صوبہ پنجاب سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سردار خرم لغاری نے اب جماعت چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد سینٹ انتخاب سے پہلے تحریک انصاف کو پنجاب میں بڑا دھچکا لگ سکتا ہے
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سردار خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سردارخرم لغاری پی پی 275 سے عام انتخابات میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ باضابطہ پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کی وجوہات کا اعلان کریں گے
دوسری جانب خرم لغاری نے دعویٰ کیا ہے کہ میں ہی نہیں میرے ساتھ پانچ اور ارکان اسمبلی بھی پارٹی چھوڑیں گے۔ ایک ایک کر کے پانچوں ارکان پارٹی چھوڑیں گے
انہوں نے کہا کہ میں آزاد حیثیت سے جیت کر تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، کئی بار حلقے کے مسائل پر آواز اٹھائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی
خرم لغاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے یوتھ کا نعرہ لگایا مگر بعد میں اس کو چھوڑ دیا۔ آج عمران خان کے ٹائیگر کہاں ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ عمران خان سے میرا ایک ہی سوال ہے آج وہ یوتھ کہاں ہے، جس کی آپ بات کیا کرتے تھے، جب عوام ہی کے مسائل حل نہ ہوں تو پھر کیا فائدہ؟
واضح رہے کہ سردار خرم لغاری چند ماہ قبل چیئرمین ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے عہدے سے بھی مستعفی ہو چکے ہیں.