دنیا کی سب سے بڑی وڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے کانٹینٹ کریئیٹرز کی سہولت کے لیے وڈیو ایپلیکیشن متعارف کرا دی ہے، جو کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹولز سے لیس ہوگی۔
یوٹیوب نے 21 ستمبر کو اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا ”صارفین اب ’یوٹیوب کریئیٹ‘ نامی ایپ کے ذریعے وڈیوز کو با آسانی ایڈٹ کر سکیں گے۔“
ویب سائٹ لائیو مِنٹ کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے اس ایڈیٹنگ ایپ کو ’میڈ آن یوٹیوب‘ ایونٹ میں متعارف کروا گیا، جس کے بِیٹا ورژن کو فی الحال انڈیا، امریکہ، جرمنی، فرانس، برطانیہ، انڈونیشیا، کوریا اور سنگاپور میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ ’یوٹیوب کرییٹ‘ کو آئی او ایس یعنی آئی فون پر 2024 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے
’یوٹیوب کریئیٹ‘ نامی وڈیو ایڈٹ ایپ کو پاکستان سمیت درجنوں ممالک میں فوری طور پر متعارف نہیں کرایا گیا، تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ چند ماہ کے دوران دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کر دیا جائے گا
’میڈ آن یوٹیوب‘ ایونٹ میں کمپنی نے کہا ”ہمیں علم ہے کہ نئے کریئیٹرز کے لیے وڈیوز ایڈٹ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس مرحلے کو آسان بنانے کے لیے اور سب کو یوٹیوب پر وڈیو بنانے اور شیئر کرنے کے لیے ہم نئی موبائل ایپ ’یوٹیوب کریئیٹ‘ کو لانچ کر رہے ہیں“
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یوٹیوب کریئیٹ ایک فری ایپ ہے، جس کے ذریعے وڈیوز کو آسان اور سادہ طریقے سے پروڈیوس کیا جا سکتا ہے
اس وڈیو ایپلیکیشن کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مصنوعی ذہانت سے لیس ہوگی اور مواد تیار کرنے والے افراد اے آئی وڈیوز اور تصاویر کا بھی استعمال کر سکیں گے۔ یہ ایپ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے فیچرز سے بھرپور ہے، جس میں ایڈیٹنگ، ٹِریمنگ، آٹومیٹک کیپشیننگ، وائس اوور اور ٹرانزیشن کے فیچر شامل ہیں
مذکورہ وڈیو ایپ پر رائلٹی فری لاتعداد میوزک بھی دستیاب ہوگی اور صارفین کی سہولت کے لیے اس میں موسیقی سمیت گانوں کو تلاش کرنے کے فیچر کو بھی بہتر بنایا گیا ہے
مذکورہ ایپ کے ذریعے مواد تیار کرنے والے افراد آڈیو مکسنگ، وڈیو مکسنگ، مصنوعی ذہانت کی مدد سے بیک گراؤنڈ تیار کرنے سمیت بعض تصاویر اور وڈیوز بھی مصنوعی طریقے سے بنا سکیں گے
مذکورہ ایپ کو براہ راست یوٹیوب شارٹس سے جوڑا جائے گا، جس کے ذریعے صارفین اپنی ایڈٹ شدہ وڈیوز کو براہ راست اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کر سکیں گے
اس کے علاوہ یوٹیوب نے اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ اُن کی جانب سے ایک نیا تجرباتی فیچر ’ڈریم اسکرین‘ کو بھی ٹیسٹنگ کے لیے لانچ کیا جائے گا، جس کی مدد سے وڈیو کریئیٹرز اپنی وڈیو کے بیک گراؤںڈ میں اے آئی کی مدد سے بنائی گئی وڈیو یا پھر تصاویر کو اپنی شارٹ وڈیو میں شامل کر سکتے ہیں
یوٹیوب نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے ”ہم ڈریم اسکرین کو مخصوص کریئیٹرز کے لیے متعارف کروائیں گے، جس کے بعد اسے اگلے برس بڑے پیمانے پر ریلیز کیا جائے گا“
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ وڈیو ایپ سے عام وڈیو ایڈٹ کرکے انہیں یوٹیوب پر شیئر کیے بغیر ہی ڈاؤنلوڈ کر کے کسی دوسرے پلیٹ فارم پر شیئر کیا جا سکے گا یا نہیں؟
امکان ہے کہ وڈیو ایڈٹ ایپلی کیشن میں وڈیو کو یوٹیوب پر شیئر کیے بغیر ہی ڈاؤن لوڈ کرنے کا آپشن ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے
یوٹیوب کی وڈیو ایڈٹ ایپلی کیشن کو مواد تیار کرنے والے افراد کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سے یوٹیوب شارٹس پر زیادہ مواد اپ لوڈ کیا جانے لگے گا
اس وقت یوٹیوب شارٹس کی وڈیوز یومیہ 70 ارب بار دیکھی جاتی ہیں اور اس میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔