نواز شریف کے اپوزیشن کی اے پی سی میں ویڈیو  خطاب کے اعلان پر ٹویٹر پر نون لیگ اور حکومت کی جنگ چھڑ گئی

نیوز ڈیسک

مسلم لیگ نون کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے، وہ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے اس بات تصدیق کی ہے کہ نواز شریف نے دعوت قبول کر لی ہے اور وہ اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے

دوسری جانب اے پی سی میں نواز شریف کی شرکت اور خطاب کے فیصلے کی تصدیق ن لیگ کی جانب سے بھی ہوگئی ہے. اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر بھی نشر کیا جائے گا

واضح رہے کہ بیس ستمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں اگر  نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہیں تو بیرون ملک روانگی کے بعد یہ کسی سیاسی سرگرمی میں ان کی پہلی باضابطہ شرکت ہوگی

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے نواز شریف کے خطاب کے اعلان پر پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے

شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے ’’یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کرے اور بھاشن دے۔ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا۔ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

ایک دوسرے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مريم نواز کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا ہے  ’’سوشل میڈیا پر بھی مجرم مجرم ہی رہتا ہے اور مفرور مفرور ہی۔ سوشل میڈیا پر اخلاقیات میں کیا کوئی فرق ہوتا ہے‘‘

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’’قطری خط اور کیلبری سوشل میڈیا پر بھی عزت و تکریم کا باعث نہیں بنتے۔ جتنے مرضی خطاب کر لیں جھوٹی باجی آپ کو اين آر او نہیں ملے گا اور آپ کو سزا کاٹے بغیر ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا‘‘

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے ان  ٹویٹس پر مریم نواز نے سخت ردعمل ظاهر کیا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا ہے کہ ’’کنٹینر پر گالیاں دینے، ہنڈی اورسول نافرمانی کی تلقین کرنے، بجلی کے بل پھاڑنے، سرکاری املاک و پولیس پر حملے کرنے والوں کو تو نواز شریف نے روکا اور نہ پیمرا کو استعمال کیا گیا‘‘

انہوں نے لکھا کہ ’’اب جب نواز شریف بولنے لگا ہے تو کیوں جان پر بن گئی ہے؟ یہ بھی لکھا کہ انشاء اللہ نواز شریف کی آواز گھر گھر گونجے گی، روک سکو تو روک لو‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close