”اوہ یہ اسپیلنگ کیوں غلط ہو گئے۔۔ یہ میں نے کیا بھیج دیا“ یقیناً واٹس ایپ پر پیغام بھیجنے کے بعد آپ کے ذہن میں یہ خیال کئی مرتبہ آتا ہوگا اور پیغام ڈیلیٹ کرنے کے علاوہ آپ کے پاس کوئی چارہ نہیں ہوتا ہوگا، تاہم اب واٹس ایپ نے اس مشکل کا حل نکالا ہے
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ کی انتطامیہ نے بھی اس کی تصدیق کردی کہ جلد ہی ایپلی کیشن پر صارفین کو ایڈٹ آپشن دستیاب ہوگا
واضح رہے کہ واٹس ایپ کے
حوالے سے گزشتہ سال سے خبریں تھیں کہ اس میں میسیجز کو ایڈٹ کرنے کا فیچر پیش کیا جا رہا ہے
ساتھ ہی واٹس ایپ نے آئی او ایس کے لیے اسٹیکر ٹول کی آزمائش بھی شروع کر دی ہے
ایڈیٹ فیچر کے حوالے سے واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کو کسی کو بھیجے پیغام ایڈٹ یعنی ان میں تصحیح کرنے کے کے لیے پندرہ منٹ کی مہلت دینے جا رہا ہیں
واٹس ایپ کی جانب سے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ماہرین ایڈٹ فیچر پر کام کرنے میں مصروف ہیں اور اسے جلد پیش کردیا جائے گا
یہ ایک ایسا فیچر ہے، جو واٹس ایپ کے حریف پلیٹ فارمز ٹیلی گرام اور سگنل کے پاس پہلے سے تھا
خیال رہے کہ یہ فیچر فیسبک کی جانب سے ایک دہائی قبل متعارف کروایا گیا تھا
اس وقت فیسبک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کے آدھے سے زیادہ صارفین ویب سائٹ پر موبائل فونز کے ذریعے آتے ہیں اور اس کے ذریعے ٹائپ کرتے وقت غلطیاں زیادہ ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔ فیسبک پر جن اپ ڈیٹس میں تبدیلی کی جاتی ہے ان پر ’ایڈٹڈ‘ کا ٹیگ لگایا جاتا ہے
گذشتہ برس ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اپنے سبسکرائبرز کو یہ فیچر دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس فیچر کے تحت تیس منٹ کے اندر کئی مرتبہ پوسٹ ایڈٹ کی جا سکتی ہے۔ ٹوئٹر کی جانب سے اس وقت اپنے بلاگ پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ’ٹویٹنگ اب زیادہ آسان اور کم پریشان کن ہوگی۔‘
واٹس ایپ نے ایڈٹ فیچر کی مختصر وڈیو کو شیئر کیا، جس میں میسیجز کو ایڈٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے
اگرچہ ایپلیکیشن کی جانب سے ٹوئٹ کے کیپشن میں کچھ نہیں لکھا گیا، تاہم اس سے عندیہ ملتا ہے کہ جلد ہی واٹس ایپ صارفین ایڈٹ فیچر استعمال کر سکیں گے
جبکہ میسیجنگ سروس کی جانب سے پیر کو ایک بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ”پیغام میں اسپیلنگ کی غلطی کی تصحیح سے لے کر اس میں اضافی تفصیلات لکھنے تک ہم آپ کو اپنی چیٹس پر زیادہ کنٹرول دینے کے لیے پرجوش ہیں“
اس میں یہ بھی لکھا گیا ”آپ کو صرف سینڈ کرنے کے استمعال ہونے والے بٹن کو کچھ دیر کے لیے پریس کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ کے سامنے ایڈٹ کا آپشن آ جائے گا جو آپ کو پندرہ منٹ کی مہلت دے گا“
ایڈٹ کیے گئے پیغامات پر ’ایڈیٹڈ‘ کا ٹیگ لگایا جائے گا تاکہ جنہیں یہ پیغام موصول ہو، انہیں معلوم ہو کہ اس میں تبدیلی کی گئی ہے تاہم انہیں یہ نہیں دکھایا جائے گا کہ اس پیغام میں کس وقت کیا تبدیلی کی گئی تھی
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں خبر سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ نے دنیا بھر کے محدود صارفین کو آزمائش کے لیے ایڈٹ فیچر تک رسائی دے دی
واٹس ایپ پر ایڈٹ فیچر کو متعارف کرائے جانے کی خبریں سب سے پہلے جون 2022 میں سامنے آئی تھیں
لیکن ایک سال گزر جانے کے باوجود واٹس ایپ پر ایڈٹ فیچر کو متعارف نہیں کرایا جا سکا، البتہ دنیا کے لاکھوں صارفین کو اس کے آزمائشی پروگرام تک رسائی دے دی گئی ہے
اب واٹس ایپ کی جانب سے ایڈٹ فیچر کی تصدیق کیے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فیچر کو جلد ہی ایپلیکیشن پر پیش کردیا جائے گا
واٹس ایپ نے آئی او ایس کے لیے اسٹیکر ٹول کی آزمائش بھی شروع کردی
میٹا کمپنی کی مشہور ایپ فیسبک پر آپ نے کئی مرتبہ اسٹیکر استعمال کئے ہوں گے لیکن اب توقع ہے کہ بہت جلد یہ سہولت واٹس ایپ پر بھی دستیاب ہو سکتی ہے۔ فی الحال اسے آئی او ایس کے بی ٹا ورژن میں پیش کیا گیا ہے
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ایک اسٹیکر ٹول ہے، جو براہِ راست ایپ کے اندر بنائے جاسکتے ہیں۔ یعنی آئی او ایس کے ورژن 23.10.0.74 میں آپ خود بھی اسٹیکر تخلیق کرسکیں گے۔ واٹس ایپ کے اندر تبدیلیوں کی خبر دینےوالی ویب سائٹ، ویب بی ٹا انفو نے کہا ہےکہ ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔ جس میں نیچے کی جانب ’نیو اسٹیکر‘ کا آپشن دیکھا جاسکتا ہے
توقع ہے کہ آئی او ایس (ایپل سافٹ ویئر) 16 اے پی آئی، میں کسی بھی جگہ سے تصویر کاپی کرکے اسے بطور اسٹیکر پیسٹ کیا جاسکے گا۔ اس سے واٹس ایپ اسٹیکر بنائے جاسکیں گے اور ظاہر ہے کہ ان کی ایڈیٹنگ کی جا سکے گی
تجزیہ کاروں کے مطابق واٹس ایپ جلد ہی یہ سہولت اینڈرائڈ فون کے لیے متعارف کرائے گا تاہم اس کی حتمی تاریخ بتانا مشکل ہے۔ اسی طرح ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی یہ تبدیلی شاید ہفتوں یا مہینوں بعد متوقع ہوسکتی ہے
واٹس ایپ گزشتہ کچھ عرصے تواتر سے ایپلیکیشن پر نئے فیچر پیش کر رہا ہے، علاوہ ازیں پلیٹ فارم پر متعدد نئے فیچرز بھی پیش کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔