ڈجیٹل دور میں جہاں زندگی کے معمولات میں بے شمار تبدیلیاں آئی ہیں، وہاں روایتی کتابوں کے حوالے سے بھی بہت بڑا بدلاؤ آیا ہے
اس حقیقتںکو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ کتب بینی کے عادی افراد تاحال روایتی کتابیں پڑھنے کی اپنی عادت سے مجبور ہیں اور وہ اپنے اس شوق کی تسکین کے لیے جب تک کتاب کا مطالعہ نہ کریں تو انہیں ذہنی سکون نہیں ملتا۔ یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ ایسے افراد کتب بینی کے حوالے سے ایک قسم کے سحر میں مبتلا ہوتے ہیں
موجودہ دور میں جب کوئی مطالعے کا شوقین اپنے مطالعہ کی عادت سے مجبور ہو کر چند پسندیدہ کتب خریدنے کی خواہش کرتا ہے تو وہ ان کی قیمت دیکھ کر کچھ دیر تو ضرور پریشان ہو جاتا ہے، کیونکہ ان قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے
حال ہی میں سعودی میگزین الرجل نے مطالعے کے شوقین افراد کے لیے چند ایسے طریقوں کے بارے میں بتایا ہے، جنہیں بروئے کار لا کر وہ اضافی رقم خرچ کیے بغیر مفت میں اپنی من پسند کتابیں حاصل کرسکیں گے۔ ذیل میں ہم سنگت میگ کے قارئین کے لیے اس کی تفصیلات پیش کر رہے ہیں
1 ۔ لائبریری جائیں
ہر ملک میں ہزاروں عوامی کتب خانے موجود ہوتے ہیں، جہاں انواع و اقسام کی کتابیں خواہ وہ روایتی ہوں یا ڈجیٹل کاپی کی صورت میں دستیاب ہوتی ہیں۔ یہ بھی یقینی امر ہے کہ کسی نہ کسی لائبریری میں آپ کی من پسند کتابیں بھی ضرور موجود ہوں گی
کرنا آپ کو صرف یہ ہے کہ آپ اس لائبریری کے رُکن بن جائیں اور وہاں سے اپنی من پسند کتابیں یا سیریز حاصل کریں اور انہیں پڑھنے کے بعد مقررہ وقت پر واپس کر دیں۔ اس طرح آپ کو کتابیں خریدنے کے لیے اضافی رقم خرچ نہیں کرنا پڑے گی
2 ۔ کتب خانوں کی ایپلکیشنز
اگر آپ کسی وجہ سے لائبریری میں نہیں جا سکتے تو بھی کوئی مسئلہ نہیں، سمارٹ ایپس نے یہ مسئلہ بھی تقریباً حل کر ہی دیا ہے، جس کے ذریعے آپ آسانی سے کسی بھی کتب خانے میں موجود کتابوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو صرف یہ کرنا ہوگا کہ کتب خانے (لائبریری) کے ہوم پیچ پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں، جس کے بعد آپ کوئی رقم ادا کیے بغیر کسی وقت بھی اپنی من پسند کتابوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں
3 ۔ مفت ڈجیٹل کتابیں
روایتی کتاب کی طرح ڈجیٹل کتب کو اگر آپ اپنے ہاتھوں میں نہیں تھام سکتے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ باقاعدہ کتاب نہیں ہے، ویب سائٹ ’بک بوب‘ آپ کو یہ سہولت بھی فراہم کرتی ہے کہ جس کتاب کا آپ مطالعہ کرنا چاہتے ہیں، اس کا عنوان درج کریں اور ویب سائٹ چند لمحوں میں اس بارے میں تمام معلومات آپ کو فراہم کر دے گی کہ مذکورہ کتاب کس لائبریری میں دستیاب ہے، اور اسے مفت میں کیسے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے
4 ۔ بک ٹریڈنگ سائٹس کے رُکن بنیں
انٹرنیٹ پر اب شیئرنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے، جس سے آپ دیگر قارئین کے ساتھ کتابیں شیئر بھی کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے متعدد ویب سائٹس موجود ہیں، جن میں ’بک موچ‘ ’پیپربیک سواپ‘ وغیرہ شامل ہیں، جن پر آپ اپنی کتاب دوسرے قارئین کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ شیئرنگ کے لیے جب آپ کسی کو میل کرتے ہیں تو آپ کو اس کے پوائنٹس بھی ملتے ہیں۔
5۔ ریٹنگ کرنا
کسی بھی کتاب کے بارے میں رائے دینا بہت اہم ہوتا ہے۔ اس حوالے سے آپ اگر رائے دیتے ہیں تاکہ دوسرے لوگ آپ کے مطالعہ اور حاصل مطالعے کا جائزہ لینے کے بعد کتاب کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں تو ’نیٹ گیلی‘ جیسی ویب سائٹس کی جانب سے کتاب کی درجہ بندی کرنے یعنی اس کے بارے میں رائے دینے والوں کو پیشگی کاپیاں ارسال کی جاتی ہیں۔
آپ اگر سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہیں اور آپ کے فالوورز کی تعداد بھی زیادہ ہے اور کتابوں پر اپنی رائے بھی دیتے ہیں تو اس صورت میں کوئی بھی پبلشر آپ کو نئی کتابوں کی کاپیاں ارسال کرنے میں پس و پیش سے کام نہیں لے گا۔
6۔ چھوٹی اور مفت لائبریری تلاش کریں
جب بھی آپ اپنے علاقے کی سیر کریں تو کوشش کریں کہ وہاں چھوٹی لائبریری تلاش کریں، جہاں آپ کو متعدد کتابیں مفت میں پڑھنے کے لیے مل سکیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ اپنی پڑھی ہوئی کسی کتاب کے بدلے میں دوسری کتاب حاصل کر سکیں
7 ۔ سوشل میڈیا
آپ اگر سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں اور مطالعے کے شوقین بھی ہیں تو اس صورت میں آپ یقینی طور پر پبلشرز کے ایڈریسز سے بھی واقف ہوں گے
عام طور پر پبلشرز ایسے افراد کو جو کتب بینی کا شغف رکھتے ہیں، انہیں مفت میں نئی کتابیں تحفے کے طور پر بھی ارسال کرتے ہیں تو کچھ یوں بھی آپ بنا کچھ خرچ کیے اپنے مطالعے کا شوق پورا کر سکتے ہیں۔