تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ طور پر اپنا ووٹ بیچنے والے دو اراکین سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکال دیا ہے
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جماعتی حکمتِ عملی سے روگردانی کرنے والے دو اراکین سندھ اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس ون جیکب آباد 1 سے اسلم ابڑو اور پی ایس 18 گھوٹکی 1 سے شہریار خان شر کو پارٹی سے نکالنے کا حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے
بیان کے مطابق تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی نے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کر دی ہے، جب کہ تحریک انصاف کی قیادت کو دونوں اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کی بھی سفارش کی گئی ہے
سفارش میں کہا گیا ہے کہ سینٹ انتخابات کے دوران اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی، دونوں اراکین سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا، واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزمان کی جانب سے صفائی پیش نہ کئے جانے پر معاملہ نمٹا رہے ہیں، اسلم ابڑو اور شہریار شر کی بنیادی رکنیت ختم کر کے دونوں کو فوری جماعت سے نکالا جائے، الیکشن کمیشن سے رجوع کر کے دونوں اراکینِ سندھ اسمبلی سے اسمبلی رکنیت بھی واپس لی جائے، ملزمان قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی کے اس فیصلے کے خلاف مرکزی سکیڈ کے روبرو سات دنوں میں اپیل دائر کرنے کے مجاز ہونگے.