ملک بھر میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کی نئی تجویز

نیوز ڈیسک

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد  ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرتے وقت 10 جنوری سے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب اب تعلیمی ادارے مرحلہ وار 25 جنوری سے کھولنے کی تجویز پیش کی گئی ہے،. جس پر پیر 4 جنوری کو فیصلہ کیا جائے گا

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے تحت ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وارتین حصوں میں کھولنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اس بار پہلے مرحلے میں ملک بھر کے پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس تجویز پر کوئی بھی فیصلہ پیر 4 جنوری کو ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا جو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگی اور چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اس کانفرنس میں شریک ہونگے

ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کووڈ-19 کے کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا، جس کا ذکر ایک روز قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی کر چکے ہیں

اس سلسلے میں کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری اسکول 25 جنوری 2021ع سے کھول دیے جائیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل اور سیکنڈری اسکول کھول دیے جائیں اور تیسرے مرحلے میں ہائر سیکنڈری اور کالج کھولے جائیں

ذرائع کا محکمۂ تعلیم کے ایک  افسر کے حوالے سے کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پرائمری تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز اس لیے زیر غور ہے کہ موصولہ ڈیٹا کے مطابق ملک میں کووڈ کی شدت سے سب سے کم چھوٹے بچے متاثر ہوئے ہیں اور کووڈ کم عمر بچوں کو دیگر ایج گروپس کی طرح متاثر نہیں کر رہا

تعلیمی افسر کا مزید کہنا تھا کہ اسکول کھولنے سے متعلق یہ تینوں تاریخیں فی الحال صرف ایک تجویز تک محدود ہیں، اگر صورتحال بدستور خراب رہی تو 19 جنوری کو دوبارہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس بلا کر اس پر غور اور رد بدل کیا جاسکتا ہے

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ اس مرض سے بچنے کے قومی رجحان، اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد اور ملک کے نظامِ صحت پر موجود دباؤ کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا

دوسری جانب 4 جنوری کو ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے لیے بنائے گئے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں اسکول اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخری یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی اسی طرح گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021ع اگست سے شروع کیے جانے کا امکان ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close