برازیلی فٹبال اسٹار نیمار پر 33 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد ہونے کی وجہ کیا ہے؟

ویب ڈیسک

برازیل کے ایک پراسیکیوٹر نے فٹبال اسٹار نیمار پر ریو ڈی جنیرو کے مضافات میں واقع اپنی حویلی کے اندر ماحولیاتی لائسنس کے بغیر جھیل بنانے پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ رئیلز (33 لاکھ امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا ہے

برازیل کے اسٹار فٹبال کھلاڑی نیمار جونیئر پر پیر کے روز اس وقت بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا، جب ریو ڈی جنیرو میں مقامی حکام نے پایا کہ ان کے وسیع و عریض بیچ ہاوس میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مصنوعی جھیل کی تعمیر کی گئی ہے

کونسل سکریٹریٹ نے ایک بیان میں کہا ”مانگاراتیبا میں ٹاؤن کونسل نے نیمار کی حویلی میں مصنوعی جھیل کی بنانے پر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر چار جرمانے عائد کیے ہیں“

بیان میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ رئیلز کا جرمانہ کیا گیا، جو کہ منگاراتیبا میں پراسیکیوٹر دفتر کی طرف سے مقرر کردہ رقم ہے

فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین کی طرف سے کھیلنے والے اس کھلاڑی کی حویلی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو سے تقریباً ایک سو تیس کلومیٹر دور ایک سیاحتی علاقے منگارا تیبا میں واقع ہے، جس کی مالیت کروڑوں ڈالر کی ہے

حکام کا کہنا ہے کہ اس شاندار حویلی میں کئی ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا پتہ چلا۔ ان میں سے ایک یہ بھی تھی کہ کارکنان اس میں ایک مصنوعی جھیل اور ساحلِ سمندر بنا رہے تھے

ان خلاف ورزیوں میں بغیر اجازت کے ماحولیاتی کنٹرول کے تحت تعمیرات کرنا، بغیر اجازت کے دریا کے پانی کا رخ موڑ کر اپنی حویلی میں لانا، بغیر اجازت کے زمین اور پودوں کو کاٹنا بھی شامل ہے

نیمار کے پاس جرمانے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے بیس دن کا وقت ہے

جرمانے کے ساتھ ساتھ اب اس معاملے کی تحقیقات ماحولیاتی کنٹرول کے دیگر اداروں کے ذریعے بھی کی جائیں گی۔ ان میں مقامی اٹارنی جنرل کا دفتر، ریاستی سول پولیس اور ماحولیاتی تحفظ کا دفتر شامل ہیں

رپورٹس کے مطابق 22 جون کو سوشل میڈیا پوسٹس کی بنیاد پر شکایات کے بعد حکام کو اس جائیداد کی حدود میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا پتا چلا، جہاں مزدور ایک مصنوعی جھیل اور ساحل تعمیر کر رہے تھے

حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور تمام سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا، لیکن برازیل کے میڈیا نے خبر دی کہ نیمار نے وہاں پارٹی کی اور جھیل میں نہائے

برازیل میں نیمار کے پریس ترجمان نے اے ایف پی کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا

اکتیس سالہ نیمار اس وقت اپنے دائیں ٹخنے کی سرجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، جو انہوں نے مارچ میں دوحہ میں کروائی تھی، وہ فروری کے بعد سے نہیں کھیلے اور ان کے پی ایس جی میں رہنے کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں

نیمار نے منگراتیبا حویلی 2016 میں خریدی تھی۔ برازیل کے میڈیا کے مطابق اس کا رقبہ دس ہزار مربع میٹر (107 ہزار مربع فٹ) ہے اور اس میں ہیلی کاپٹر اترنے کی جگہ، سپا اور جم شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close