گلستان جوہر میں گھر کے اندر کیمیکل اسپرے کے پراسرار واقعے میں دو کمسن بھائی اور ایک بہن جاں بحق ہو گئی
کراچی کے علاقہ گلستان جوہر کے علاقے بلاک 19 میں واقع رؤف رائل سٹی کے فلیٹ میں رہائش پذیر نورین زوجہ محمد عمران کے تین بچوں کی حالت انتہائی غیر ہوگئی، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے گلشن اقبال میں واقعے پٹیل اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی
اطلاعات کے مطابق خاتون بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فلیٹ سے چیختی ہوئی باہر آئی تھی، جس پر مکین جمع ہو گئے اور جب وہ گھر میں گئے تو اسپرے کی بو آرہی تھی اور بچے بستر پر بے سدھ پڑے تھے
طبچوں کی موت کی اطلاع ملنے پر ان کی ماں پر غشی کے دورے پڑنے لگے اور وہ بے ہوش ہوگئی، جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دو بھائیوں آٹھ سالہ زیدان ، چھ سالہ ارشان جبکہ بہن تین سالہ ایشال کے نام سے کی گئی
پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھر میں کھٹمل مارنے والا اسپرے کیا گیا تھا اور شبہ ہے کہ اس کی زیادتی کی وجہ سے بچوں کی حالت غیر ہوئی جو ان کی موت کا سبب بنی
پولیس نے گھر سے کچھ چیزوں کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیا کے بھی نمونے حاصل کیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا شوہر ملازمت کی وجہ سے لاہور میں مقیم ہے جبکہ خاتون نورین اکیلی فلیٹ میں بچوں کے ساتھ رہتی تھی
بچوں کے والد عمران کے قریبی رشتے داروں نے پولیس سے رابطہ کرتے ہوئے واقعے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے
بچوں کے تایا جاوید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تینوں میرے بھتیجے اور بھتیجی تھے، میری بھابھی تین سال قبل کراچی آ گئی تھیں، نورین نے شوہر کو بتایا تھا کہ وہ والدہ کے ہمراہ رہتی ہے لیکن آج ہمیں معلوم ہوا کہ نورین یہاں اکیلی رہتی تھی۔