حکومت ِ پاکستان نے عالمی طرز کی سماجی رابطے کی ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی یہ ایپ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی ماہرین کی جانب سے تیار کی جائے گی ۔ یہ جدید سماجی رابطہ ایپ مکمل تحفظ پر مبنی ہوگی
ذرائع کے مطابق اس میں مسیجز، وائس کال، ویڈیو کال سمیت دیگر تمام خصوصیات شامل ہوں گی۔ اس سماجی رابطہ ایپ کی تیاری پر بات چیت جاری ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس سماجی رابطہ ایپ پر باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے گا
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی نے ملکی سطح پر عوام کی سہولت کے لیے سماجی رابطہ ایپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اسے پاکستانی آئی ٹی ماہرین تیار کریں گے
وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے مسیجز، وائس میسج، ویڈیو کالنگ کے ساتھ سماجی رابطوں کی جدید سہولیات موجود ہونگی
انہوں نے کہا کہ اس ایپ میں ممکنہ طور پر موبائل نمبر اور شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن ہوگی، جب کہ اس میں لوگوں کے ڈیٹا اور پیغامات کا مکمل تحفظ ہوگا اور صارف کی ذاتی معلومات کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے گا
امین الحق نے بتایا کہ اس رابطہ ایپ میں غیر اخلاقی مواد کو شیئر نہیں کیا جا سکے گا، یہ سماجی رابطہ ایپ تجرباتی بنیادوں پر تیار کرنے کے بعد پہلے مرحلے میں بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی جس کے بعد اس کا دائرہٕ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا، اس مرحلے کے بعد عالمی سطح پر اس سماجی رابطہ ایپ کو متعارف کرایا جائے گا
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ایپ کو رواں برس شروع کر دیا جائے، اس کی تیاری پر جلد وزارت اور مقامی آئی ٹی ماہرین کام شروع کر دیں گے، یہ ایپ وزارت آئی ٹی کے ماتحت ہوگی.