کلیجی اگرچہ کچھ افراد کو نہیں بھاتی، لیکن جنہیں بھا جائے، وہ گوشت سے زیادہ کلیجی کھانا پسند کرتے ہیں. لیکن شرط یہ ہے کہ اسے بلکل درست طریقے سے پکایا جائے. آج ہم آپ کو کلیجی پکانے کی ایک آسان اور مزیدار ترکیب بتا رہے ہیں، جو کلیجی کو سب کے لئے مرغوب بنا دے گی
ضروری اجزاء
کلیجی (ڈیڑھ کلو)
سرخ پسی مرچ (ڈیڑھ ٹیبل سپون)
لہسن ادرک پیسٹ (ڈیڑھ ٹیبل سپون)
پسا ہوا گرم مصالحہ (ڈیڑھ ٹی سپون)
ہلدی (1 چائے کا چمچ)
نمک (حسب ذائقہ)
میتھی دانہ (1 چٹکی)
ہری مرچ (5 عدد)
سویا (باریک کٹا ہوا ڈیڑھ گٹھی)
پیاز (3 عدد پیس لیں)
ہرا دھنیا (1 گٹھی باریک کاٹ لیں)
تیل (ڈیڑھ کپ)
پکانے کی آسان ترکیب:
کلیجی کی بساند/ بُو دور کرنے کے لیے:
کلیجی کو دھونے سے پہلے ایک پوتھی لہسن چھلکے سمیت کچل کر اچھی طرح لگا کر بیس منٹ کے لیے رکھ دیں.
پھر اسے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں
ایک دیگچی میں تیل ڈال کر گرم کریں
پھر اس میں میتھی دانہ ڈال کر دو منٹ بعد پسی ہوئی پیاز ڈال کر فرائی کریں
جب پیاز ہلکی گلابی ہو جائے تو ادرک لہسن ہلدی اور مرچ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں
پھر کلیجی سویا ہری مرچ اور گرم مصالحہ ڈال کر بھونیں اور 10 منٹ کے لئے دم پر رکھ دیں۔
سب سے آخر میں نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں
نمک شروع میں نہ ڈالیں اس سے کلیجی سخت ہو جاتی ہے ، نمک مکس کرنے کے بعد کسی ڈش میں نکال لیں پھر اوپر ہرا دھنیا چھڑک دیں. لیجئے.. مزیدار کلیجی تیار ہے!
کلیجی کی افادیت کا اندازہ آپ اسمیں موجود غذائی اجزاء سے بخوبی لگاسکتے ہیں
سو گرام گائے کی کلیجی میں درج ذیل غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں:
کیلشیئم: 11.0mg
فاسفورس: 476.0mg
میگنیشیم: 18.0mg
پوٹاشیم: 380.0mg
آئرن: 8.8mg
ذنک: 4.0mg
کاپر: 12.0mg
وٹامن: اے53,400IU
وٹامن: ڈی19IU
وٹامن ای: .63mg
وٹامن سی: 27.0mg
تھیامن: .26mg
ربوفلیون: 4.19mg
نیاسن: 16.5mg
پینٹوتھینک ایسڈ: 8.8mg
وٹامن بی6 73mg
فولک ایسڈ: 145.0mcg
بائیوٹن: 96.0mg
وٹامن بی12: 111.3mcg
ضروری نوٹ:
آپ جب بھی کلیجی کا استعمال کریں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ صاف اور صحت مند جانور کی ہونی چاہئے. ہمیشہ کوشش کریں کہ چراگاہوں کے جانوروں کی کلیجی استعمال کریں کیونکہ جن جانوروں کی خوراک میں قدرتی چارہ شامل ہوتا ہے وہ صحت کے لئے مفید ہوتے ہیں. بہتر یہ ہے کہ تازہ کلیجی پکائیں، جو زیادہ مفید ہے. کلیجی کو بہت زیادہ پکانے سے گریز کریں، ورنہ وہ سخت اور بے ذائقہ ہو جاتی ہے. اس کے ساتھ اگر لیموں کااستعمال کیا جائے تو یہ بآسانی ہضم ہوجاتی ہے. رات میں کلیجی کھانے سے گریز کریں.