پاسپورٹوں کی عالمی درجہ بندی میں ایک سو نو ملکوں کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ نچلے چار ملکوں میں شامل ہے۔ پاکستان کے بعد صرف تین ممالک شام، عراق اور افغانستان ہیں، جبکہ یمن اور صومالیہ اس سے اوپر ہیں
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے دنیا کے بتیس ملکوں میں ویزے کے بغیر داخل ہو سکتے ہیں یا انہیں وہاں کے ایئرپورٹ پر انٹری ویزا مل سکتا ہے
پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت ہنلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ اس فہرست میں 85ویں درجے پر ہے اور بھارت کے شہری انسٹھ ملکوں میں ویزا فری یا ایئرپورٹ پر (آن ارائیول) ویزا انٹری کے اہل ہیں
واضح رہے کہ لندن میں قائم عالمی شہریت اور رہائشی مشاورتی گروپ ’ہنلے اینڈ پارٹنرز‘ سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ جاری کرتا ہے، جس میں یہ بتایا جاتا ہے کہ کس ملک کا پاسپورٹ کتنا طاقتور ہے
پاسپورٹ کی طاقت کا معیار یہ ہے کہ پاسپورٹ رکھنے والے کتنے ملکوں میں ویزے کے بغیر یا پھر ایئرپورٹ پر ویزا حاصل کر کے داخل ہو سکتے ہیں
طاقتور پاسپورٹ کے حامل افراد کو دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں بین الاقوامی سفر کی زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاسپورٹ کی طاقت کا انحصار کسی ملک کی طاقت ور معیشت، عسکری قوت یا سفارتی اثرو رسوخ پر نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر دنیا کی سب سے بڑی معاشی قوت اور سپر پاور رکھنے والے ملک امریکہ کا پاسپورٹ اس رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ طاقتور ترین پاسپورٹ جاپان کا ہے، جسے دنیا کے 193 ملکوں میں ویزا فری یا ایئرپورٹ پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہے
آپ کو یہ بھی جان کر حیرت ہوگی کہ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ رکھنے والے پہلے تین ملکوں کا تعلق براعظم ایشیا سے ہے۔ جاپان کا ذکر تو ہم کر ہی چکے ہیں، باقی دو ملک سنگاپور اور جنوبی کوریا ہیں۔ جن کے شہریوں کو دنیا کے 192 ملکوں میں ویزا فری یا ایئرپورٹ پر ویزا انٹری کی سہولت حاصل ہے
براعظم یورپ کے زیادہ تر ممالک کا شمار طاقتور پاسپورٹ کے حامل قوموں میں ہوتا ہے۔ جرمنی اور اسپین کے پاسپورٹوں کی ویزا فری رسائی دنیا کے 190 ملکوں تک ہے۔ یورپ کے دیگر ملک بھی اس ہندسے سے بہت قریب ہیں۔ ان کے پاسپورٹ 189 سے 183 ملکوں کے دروازے ان پر کھول دیتا ہے
آسٹریلیا، کینیڈا اور یونان اس درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہیں اور ان کے پاسپورٹ 185 ملکوں میں ویزی فری یا ویزہ آن ارائیول کے لیے قابل قبول ہیں
بین الاقوامی سفر پر نظر رکھنے والے گروپس کا کہنا ہے کہ اب جب کہ کرونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے اور سفر کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، مسافروں کی تعداد وبا شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں 75 فی صد تک پہنچ گئی ہے اور اس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا
ان کا مزید کہنا ہے کہ سیاحوں میں مقبول مقامات کی جانب سفر میں اضافہ ہوگا اور ان کی رونقیں پھر سے بحال ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارت بہت سے سیاحوں کی منزل بن سکتا ہے، جو 181 ملکوں کے شہریوں کو ویزا فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے
دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کا ذکر تو ہو چکا، اب بات دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹ کی بھی ہو جائے۔ اس فہرست میں سب سے نیچے افغانستان ہے ، جس کے پاسپورٹ کو دنیا کے دو سو سے زیادہ ملکوں میں سے صرف ستائیس میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی ملتی ہے۔