دو روز قبل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارجنٹینا میں کروڑوں کی تعداد میں مچھر ایک بگولے کے صورت میں یوں اڑ رہے ہیں کہ ان پر مچھروں کے طوفان کا گمان ہوتا ہے
یہ ویڈیو ایک کارسوار نے بنائی ہے جو پہلے اسے گرد و غبار کا ایک طوفان سمجھا، لیکن قریب پہنچنے پر انکشاف ہوا کہ درحقیقت یہ مچھروں کا ایک خوفناک غول ہے
اس ویڈیو کو اب تک بڑی تعداد میں دیکھا گیا ہے اور کسی نے اسے موسمیاتی تبدیلی سے تعبیر کیا ہے تو دیگر افراد نے مچھروں کی نسل خیزی قرار دیا ہے
ویڈیو بنانے والے شخص کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا منظر نہیں دیکھا کہ گویا مچھروں کی بڑی تعداد پھٹ پڑی ہو۔ بیونس آئرس کے اطراف میں مسلسل بارشیں ہونے کے بعد یہ منظر دیکھا گیا ہے، جہاں مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیئے ہیں اور اس کے بعد ان گنت مچھروں نے اڑان بھری اور بگولے کی شکل اختیار کرلی
اس حوالے سے ارجنٹینا میں مرکز برائے پیراسائٹ اور ویکٹر ڈزیز کے سربراہ ہوآن ہوزے گارشیا کہتے ہیں کہ مسلسل بارش سے ہرجگہ پانی کے بڑے جوہڑ اور تالاب بن گئے ہیں۔ ان پر مادہ مچھروں نے بڑی تعداد میں انڈے دیئے اور ان سے نمودار ہونے والے مچھروں نے یہ شکل اختیار کرلی جو آج دکھائی دے رہی ہے
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح مچھروں کی بڑی تعداد گھروں اور شہروں تک بھی پہنچ سکتی ہے، جو خطرناک ہو سکتا ہے
دوسری جانب ماہرِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لانینا موسمیاتی مظہر کی وجہ سے ملک میں نمی کی مقدار زائد ہے اور مچھروں کی بھرمار ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کیفیت سے کسان بہت خوش ہیں کیونکہ فصلیں اچھی ہوں گی اور جنگلات کی آگ کا خدشہ بھی کم ہوجائے گا.