سچ تو یہ ہے کہ ڈرائیونگ ایک ایسی ذمہ داری ہے، جس سے نہ ڈرائیونگ کرنے والے شخص بلکہ دیگر لوگوں کی حفاظت بھی جڑی ہوئی ہے
آپ جیسے ہی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھتے ہیں، اسی لمحے آپ اس انسان سے یکسر تبدیل ہو جاتے ہیں، جو کسی ایسی گاڑی میں سفر کر رہا ہے، جس کا ڈرائیور کوئی اور ہے۔ اس وقت آپ اس شخص کی طرح بھی نہیں رہتے، جو کسی کمرے میں یا دفتر میں بیٹھا ہو
ڈرائیونگ ایک ایسا کام ہے، جس میں ہمہ وقت خبردار رہنا پڑتا ہے اور اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔ لیکن ’انسان غلطیوں کا پُتلا ہے‘ کے مقولے کے مصداق کچھ ایسی عام غلطیاں ہیں، جو ڈرائیونگ کے دوران سرزد ہو جاتی ہیں
سیدتی میگزین کی ایک رپورٹ میں ماہرین نے ان عام غلطیوں کی نشاندہی کی ہے، جو زیادہ تر لوگ دوران ڈرائیونگ کرتے ہیں ان سے نہ صرف گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ ذیل میں ہم اس کی تفصیلات بیان کر رہے ہیں
تھکاوٹ
ممکن ہے آپ کو یہ بات معمولی لگے، لیکن یاد رہے کہ یہی وہ عام غلطی ہے جو ڈرائیونگ کرنے والے حضرات اکثر کر بیٹھتے ہیں۔ اس لیے اگر آپ جسمانی طور پر اچھا محسوس نہیں کر رہے یا تھکاوٹ کا شکار ہیں تو اس صورت میں کبھی ڈرائیونگ سیٹ پر نہ بیٹھیں۔ اگر آپ کے جسم کو آرام کی ضرورت ہے تو ڈرائیونگ کی بجائے آرام کرنا آپ کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ اگر ایسی صورتحال کا سامنا راستے کے درمیان کرنا پڑ گیا ہے تو بھی گاڑی روک دیں اور آرام کریں کیونکہ اس کے بعد آپ اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے دوسری صورت میں کچھ بھی ہو سکتا ہے
مناسب جوتے پہنیں
کیا آپ سوچ رہے ہیں کہ جوتوں کا بھلا ڈرائیونگ سے کیا لینا دینا۔۔ اگر ایسا ہے تو اپنی سوچ پر نظر ثانی کریں، کیونکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوائی چپل یا عام طور پر باتھ روم وغیرہ میں استعمال ہونے والی جوتی میں گاڑی چلانا خطرناک ہو سکتا ہے اسی طرح ننگے پاؤں تو قطعی چلانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے
ماہرین کے مطابق مناسب جوتے پہن کر گاڑی چلائی جائے وہ بوٹ بھی ہو سکتے ہیں اور سینڈل بھی، تاہم ڈھیلے ڈھالے یا پیر کے سائز سے بڑے یا چھوٹے جوتے استعمال کرنے سے گریز کریں
جارحانہ ڈرائیونگ، ہر گز نہیں!
ایسا عموماً اس وقت ہوتا ہے جب ڈرائیور کو کسی بات پر غصہ آ جائے۔ ایسا کسی دوسرے ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے یا پھر اس کا سبب کچھ اور بھی ہو سکتا ہے۔ ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غصے کی حالت میں ڈرائیونگ نہ کریں۔ اگر بیچ ڈرائیونگ ایسا ہو گیا ہے تو گاڑی روک دیں اور سب سے پہلے خود کو پرسکون کریں۔ اس طرح دوسری گاڑیوں سے مقابلہ کرنے کی بھی کوشش نہ کریں
تیز رفتاری
ماہرین تیز رفتاری سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور جس سڑک پر آپ سفر کر رہے ہیں اس کے لیے مقررہ معیار کی پابندی کرنے پر بھی زور دیتے ہیں اور ہر سال اسی وجہ سے کئی ایکسیڈنٹس ہوتے ہیں
سیٹ بیلٹ
یہ ایک اہم بات ہے سیٹ بیلٹ کی اہمیت مسلمہ ہے حادثے کی صورت میں اس کی بدولت جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے
ہیڈ فون کا استعمال
سفر خصوصاً لمبے سفر کے دوران موسیقی کا سنا جانا کوئی انہونی بات نہیں ہے اور یہ زیادہ قابل اعتراض بھی نہیں ہے تاہم اس کے لیے ہیڈفون کا استعمال کرنا زیادہ اچھی بات نہیں ہے
ہیڈفون کے ذریعے موسیقی سنتے ہوئے آپ کی توجہ بٹتی ہے اور باہر کی آوازیں بھی درست طور پر سنائی نہیں دیتیں جیسا کہ کسی دوسری گاڑی کا ہارن وغیرہ، اس لیے کوشش کی جانی چاہیے کہ اگر موسیقی سننا بھی ہے تو کھلے سپکر سے سنی جائے۔
خراب موسم میں لاپرواہی
ویسے تو ڈرائیونگ ہمیشہ ضوابط کے مطابق کرنی چاہیے تاہم موسم بدلنے پر ان کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔ اگر تیز بارش شروع ہو گئی ہے اس میں زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ رفتار کم رکھنے کے ساتھ ساتھ اردگرد پر بھی نظر رکھیں۔ اسی طرح انتہائی صاف چمکتے سورج کے مقابل یا برف باری میں ڈرائونگ کے دوران بھی کچھ مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے
موبائل فون کا استعمال
آپ کا ذہن اور آنکھیں ڈرائیونگ پر مرکوز رہنی چاہییں اور اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ آج کل موبائل فون بنتا دیکھا جا رہا ہے اکثر کال آنے پر لوگ اس کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں اور فون سن بھی لیتے ہیں جس کے لیے ظاہر ہے ایک بٹن کو پریس کرنا پڑتا ہے اور یہ عمل مزید توجہ بٹا سکتا ہے۔ اس لیے کوشش کی جائے کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال نہ کیا جائے جبکہ اس پر ٹیکسٹ میسیج لکھنا یا پڑھنا اس سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے
اگلی گاڑی سے فاصلہ
اکثر ڈرائیور اگلی گاڑی کے بہت قریب چلتے ہیں اور اگر اس کو ہنگامی طور پر بریک لگانا پڑ جائے تو آپ کی گاڑی اس سے ٹکرا سکتی ہے اس لیے مناسب فاصلہ رکھ کر گاڑٰی چلائیں۔ جبکہ اگر آپ کے پیچھے کوئی گاڑی بہت قریب چل رہی ہے تو بائیں طرف ہٹ کر اس کو آگے نکلنے کا موقع دے دیں
نشے کی حالت
سبھی جانتے ہیں کہ نشہ آور چیز لینے کا اثر کافی دیر تک جسم میں رہتا ہے اس لیے جب تک اس کے زیراثر رہیں ڈرائیونگ سے پرہیز کریں جبکہ دوران ڈرائیونگ ایسی کسی چیز کا استعمال تو اس سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے جیسے گاڑی چلاتے ہوئے پیکٹ سے سگریٹ نکالنا اور پھر اس کو جلانا
سیٹ ایڈجسٹ کریں
سبھی جانتے ہیں کہ گاڑی کی ڈرائیونگ آگے پیچھے ہو سکتی ہے اگر آپ اپنی جسامت کے مطابق اس کو سیٹ کیے بغیر ڈرائیونگ کریں گے تو اس سے آپ کو پریشانی ہو گی جو مسائل کا باعث بن سکتی ہے اس لیے بیٹھتے ہی سیٹ کو ایڈجسٹ کر لیں
دیگر عام غلطیاں
دوران ڈرائیونگ کوئی کاغذ یا موبائل پر میسیج پڑھنا ایک بہت بڑی غلطی ہے اس سے دھیان بٹتا ہے اور حادثہ ہو سکتا ہے
ہینڈ بریک کے استعمال میں کوتاہی برتنے کو بھی ایسی غلطی قرار دیا جاتا ہے جو کافی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے
گاڑی کہیں بھی پارک کرنے پر ہینڈ بریک کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے جہاں زمین ہموار نہ ہو وہاں کے لیے تو خصوصی طور پر ہدایت کی جاتی ہے
گاڑی کی رفتار میں اچانک اضافہ یا کمی کرنے کو غلطی ہی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس سے ایک تو حادثے کا احتمال رہتا ہے اور دوسرا اس سے گاڑی کی حالت پر بھی منفی اثر پڑتا ہے۔ ایندھن کی کھپت متاثر ہوتی ہے اور یکدم کچھ حصوں پر بوجھ بڑھنے کی صورت میں گاڑی میں خرابی کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔