فرسٹ ایئر کے داخلے نویں کی بجائے میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر، محکمہ کالج کا نیا بکھیڑا

نیوز ڈیسک

سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے برعکس انٹر سال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ طلبہ ایک مرتبہ پھر غیر یقینی کی کیفیت سے دوچار ہوگئے ہیں

قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر عبدالحمید چنڑ نے سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے  مذکورہ فیصلے کی تصدیق کی ہے.

ان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری کالج ایجوکیشن نویں جماعت کی بنیاد پر انٹر سال اول کے داخلوں کے لیے تیار نہیں، ہم کسی طالب علم کی حق تلفی نہیں چاہتے نویں کی بنیاد پر داخلے دے دیں اور اگر میٹرک میں ان کے نتائج تبدیل ہوگئے تو کیا کریں گے؟

جب ان کی توجہ نئی پرموشن پالیسی کی طرف مبذول کرائی گئی جس کے تحت میٹرک کے نتائج نویں جماعت کے حاصل کردہ نمبر کی بنیاد پر ہی آنے ہیں تو وہ یہ کہہ کر بات کو ٹال گئے کہ یہ سیکریٹری صاحب کا فیصلہ ہے لہذہ آپ ان ہی  سے پوچھیں

اس ضمن میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن باقر عباس کا براہ راست موقف سامنے نہیں آ سکا.

واضح رہے کہ کوروناوائرس وبا کی وجہ سے رواں سال مارچ میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے نویں کے نتائج کی بنیاد پر گیارہویں جماعت میں داخلوں کی منظوری دی تھی، لیکن محکمہ کالج ایجوکیشن کے تازہ بیان کے بعد صورتحال ایک مرتبہ پھر غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے.

ذرائع کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن کو سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے میٹرک کے نتائج کے اجراء کا انتظار ہے، اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ نتائج بھی اس مہینے جاری نہیں ہو سکیں گے.

نئی پرموشن پالیسی کے تحت طلبا کو خصوصی مارک شیٹس جاری کی جانی تھیں، جن کی بنیاد پر مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت کراچی کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کے فرسٹ ایئر میں داخلوں کا سلسلہ شروع ہوگا، لیکن اب موجودہ صورتحال میں نئے تعلیمی سیشن شروع ہونے پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے.

ادھر چیئرمین بورڈ نے مارک شیٹس کی تیاری کے سلسلے میں ایک نئے مسئلے کی نشاندہی کی ہے. ان کے مطابق تمام تعلیمی بورڈز کے آئی ٹی کے شعبوں میں موجود سوفٹ ویئر نئی پالیسی کو سپورٹ نہیں کر رہا، لہذا مارک شیٹس تیار کرنے کے لئے ابھی بورڈز کو اپنے اپنے سوفٹ ویئرز کو اپڈیٹ کرنے کی بھی ضرورت ہے.

سرکاری کالجوں میں داخلوں کے خواہشمند لاکھوں طلباء ایک جانب نتائج اور دوسری جانب داخلوں کا انتظار کر رہے ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں یہ انتظار جلد ختم ہوتا ہوا نظر نہیں آتا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close