بولی وڈ کے ’بگ بی‘ کہلانے والے سینئر ادکار امیتابھ بچن کی جانب سے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کھیلنے والے بچے کو بھارتی قرار دیے جانے پر شوبز شخصیات نے ان کی تصحیح کرتے ہوئے انہیں بتایا ہے کہ مذکورہ بچہ پاکستانی ہے
امیتابھ بچن نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر ایک وڈیو شیئر کی، جس میں ایک بچے کو کمرے میں شاندار انداز میں کرکٹ شاٹ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے
امیتابھ بچن نے بچے کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ بھارتی کرکٹ مضبوط ہاتھوں میں ہے
اگرچہ انہوں نے بچے سے متعلق یہ نہیں لکھا کہ وہ بھارتی ہے لیکن انہوں نے کیپشن سے تاثر دیا کہ وہ بھارتی ہی ہے اور بھارت کی کرکٹ محفوظ ہاتھوں میں ہے
ان کی جانب سے وڈیو کو شیئر کیے جانے کے بعد متعدد بھارتی شوبز شخصیات نے بھی بچے کی تعریفیں کرنا شروع کر دیں اور اس بات پر شکر ادا کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم محفوظ ہاتھوں میں ہے
علاوہ ازیں ہزاروں فالوورز نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے بچے کو مستقبل کا ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر قرار دیا
تاہم امیتابھ بچن کی ہی پوسٹ پر پاکستانی اداکار گوہر ممتاز اور گلوکار عاصم اظہر نے کمنٹس کر کے بولی وڈ بگ بی کو بتایا کہ دراصل مذکورہ بچہ بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی ہے
دونوں شوبز شخصیات نے امیتابھ بچن کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں ان کے بہت سارے مداح ہیں لیکن مذکورہ بچہ پاکستانی ہے
ساتھ ہی دونوں شخصیات نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں کھیل کر دونوں ممالک کا مستقبل بہتر بنائیں گی
پاکستانی شوبز شخصیات کی تصحیح کے بعد بعض بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے بھی تسلیم کیا کہ مذکورہ بچہ واقعی میں پاکستانی ہے
امیتابھ بچن کی پوسٹ پر ہی سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ وڈیو میں نظر آنے والا بچہ پاکستان کے صوبہ سندھ سے تعلق رکھتا ہے
بولی وڈ بگ بی نے جس بچے کی وڈیو شیئر کی، دراصل وہ ضلع گھوٹکی سے تعلق رکھتا ہے اور ان کی کرکٹ کھیلنے کی ویڈیوز ان کے چچا انسٹاگرام پر شیئر کرتے رہتے ہیں
بچے کے چچا رضا مہر نے ان کی متعدد وڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کر رکھی ہیں اور امیتابھ بچن کی جانب سے شئیر کی جانے والی وڈیو کو ابتدائی طور پر انہوں نے رواں برس اپریل میں شیئر کیا تھا
مذکورہ وڈیو پاکستانی سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی تھی جب کہ سندھی زبان کے نشریاتی اداروں نے اس پر خبریں بھی شائع کی تھیں
رضا مہر کی جانب سے اپنے بھتیجے کی مذکورہ وڈیو کے علاوہ متعدد وڈیوز شیئر کی جا چکی ہیں، جن میں بچے کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے
رضا مہر کی جانب سے اپنے بھتیجے کی شیئر کی گئی کرکٹ کھیلنے کی وڈیوز کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی زیادہ وڈیوز کے بیک گراؤنڈ میں بولی وڈ گانے یا دیگر بھارتی گانوں اور شعروں کی آواز سنائی دیتی ہے
مذکورہ بچے کی بعض وڈیوز میں بیک گراؤنڈ میں امیتابھ بچن کی شاعری پڑھنے کی آواز بھی شامل ہے۔