’تم ہمارے نوکر ہو! تم جانتے نہیں ہو میرے بھائی نیوی میں کمانڈر ہیں۔‘ کراچی میں خاتون کا پولیس اہلکار کو تھپڑ

ویب ڈیسک

سوشل میڈیا کے ذریعے سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ایک وڈیو حال ہی میں سامنے آئی، جس میں ایک باریش پولیس افسر ایک گاڑی کو روک رہے ہیں، جبکہ گاڑی سے نکلنے والی خاتون ان کے ساتھ الجھ رہی ہیں

خاتون ان کو دھکا دے کر گاڑی کے سامنے سے ہٹانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن پولیس آفیسر بدستور گاڑی کے سامنے کھڑے رہتے ہیں اور گاڑی چلانے والے کو رکنے اور باہر آنے کا اشارہ کرتے نظر آتے ہیں

اسی دوران ان سے الجھنے والی خاتون باریش پولیس آفیسر کو تھپڑ رسید کرتی ہیں اور انہیں دھکا دے کر پیچھے دھکیلنے کی کوشش کرتی ہیں ساتھ ہی وہ ان کے ہاتھ میں موجود سرکاری چھڑی چھیننے کی بھی کوشش کرتی ہیں۔ تاہم پولیس آفیسر بدستور گاڑی کو روکنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں

سوشل میڈیا پر موجود وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ خاتون، پولیس افسر اور ایک دوسرے اہلکار کو دھکے دے کر ایک طرف کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑی میں بیٹھے شخص کو اشارہ کرتی رہتی ہیں، جو گاڑی کو آہستہ آہستہ چلاتے آگے لے کر جاتے رہتے ہیں

لیکن سوشل میڈیا کی وڈیو میں یہ نظر نہیں آتا کہ اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ کیا وہ خاتون اور گاڑی سوار وہاں سے جانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں یا پھر پولیس ان کو روک لیتی ہے؟

اور یہ بھی نہیں معلوم ہو پاتا کہ خاتون، اس پولیس افسر سے کیوں الجھ رہی ہیں۔ پولیس نے انہیں کیوں روکا اور انہوں نے پولیس آفیسر کے کہنے پر گاڑی کیوں نہیں روکی

سوشل میڈیا پر صارفین اس وڈیو کو لے کر بحث کر رہے ہیں، جس میں زیادہ تر صارفین خاتون کے خلاف کارروائی کرنے کی تجویز دے رہے

جبکہ کچھ صارفین یہ سوال کرتے بھی نظر آ رہے ہیں کہ خاتون کے ردِ عمل کے پیچھے وجوہات کیا ہے۔ معاملہ کیسے شروع ہوا اور بات الجھنے تک کیوں پہنچی؟

دوسری جانب کراچی پولیس کے مطابق ضلع ساؤتھ کراچی کے تھانہ سول لائن میں خاتون، ان کے شوہر اور بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے

پولیس کے مطابق خاتون جن پولیس کے افسر کے ساتھ الجھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں وہ ٹریفک پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یعنی ڈی ایس پی اشتیاق حسین ہیں

اس حوالے سے خود ڈی ایس پی اشتیاق حسین نے بتایا کہ وہ گاڑی بنیادی طور پر ٹریفک سگنل پر رکنے کے بجائے آگے آگے آ رہی تھی۔ انہوں نے ڈرائیور کر رکنے کا اشارہ کیا کیونکہ اس وقت ان کی بتی سرخ تھی اور باقی ٹریفک بھی رکی ہوئی تھی

وہ بتاتے ہیں ’پہلے میں نے ان کو ہاتھ سے رکنے کا اشارہ کیا وہ پھر پھر بھی گاڑی آگے آگے کیے جا رہا تھا پھر میں نے ہاتھ میں چھڑی پکڑی ہوئی تھی اس کے اشارے سے میں نے ان کو گاڑی روکنے کا کہا۔ ڈرائیور تو رک گیا مگر اس کے ساتھ بیٹھی ہوئی خاتون باہر نکل آئیں اور انھوں نے لڑائی جھگڑا شروع کر دیا۔‘

ڈی ایس پی اشتیاق حسین کے مطابق خاتون نے ان سے کہا کہ ’تم ہمارے نوکر ہو، تم جانتے نہیں ہو میرے بھائی نیوی میں کمانڈر ہیں‘

اشتیاق حسین نے بتایا کہ انہوں نے خاتون کو جواب میں کہا ’وہ قانون پر عمل کرنے والوں کے نوکر ہیں اور وہ ان کو صرف اس لیے روک رہے ہیں کہ انہوں نے قانون توڑا ہے‘

ڈی ایس پی اشتیاق حسین نے بتایا کہ گاڑی خاتون کے شوہر چلا رہے تھے اور رکنے کے بجائے خاتون کے کہنے پر گاڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے پولیس کے اہلکاروں پر چڑھا رہے تھے

انہوں نے بتایا کہ تھوڑی دیر میں وہاں خاتون کے بھائی اور والد بھی پہنچ گئے، لیکن انہوں نے بھی پولیس کے ساتھ بدتمیزی کا رویہ روا رکھا

ڈی ایس پی اشتیاق حسین بتاتے ہیں ’ہم نے جب خاتون کے شوہر کو تھانے لے جانے کے لیے پولیس کی گاڑی میں بٹھایا تو خاتون نے بازو سے پکڑ کر انہیں پولیس کی گاڑی سے نیچے اتار لیا۔ ہم نے انہیں بتا دیا کہ ان کے خلاف کارروائی ہوگی اور جب میں تھانے پہنچا تو وہ پیچھے تھانے آئے۔‘

تاہم ڈی ایس پی اشتیاق حسین کے مطابق تھانے کا عملہ ابتدائی طور پر مقدمہ درج کرنے سے گریز کر رہا تھا۔ دو تین گھنٹے کی تاخیر سے تھانے کی پولیس نے ان سے کہا کہ خاتون کو معاف کر دیں

’میں نے ان سے کہا کہ معاف تو تب کروں نا اگر وہ معافی مانگیں۔ انہیں تو اس وقت بھی اپنے کیے پر کوئی ندامت نہیں تھی، ان کا رویہ تھانے میں بھی ایسا ہی تھا‘

ڈی ایس پی اشتیاق حسین کے مطابق خاتون کے والد کی طرف سے سمجھائے جانے پر خاتون نے ان سے معافی مانگی اور رونے بھی لگیں ’وہ جب رونے لگیں تو میں نے بھی کہا کہ چلو کوئی بات نہیں اب وہ رو روہی ہیں اور انھوں نے معافی بھی مانگ لی ہے تو معاملہ رفع دفع کرتے ہیں، میں نے معاف کر دیا۔‘

تاہم اس واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے اعلٰی حکام نے اس کا نوٹس لے لیا۔ اشتیاق حسین کے مطابق اس کے بعد پولیس کی اعلٰی قیادت کے حکم پر خاتون، ان کے بھائی اور شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا

سول لائن پولیس کے مطابق مقدمے میں پانچ دفعات شامل کی گئی ہیں جن میں بنیادی طور پر سیکشن 353 یعنی کارِ سرکار میں مداخلت کا جرم شامل کیا گیا ہے

تاہم کار سرکار قانون کی نظر میں کیا ہوتا ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون نے پولیس اہلکار کے ساتھ بظاہر الجھنے میں کار سرکار میں مداخلت کیسے کی؟

اور کیا پولیس آفیسر کی جانب سے بھی خاتون کے ایک شہری کے طور پر حقوق کو پامال کیا گیا؟

اس حوالے سے وکیل اور قانونی ماہر میاں علی اشفاق سمجھتے ہیں کہ جو واقعہ سوشل میڈیا کی وڈیوز کے ذریعے نظر آ رہا ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خاتون ’واقعتاً کار سرکار میں مداخلت کی مرتکب ٹھہرتی ہیں۔ اس میں پولیس اہلکار کی جانب سے ان کے کسی حق کی تلفی نہیں کی گئی۔‘

’خاتون نے قانون کے اہلکاروں کو ان کا کام کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے‘

وکیل علی اشفاق کے مطابق گاڑی کو روکنے والا شخص پولیس کا ایک تجربہ کار آفیسر ہے، جو اس وقت وردی میں اور آن ڈیوٹی ہے۔ اس کے ساتھ اس کے ماتحت اہلکار بھی کھڑے ہوئے ہیں جو ڈیوٹی دے رہے ہیں

’ایسے میں وہ اگر آپ کو رکنے کا اشارہ کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ آپ نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو قانونی طور پر آپ کو اس کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے رکنا ضروری ہے۔ اگر آپ اس کی بات سے اختلاف کرتے بھی ہیں تو آپ شائشتہ انداز میں اس کے ساتھ بات کر سکتے ہیں لیکن اگر وہ نہیں مانتا تو آپ کو داد رسی کے لیے قانونی طریقہ اپنانا ہو گا جو قواعد میں دیا گیا ہوتا ہے۔‘

وکیل میاں علی اشفاق کے مطابق وڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون، جو کہ خود گاڑی چلا بھی نہیں رہیں، وہ گاڑی سے باہر آتی ہیں اور پولیس اہلکار کو پہلے دھکے دیتی ہیں اور پھر تھپڑ بھی رسید کر دیتی ہیں۔

’ساتھ ہی ہم یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ وہ مسلسل پولیس اہلکار کو دھکے دیتے ہوئے گاڑی ڈرائیو کرنے والے کو گاڑی آگے لانے کا کہتی رہتی ہیں اور ڈرائیور ان کی بات ہر عمل کرتا رہتا ہے۔ یہ واضح طور پر کارِ سرکار میں مداخلت ہے یعنی انھوں نے قانون کے اہلکاروں کو ان کا کام کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔‘

قانونی ماہر میاں علی اشفاق سمجھتے ہیں کہ ان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارِ سرکار میں مداخلت قابلِ ضمانت جرم ہے تاہم تین سال تک اس کی سزا ہو سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close