت مختلف لوگوں سے ملواتے ہیں اور ایک موقع پر کہتے ہیں کہ ’ہم دونوں سبزی خور ہیں۔‘

ویسے تو لیونل میسی کے ساتھ بھی سالٹ بے کی کچھ تصاویر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر لگائی گئی ہیں، لیکن ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے جشن کے دوران بعض مناظر میں ایسا لگتا ہے، جیسے میسی انہیں نظرانداز کر رہے ہیں۔۔۔ یا پھر محض کنفیوژڈ ہیں

انتالیس سالہ نصرت گوکچہ عرف سالٹ بے دنیا بھر میں لگژری ریستورانوں کی ایک چین کے مالک ہیں، جن میں لاس اینجلس میں بیورلی ہلز اور لندن کا سوئش نائٹس برج بھی شامل ہیں۔ کئی موجودہ اور سابقہ فٹبالر جیسے میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور ڈیوڈ بیکہم ان کے ریستوران میں کھانا کھا چکے ہیں

گوشت تیار کرنے اور پکانے کے دوران نمک چھڑکنے کی ان تکنیک انٹرنیٹ کی معروف میم بن چکی ہے

بہرحال سالٹ بے کی جانب سے ٹرافی پکڑنے، اسے بوسہ دینے اور اس پر اپنے مشہور نمک چھڑکنے کا انداز آزمانے پر شائقین انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں

ان کی انسٹاگرام پر لگائی گئی تصاویر پر بہت سے صارفین نے اپنی ناراضی ظاہر کی ہے۔ ایک صارف نے لکھا ”آپ نے ایک چیمپیئن سے ٹرافی چھینی تاکہ آپ تصاویر اور لائیکس حاصل کر سکیں۔ کیا آپ یہ نہیں دیکھ سکتے تھے کہ وہ آپ کے اس عمل پر خوش نہیں؟“

ایک صارف نے لکھا ”سوشل میڈیا کے یہ لوگ اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور یہ پریشان کن ہے“

کئی صارفین سوشل میڈیا پر یہ پوچھ رہے ہیں کہ سالٹ بے کو ٹرافی پکڑنے کی اجازت کس نے اور کیوں دی

اسی صورتحال کے پیش نظر امریکی فٹبال لیگ اوپن کپ نے ٹوئٹر پر لکھا ہے ”اوپن کپ 2023ع کے فائنل میں سالٹ بے کے داخلے پر پابندی ہوگی“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close