کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مسجد کے نابینا مؤذن سے نامعلوم ملزم موبائل فون لے کر فرار ہو گیا، صرف یہی نہیں بلکہ شاطر ملزم نے آن لائن ایپ کا پاس ورڈ تبدیل کیا اور پینتیس ہزار روپے بھی نکلوا لیے
متاثرہ مؤذن کی جانب سے گلستان جوہر تھانے میں تحریری درخواست جمع کر دی گئی ہے ، جب کہ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک ایک میں جامعہ مسجد الہدی کے بینائی سے محروم مؤذن سے نامعلوم ملزم قیمتی موبائل فون لے کر فرار ہو گیا، شاطر ملزم نےبآن لائن ایپ کے ذریعے پینتیس ہزار روپے بھی نکلوا لیے۔ جس کے بعد متاثرہ مؤذن کی جانب سے گلستان جوہر تھانے میں تحریری درخواست بھی جمع کرادی گئی ہے
مؤذن محمد امجد نے بتایا کہ وہ گزشتہ نو سال سے اس مسجد و مدرسے سے وابستہ ہیں اور انہوں نے اپنی دینی تعلیم بھی یہیں مکمل کی ہے اور عالم بننے کے بعد گزشتہ دو سال سے مسجد کے مؤذن بھی ہیں اور بچوں کو دینی تعلیم بھی دے رہے ہیں
انہوں نے مزید بتایا ”یہ واقعہ دو روز قبل یکم مئی کو عصر اور مغرب کی نماز کے درمیان پیش آیا۔ میں نماز عصر کے بعد مسجد کے باہر آ رہا تھا کہ اسی دوران ایک ملزم میرے پاس آیا، جس نے اپنا نام حسن بتایا اور کہا کہ آپ کی آواز بہت اچھی ہے، آپ کی نعت پڑھتے ہوئے وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کروں گا، جس کے بعد وڈیو وائرل ہو جائے گی“
محمد امجد کے مطابق ”اس بہانے ملزم نے مجھ سے میرا موبائل فون لیا اور کہا آپ کے ہی موبائل سے وڈیو بناؤں گا کیونکہ آپ کے موبائل فون کے کیمرے کا رزلٹ اچھا ہے، ہم مسجد میں بیٹھ گئے اور میں نے نعت پڑھنا شروع کی تو اس دوران ملزم میرا موبائل فون لے کر فرار ہو گیا“
انہوں نے بتایا کہ جس وقت ملزم مسجد میں داخل ہوا، اس وقت مسجد خالی تھی اور تمام افراد عصر کی نماز کی ادائیگی کے بعد چلے گئے تھے، ان کے موبائل فون میں ان کے قومی شناختی کارڈ کی کاپی بھی موجود تھی
شاطر ملزم نے موبائل فون میں موجود آن لائن ایپ کا پاسورڈ تبدیل کیا اور پینتیس ہزار روپے دوسرے موبائل فون نمبرز پر منتقل کر دیے
انہوں نے بتایا کہ وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے تھوڑی تھوڑی کر کے رقم جمع کر رہے تھے اور پاسپورٹ بھی بنوا لیا تھا لیکن ملزم ان کی جمع پونجی لے کر فرار ہو گیا
مسجد انتظامیہ کے پاس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے، جو پولیس اور رینجرز کو فراہم کردی گئی ہے اور مسجد کی انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس ملزم کو فالفور گرفتار کیا جائے اور مسجد کے مؤذن کا جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے
گلستان جوہر میں نابینا موذن کو نعت ریکارڈ کرنے کے بہانے لوٹنے والے ملزم کو تلاش کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، اس بے غیرت شخص کا چہرہ بہت واضح ہے، اس کی گرفتاری میں شہری پولیس اور رینجرز کی مدد کریں
ریٹویٹ کردیں مدد ہوجایگی انشاءاللہ pic.twitter.com/vGrE3OPy4f
— Sanam Jamali🇵🇰 (@sana_J2) May 3, 2023
ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل مسجد کے باہر کھڑی کر کے پیدل مسجد میں داخل ہوتا ہے اور مؤذن کو لے کر مسجد میں بیٹھ جاتا ہے
مؤذن نعت پڑھنے میں مصروف ہوتے ہیں اسی دوران ملزم آس پاس کسی کو نہ پا کر موقع دیکھ کر رفو چکر ہو جاتا ہے
پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے اور امید ہے جلد اس کا سراغ لگا لیا جائے گا۔