کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین نادر ممتاز وڑائچ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کراچی بندرگاہ سے انٹرنیشنل روٹ پر فیری سروس کی منظوری دے دی ہے
پاکستان میرین اکیڈمی کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین کے پی ٹی کا کہنا تھا کہ کراچی ویسٹ ہارف پر فیری کروز ٹرمینل تقریباً تیار ہو چکے ہیں. انٹرنیشنل فیری سروس کراچی کی بندرگاہ سے بیرون ملک کہیں بھی جاسکتی ہے، اسے پرائیوٹ سیکٹر کے ذریعے چلایا جائے گا، جس کے لیے ہوائی اڈوں کی طرز پر اے این ایف، کسٹم اور دیگر اداروں کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے
انہوں نے کہا کہ میری ٹائم یونیورسٹی کا قیام اہم قدم ہوگا، اس حوالے سے کیس ایچ ایس سی کے پاس گیا ہوا ہے جلد ہی یونیورسٹی کی منظوری بھی مل جائے گی، یونیورسٹی کے آؤٹ سٹی کیمپس اور مالی طور پر پاکستان میرین اکیڈمی کو سپورٹ کریں گے
چئیرمین کے پی ٹی کے مطابق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی طرح گوادر پورٹ بھی اہمیت کا حامل ہے، ماضی میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے پاس بحری جہازوں کا بہت بڑا فلیٹ تھا، جس میں کچھ معاشی وجوہات کی بنا پر کمی واقع ہوئی تاہم اب پی این ایس سی کے جہازوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔