کیا گاڑی چلانے سے پہلے اسے گرم کرنا ضروری ہے؟

ویب ڈیسک

سردیوں کے موسم میں دیکھا گیا ہے کہ صبح کے وقت اکثر لوگ گاڑی چلانے سے پہلے کئی منٹ تک گاڑی کا انجن آن رکھتے ہیں، تاکہ گاڑی گرم ہو جائے

لیکن ماہرین کے مطابق ایسا کرنا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ اس سے آپ کی گاڑی کے انجن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مزید یہ کہ یہ عمل ماحول کے لیے بھی نقصان دہ ہے

سردی میں گاڑی کا انجن آن رکھنا (جسے انگریزی میں آئیڈلنگ ’idling‘ کہتے ہیں) صرف ہمارے ہاں ہی عام نہیں ہے۔ امریکہ میں کی جانے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا کہ امریکی ڈرائیور اوسطاً پانچ منٹ تک گاڑی کا انجن اسٹارٹ رکھنے کے بعد گاڑی چلاتے ہیں بلکہ اب نئی گاڑیوں میں ایسے ریموٹ آ گئے ہیں، جن سے گاڑی دور ہی سے اسٹارٹ ہو سکتی ہے تو بہت سے لوگ گھر کے اندر سے ہی گاڑی اسٹارٹ کر دیتے ہیں اور کچھ دیر کے بعد جا کر اسے چلانا شروع کرتے ہیں

تو آخر یہ تصور آیا کہاں سے کہ ٹھنڈی گاڑی کو آئیڈلنگ کے ذریعے گرم رکھنا ضروری ہے؟

اس حوالے سے واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں بتایا گیا ہے کہ پرانی گاڑیوں میں کاربوریٹر کو گرم ہونے میں وقت لگتا تھا، اس لیے ڈرائیور گاڑی کو سڑک پر چلانے سے پہلے گرم رکھنا ضروری سمجھتے تھے

جبکہ 1980ع کے بعد سے الیکٹرانک فیوئل انجیکشن والی گاڑیاں آ گئی ہیں، جن میں آئیڈلنگ کی ضرورت نہیں رہی۔ ان گاڑیوں میں سینسر لگے ہوتے ہیں، جو انجن کو ہوا اور ایندھن کا مناسب آمیزہ بنا کر دیتی ہیں۔ یہ سینسر گاڑی کو فوراً گرم کر دیتے ہیں

گاڑیوں سے متعلق ویب سائٹ ’پاک وہیلز‘ پر شائع ہونے والی ایک تحریر کے مطابق ”موجودہ دور کی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے انجن کو ایندھن کی فراہمی کا طریقہ کار قدرے مختلف ہوتا ہے۔ اس میں تھروٹل موجود ہے جو صرف ہوا کو کھینچتا ہے اور ایندھن کو اس سے بالکل الگ رکھتا ہے“

اس تحریر میں مزید بتایا گیا ہے ”ان گاڑیوں میں انجیکٹرز (injectors) لگائے جاتے ہیں جو گاڑی چلائے جانے سے پہلے ہی سلینڈر کو براہ راست ایندھن فراہم کرتے ہیں۔ ان میں سینسرز بھی شامل ہیں جو ہوا اور ایندھن کے تناسب کو کنٹرول رکھتے ہیں۔ گاڑی کا انجن کنٹرول یونٹ (ECU) سلینڈر کو فراہم ہونے والے ایندھن کی مقدار کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ایگزاسٹ سے نکلنے والی گیس کی بھی جانچ کرتا رہتا ہے۔ اس سے نہ صرف ایندھن بلکہ وقت کی بھی بچت ہوتی ہے، لہٰذا آپ کو سفر سے پہلے گاڑی سٹارٹ کر کے چھوڑ دینے کی ضروری نہیں“

ماحول کے لیے خطرہ

سخت سردی میں گاڑی زیادہ پیٹرول کھاتی ہے۔ امریکہ کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے ای پی اے ای کے مطابق سردیوں میں گاڑی کے ایندھن کا خرچ بارہ فی صد بڑھ جاتا ہے

’انرجی پالیسی‘ نامی سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق گاڑی چلا کر رکھنا انتہائی خطرناک ہے، کیونکہ اس طرح ہر سال چالیس ارب لیٹر سے زیادہ پیٹرول ضائع ہو جاتا ہے اور صرف گاڑی گرم کرنے کی خاطر اسے چلائے رکھنا امریکہ میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے کل اخراج کا 1.6 فیصد بنتا ہے

گاڑی کے انجن کو نقصان

سمارٹ موٹرز ٹویوٹا نے اپنی ویب سائٹ پر ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ سردیوں میں گاڑی اسٹارٹ رکھنے سے انجن کی عمر کم ہو جاتی ہے، کیونکہ اس طرح تیل پسٹن اور سلنڈروں پر سے ہٹنا شروع ہو جاتا ہے اور یہ دونوں پرزے خراب ہو سکتے ہیں

اس کی وجہ یہ ہے کہ جب گاڑی رکی ہوئی ہوتی ہے تو تیل ان اہم پرزوں پر سے ہٹنا شروع ہو جاتا ہے اور کم لبریکیشن کی وجہ سے انہیں نقصان پہنچ سکتا ہے

تاہم سمارٹ موٹرز ٹویوٹا نے خبردار کیا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ صبح سویرے گاڑی چلاتے ہی اسے بھگانا شروع کر دیں۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ پہلے دو تین منٹ تک گاڑی کو آہستگی سے چلائیں تاکہ اس کا ہر پرزہ مناسب طریقے سے کام شروع کر دے

توانائی کے امریکی محکمے ویب سائٹ پر اس بارے میں لکھا ہے ”صبح گاڑی سٹارٹ کرنے کے بعد آدھے منٹ تک آہستگی سے چلائیں۔ اس سے انجن تیزی سے گرم ہو جائے گا اور پیٹرول کا خرچ بھی کم آئے گا“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close