پی ٹی اے نے کورونا کے باعث پاکستان میں رہنے پر مجبور ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون ٹیکس ادا نہ کرنے پر بند کر دیے ہیں
گزشتہ سال نومبر، دسمبر اور جنوری میں پاکستان آنے والوں میں سے تقریباً پچاس ہزار افراد امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یورپی ممالک اور جنوبی کوریا سے پروازیں معطل ہونے کے باعث یہاں پھنسے ہوئے ہیں اور مختلف ایئر لائنز کی جانب سے انہیں بار بار نئی تاریخ دی جا رہی ہے۔ کورونا کی تیسری لہر نے ان کی واپسی میں مشکلات پیدا کر دی ہیں
تاہم جن مسافروں کو پاکستان میں ساٹھ دن ہو چکے ہیں ان کے موبائل فون بند کر دیے گئے ہیں کیونکہ پی ٹی اے کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والا موبائل فون ساٹھ دن استعمال کرنے کے بعد ٹیکس ادا نہ کرنے پر بند کر دیا جائے گا
بیرون ملک سے آئے پاکستانی زیادہ تر مہنگے موبائل فون استعمال کرتے ہیں، جن پر کم از کم ٹیکس تیس سے چالیس ہزار فی موبائل ہے۔ اوورسيز پاکستانیوں نے اس پالیسی کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے.