جو بائیڈن کا پہلا دن؛ مسلمانوں پر سفری پابندی کے خاتمےسمیت 15 صدارتی حکم نامے جاری

نیوز ڈیسک

نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے عہدہ سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم اکثریت رکھنے والے چند ممالک پر لگائی گئی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جو بائیڈن نے امریکا کے 46ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف لیتے ہی مسلمانوں پر عائد پابندی ختم کرنے سمیت 15 صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیے، ان میں اکثر حکم نامے ڈونلڈ ٹرمپ کی پناہ گزین مخالف پالیسی سمیت دیگر متنازعہ پالیسیوں کو ختم کرنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں

نومنتخب امریکی صدر کی جانب سے جن صدارتی حکم ناموں پر دستخط کیے گئے ہیں ان میں مسلمانوں پر سفری پابندیوں کا خاتمہ، پیرس ماحولیاتی معاہدہ میں شمولیت اور کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کے حکم نامے سرفہرست ہیں

امریکی صدر نے اپنے ابتدائی حکم نامے میں عالمی ادارۂ صحت میں واپس جانے کا اعلان بھی کیا ہے، جس سے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہہ کر علیحدگی اختیار کردی تھی کہ یہ ادارہ کورونا وائرس کے دوران چین سے سخت باز پرس نہیں کر رہا

اس موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ حکم نامے اور ہدایات جاری کرنے کے لیے وقت ضائع نہیں کر سکتے، ہم کورونا بحران کو کنٹرول کریں گے، کورونا سے متاثرہ معیشت کی بحالی کے لیے امداد کی فراہم کریں گے، ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کریں گے اور نسلی مساوات کو فروغ دیں گے

امریکی صدر کی جانب سے دیگر صدارتی حکم ناموں میں، وفاقی املاک پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وائٹ ہاؤس میں نئے دفتر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا

واضح رہے کہ ہر آنے والا امریکی صدر ابتدائی دنوں میں پچھلے صدر کی جانب سے عائد کردہ پالیسیوں کو روکنے کے لیے بہت سارے حکم نامے جاری کرتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی عہدہ سنبھالتے ہی یہی کیا تھا، لیکن ان کے متعدد حکم ناموں کو عدالت میں چیلنج کر دیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close