صوبہ پنجاب میں امریکی خاتون کے ساتھ ریپ کا معاملہ

ویب ڈیسک

پنجاب کے جنوبی شہر ڈیرہ غازی خان کے تفریحی مقام فورٹ منرو میں ایک امریکی خاتون سے ہوٹل میں اجتماعی ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے

مقدمے کے مطابق اکیس سالہ ارابیلا ارپی (Arabela Urpi) کو راجن پور کے رہاشی ان کے دوست محمد مزمل اور محمد عابد نے فورٹ منرو کے مقامی ہوٹل میں ریپ کا نشانہ بنایا

پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ ایک ابھی تک فرار ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے

ارابیلا مئی میں پاکستان آئیں تھیں۔ انہوں نے لاہور، بہاولپور، راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور فورٹ منرو کی سیاحت کی

پولیس ریکارڈ کے مطابق وہ ملزم مزمل کی دوست تھیں اور راجن پور میں ان کے گھر بھی رہیں اور ڈیڑھ ماہ سے مختلف مقامات پر سیر کے لیے بھی جاتی رہیں

ارابیلا نے فیسبک پر پیج بھی بنایا ہوا ہے، جہاں وہ پاکستان کے مختلف تاریخی اور تفریحی مقامات کی تصاویر بھی اپ لوڈ کرتی رہیں

سرکاری حکام کے مطابق متاثرہ خاتون لاہور کے رہائشی نوجوان باشل خان کے پاس رہتی رہیں اور انہیں اپنا منگیتر کہتی ہیں۔ وہ پہلی بار پاکستان نہیں آئیں بلکہ کئی بار آ جا چکی ہیں

واقعہ کیسے پیش آیا؟

پولیٹیکل اسسٹنٹ ڈیرہ غازی خان اکرام ملک نے بتایا کہ ’امریکی خاتون سے زیادتی کا واقعہ اس لیے پیش آیا کہ انہوں نے انتظامیہ کو اپنے آنے کی اطلاع تک نہیں دی ورنہ انہیں سکیورٹی فراہم کی جاتی‘

انہوں نے بتایا کہ ”فورٹ منرو ہوٹل میں ان سے ریپ کرنے والے ملزم مزمل خان کے ساتھ ان کی دوستی سوشل میڈیا پر پاکستان میں رہتے ہوئے ہوئی اور وہ اس سے ملنے راجن پور پہنچ گئیں، دو چار دن اس کے گھر رہیں، پھر اس کے ساتھ فورٹ منرو گئیں“

خاتون نے الزام عائد کیا کہ انہیں ہوٹل میں ’مزمل خان نے اپنے دوست محمد آزان اور محمد عابد کے ساتھ مل کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور وڈیوز بھی بنا لیں‘

انہوں نے ملٹری بارڈر فورس کو درخواست دی تو ملزموں کے خلاف کارروائی کی گئی

انتظامیہ نے امریکی خاتون کو مجسٹریٹ کے پاس پیش کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کی اجازت حاصل کی اور لاہور میں ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا، جس کی رپورٹ آنا باقی ہے

ڈیرہ غازی خان انتظامیہ کے مطابق ’فورٹ منرو میں غیر ملکی سیاحوں کے لیے بغیر اجازت داخلے پر پابندی ہے، لیکن خاتون اپنے دوست کے ساتھ بغیر اجازت یا اطلاع کے چلی گئیں اور وہاں دو دن تک گھومتی پھرتی رہیں‘

ڈیرہ غازی خان پولیس نے مرکزی ملزم مزمل خان کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ خاتون کو انتظامیہ نے حفاظتی تحویل میں لے رکھا ہے

پولیٹیکل اسسٹنٹ اکرام ملک کے مطابق ابھی تک خاتون کی فیملی سے کسی نے بھی امریکہ سے رابطہ نہیں کیا صرف ان کے منگیتر باشل خان پیروی کر رہے ہیں

ڈیرہ غازی خان عدالت پیشی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارابیلا نے کہا کہ ’میں یہ صدمہ زندگی بھر نہیں بھلا سکوں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے میری شکایت پر فوری کارروائی کی اور اگر اسی تیزی سے کارروائی جاری رہی تو مجھے عدالت سے انصاف ملنے کی امید ہے‘

’میں سیاحت کے لیے یہاں آئی تھی کیونکہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے۔ اس کا مثبت امیج دنیا کو دکھانا چاہتی ہوں، اس ملک سے دلی لگاؤ ہے۔ میرا مطالبہ ہے کہ مجھے فوری انصاف فراہم کیا جائے اور میرے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو سزا دی جائے۔ پاکستان غیر ملکی سیاحوں کے لئے بہت خوبصورت ملک ہے۔‘

ارابیلا نے فیسبک پر ’دا اسپائسی ٹریول گرل‘ کے نام سے ایک پیج بھی بنا رکھا ہے، جس پر 30 مئی سے لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں تفریحی اور تاریخی مقامات پر بنی تصاویر موجود ہیں

انہوں نے آخری میسج گزشتہ روز کیا، جس میں کہا کہ وہ مذکورہ واقعے کی وجہ سے اب اپنے فالورز کو پاکستان کی سیر نہیں کروا سکیں گی، جیسے ہی معاملہ حل ہوگا وہ دوبارہ اس پیج پر متحرک ہوجائیں گی

ارابیلا نے مختصر مدت میں اردو، پنجابی اور سرائیکی زبان بھی بولنا سیکھی اور بلوچی سمیت پاکستانی ثقافتی لباس میں دکھائی دیں۔ فورٹ منرو میں بھی واقعے سے ایک دن پہلے کی تصاویر پیج پر موجود ہیں۔ یہ واقعہ 17 اور 18جولائی کی درمیانی شب پیش آیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close