بھارتی سنیما گھروں پر شاہ رخ کا راج، ‘پٹھان’ ایڈوانس بکنگ میں تمام ہندی فلموں سے آگے رہی

ویب ڈیسک

انتہاپسند ہندؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو گزشتہ روز ریلیز کر دیا گیا، جس میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی

پٹھان’ 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر کے سو کے قریب ممالک میں بھارت کے ری پبلک ڈے سے ایک روز قبل فلم ہندی، تیلگو اور تامل زبانوں میں ریلیز کی گئی۔ بھارت میں فلم بین اپنے پسندیدہ ہیرو کی فلم دیکھنے کے لیے صبح سات بجے سے ہی سنیما گھروں کے باہر موجود تھے

’پٹھان‘ کو اس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا اور انتہاپسند ہندوؤں نے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دے رکھی تھی، جبکہ فلم کو کسی بھی صورت میں ریلیز نہ کرنے دینے کا اعلان بھی کیا تھا

انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو جو لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا، اس کا رنگ زعفرانی ہے، جو ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھا جاتا ہے

انتہاپسندوؤں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بناکر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے

انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد فلم سینسر بورڈ نے بھی ’پٹھان‘ کی ٹیم کو ’بے شرم رنگ‘ گانے میں تبدیلیاں کرنے سمیت فلم کے کچھ مناظر کو بھی کاٹنے کی ہدایت کی تھی لیکن فلم میں کوئی بھی تبدیلی کیے بغیر اسے ریلیز کر دیا گیا

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سب سے زیادہ اعتراض ’بے شرم رنگ‘ پر کیا گیا تھا اور اس میں دپیکا پڈوکون کی نیم عریاں رقص کے مناظر کو کاٹنے کی سفارش بھی کی گئی تھی، لیکن دپیکا پڈوکون کی ڈانس اور لباس کو تبدیل نہیں کیا گیا البتہ ان کے مناظر کو تھوڑا سا مختصر کردیا گیا

دوسری جانب فلم کو ریلیز کیے جانے کے بعد بھارت کی کچھ ریاستوں میں سینماؤں کے باہر احتجاج کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ بھارتی اخبار ‘دی انڈین ایکسپریس’ کے مطابق فلم کی ریلیز سے قبل منگل کو ریاست بہار میں پٹھان کی اسکریننگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے سنیما گھروں کے باہر سے ‘پٹھان’ کے پوسٹرز پھاڑے جب کہ انہیں نذرِ آتش بھی کیا گیا

مجموعی طور پر بھارت بھر کے لوگوں نے شاہ رخ خان کی فلم کو سراہا اور فلم کو دیکھنے کے لیے مداحوں کی قطاریں لگ گئیں اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود فلم نے ایڈوانس بکنگ میں بھارت کی بلاک بسٹر فلم ‘کے جی ایف 2’ کو پیچھے چھوڑ دیا

‘پٹھان’ کی ریلیز سے قبل اس کے پانچ لاکھ 63 ہزار سے زائد ٹکٹس فروخت ہوئے۔ بھارت میں سب سے زیادہ ایڈوانس بکنگ کا ریکارڈ فلم ‘باہو بالی 2’ کے پاس ہے، جس کے ساڑھے چھ لاکھ کے قریب ایڈوانس ٹکٹس فروخت ہوئے تھے

باکس آفس ورلڈ وائیڈ کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس فہرست میں ‘پٹھان’ کے بعد ساؤتھ انڈین فلم ‘کے جی ایف ٹو’ ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز 53 کروڑ 95 لاکھ روپے کا بزنس کیا تھا

اوپننگ ڈے پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلموں میں تیسرا نمبر رہیتک روشن اور ٹائیگر شروف کی فلم ‘وار’ ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز 53 کروڑ 35 لاکھ روپے کا بزنس کیا تھا

اس فہرست میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر ‘ٹھگس آف ہندوستان’ اور ‘ہیپی نیو ایئر’ کا ہے جس نے پہلے روز بالتریب52 کروڑ 25 لاکھ اوت 44 کروڑ 97 لاکھ روپے کمائے

ساؤتھ انڈین بلاک بسٹر فلم ‘باہو بلی ٹو’ چھٹے نمبر پر ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز 41 کروڑ روپے کمائے تھے

‘پٹھان’ نے امریکہ سے پہلے روز 10 لاکھ ڈالر جب کہ آسٹریلیا سے چھ لاکھ ڈالرز کا کاروبار کیا

فلمی تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق ’پٹھان‘ نے پہلے ہی روز تنازعات اور احتجاجوں کے باوجود بیس کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کیا

‘پٹھان’ میں شاہ رخ خان نے ایک ‘را ایجنٹ’ کا کردار ادا کیا ہے۔ ایکشن سے بھرپور اس فلم میں اداکار جان ابراہم اور دپیکا پڈوکون نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

فلم میں سلمان خان نے بھی کیمیو رول ادا کیا ہے جہاں وہ چلتی ٹرین میں دھواں دار انٹری دیتے ہوئے شاہ رُخ خان یعنی پٹھان کو بچانے پہنچتے ہیں، شاہ رُخ کے ساتھ سلمان خان کے مداح بھی فلم کے ایکشن سین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں

سوشل میڈیا پر بھی ہر طرف ‘پٹھان’ کے چرچے ہیں۔ ٹوئٹر پر بدھ کو ہیش ٹیگ ایس آر کے، پٹھان اور بلاک بسٹر ٹرینڈ کر رہا ہے

فلم بین بھارتیوں کی اکثریت نے فلم کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی تعریفیں کیں اور بتایا کہ فلم میں ایسی کوئی متنازع بات نہیں تھی، انتہاپسندوں نے شاہ رخ خان کے خلاف پروپیگنڈا کیا

جبکہ معروف فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے پٹھان کو ‘بلاک بسٹر’ کہتے ہوئے اس ساڑھے چار اسٹارز دیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم 2023 کی پہلی بلاک بسٹر فلم ہے

فلمی تجزیہ کار سمت کڈیل نے ٹوئٹر پر پٹھان کا ریویو دیتے ہوئے اسے بہترین قرار دیا

اشویتا نامی صارف کہتی ہیں کہ چار برس بعد شاہ رخ خان کی فلم دیکھ رہے ہیں، اس موقع پر تھیٹر بھرا ہوا ہے

سچن چوہدری کہتے ہیں کہ چار سال کے عرصے کے بعد شاہ رخ خان نے ایک بہترین فلم کے ساتھ کم بیک کیا ہے اور پٹھان فائیو اسٹار کے قابل فلم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close