کیا آپ باغبانی کے ان طبی فوائد کے بارے میں جانتے ہیں؟

ویب ڈیسک

ایک تو زرعی باغ یا ایگریکلچر فارم ہوتا ہے، لیکن ایک قسم کا باغ یا باغیچہ ہمارے گھر کے ساتھ اس جگہ کو بھی کہا جاتا ہے، جہاں مختلف درخت، پھول، پھل، سبزیاں وغیرہ کاشت کی جاتی ہیں

پودے اور درخت ہماری زندگی کا لازمی جزو ہیں۔ کچھ فطرت سے محبت کرنے والوں کو باغبانی کا شوق ہوتا ہے کیونکہ وہ فطرت کے قدرتی حسن کو پسند کرتے ہیں۔ فطرت سے محبت کرنے والے اپنے باغ میں طرح طرح کے پودے اور پھول اگاتے ہیں۔ باغبانی سے ہمیں فطرت کا مطالعہ کرنے کا بھی موقع ملتا ہے

پھولوں اور پودوں سے بھرا گھر کسی بھی عام جگہ کے حسن میں اضافہ کر دیتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ باغبانی ان چند مشاغل میں سے ایک ہے، جو صحت کے لئے سب سے زیادہ مفید ہیں

اگرچہ باغبانی کچھ لوگوں کا مشغلہ ہوتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ باغبانی واقعی کافی مفید سرگرمی ہے اور یہی وجہ ہے کہ باغبانی ہمارے لیے ضروری ہے

باغبانی ایک ایسی سرگرمی ہے جو کافی جسمانی مشقت مانگتی ہے۔ اس میں گھاس ڈالنا، پودوں کو پانی دینا، اور کٹائی وغیرہ شامل ہے۔ یہ سب کام باغبان کی جسمانی مشقت میں شامل ہیں۔ لہٰذا، باغبانی ورزش کا بھی ایک بہترین ذریعہ ہے

یہ ایک بہت ہی عملی سرگرمی ہے۔ اس کے ذریعہ ہم اپنی سبزیاں اور پھل بھی تیار کر سکتے ہیں، تاکہ ہم صحت مند غذا حاصل کر سکیں

باغبانی سے ہم ذہنی اور جسمانی طور پر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، باغبانی آپ کو قدرت کے کافی قریب کرتی ہے اور ذہن پر کافی مثبت اثر ڈالتی ہے

ہم میں سے بہت سے لوگ سبز جگہ میں رہنے اور کام کرنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں، اگر ہمارے آس پاس درخت ، پودے، پھول، گھاس ہوں تو ہمارا مزاج بھی بہتر رہتا ہے

تاہم اگر خاص طور پر ہم صحت کی بات کریں تو طبی ویب سائٹ ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق باغبانی آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے، اور آپ کے دماغ کو تیز طرار بناتی ہے

اس کے مزید کیا فائدے ہیں، آئیے جانتے ہیں:

 تناؤ کم کرنے میں مدد

جرنل آف فزیولوجیکل انتھروپولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ گھر یا دفتر میں موجود پودے آپ کو زیادہ آرام دہ اور پرسکون رہنے کا احساس دلاتے ہیں

تحقیق میں دو گروپ کو دو مختلف کام دیے گئے، ایک گروپ کو گھر میں موجود پودوں میں موجود مٹی کو نکال کر دوبارہ ڈالنے کا ٹاسک دیا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو کمپیوٹر سے متعلق ٹاسک دیا گیا، ہر ٹاسک کے بعد لوگوں کے دل اور بلڈ پریشر سمیت تناؤ کا جائزہ لیا گیا

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ گھر کے اندر باغبانی کرنے سے تناؤ میں کمی آئی جبکہ کمپیوٹر ٹاسک کرنے والے افراد کے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں اضافہ ہوا، حالانکہ مطالعے میں حصہ لینے والے نوجوان افراد کمپیوٹر کے کام سے اچھی طرح واقف تھے

محققین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پودوں کے ساتھ کام کرنے سے جسمانی اور نفسیاتی تناؤ کو کم کیا جا سکتا ہے

 دماغی صحت کے لیے فائدہ مند

باغبانی ہماری محبت، دیکھ بھال اور پرورش کا اظہار کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ باغبانی سے ہمیں بے پناہ خوشی ملتی ہے اور ہمارے ذہن کو سکون ملتا ہے

جن لوگوں میں دماغی بیماری کی علامات ظاہر ہوتی ہیں ان کے لیے باغبانی مددگار ثابت ہو سکتی ہے

محققین کا ماننا ہے کہ ڈپریشن، اضطراب اور ڈیمنشیا کے مریضوں کے لیے باغبانی کی تھراپی انتہائی فائدہ مند ہے

باغبانی روح کی غذا ہے

یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ پودے ہمارے ذہنی تناؤ کو ختم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں

اسی چیز نے ناسا کو ایک تجربہ کرنے پر قائل کیا، اس تجربے سے یہ ثابت ہوا کہ باغبانی خلا بازوں کو زمین سے بہت دور، ایک سخت ماحول میں ذہنی طور پر چست اور خوش رکھ سکتی ہے

ان کی تحقیق سے پتہ چلا کہ پودے لگانا اور بیج بونا انسان کے موڈ کو بہتر بناتا ہے اور ذہنی دباؤ کو کم کرتا ہے

 قوت مدافعت میں اضافہ

متعدد مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ دفتر میں پودے رکھنے سے پیداواری اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے

1996 میں کی گئی ایک تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کام کی جگہ پر طلبا نے 12 فیصد تیزی سے کام کیا اور کم دباؤ کا سامنا کرنا پڑا

 پودے ہوا کا معیار بہتر کرنے میں مددگار

پودے ہوا کے معیار میں بہتری کا بھی سبب بن سکتے ہیں، اس کے علاوہ پودے ہوا کی آلودگی کو بھی ختم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں

اگر آپ پودے خریدنے کا سوچ رہے ہیں تو ایسے پودے ضرور خریدیں، جو ہوا کا معیار بہتر کرنے میں بھی مدد دے سکے

مثال کے طور پر اریکا، لیڈی، ڈوافگ ڈیٹ اور بامبو پالم کے علاوہ بوسٹن فرن، ربڑ ٹری، اسپائڈر پلانٹ خرید سکتے ہیں

 مزاج میں مثبت تبدیلی

باغبانی کرنے کے دوران پودوں کی صفائی، کھدائی، کاٹنا اور چھانٹنا اور سبزی کی کاشت کرنا مزاج میں بہتری لا سکتا ہے

گھر کے باغیچے کو سنوارنے اور پودوں کی دیکھ بھال کے لیے تیس منٹ کا وقت بھی انسان کے مزاج میں بہتری کے لیے فائدہ مند ہے

 احساس ذمہ داری کا جذبہ

باغبانی کرنے سے انسان میں احساس ذمہ داری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، گھر میں لگے پھول اور پودوں کی دیکھ بھال، انہیں باقاعدگی سے پانی دینے سے گھر کے دیگر افراد میں بھی احساس ذمہ داری کا جذبہ پیدا کرتا ہے

اس سے صرف بڑے ہی نہیں بلکہ بچے بھی سبق سیکھ سکتے ہیں، بچوں میں دیکھ بھال کرنے اور پودوں کی حفاظت کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا، اور سچ پوچھیے تو ہمارے ماحول کو اس جذبے کی اشد ضرورت بھی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close