امریکی فیشن ڈیزائنر نے چمڑے سے بنا ہوا ایک ایسا پرس ڈیزائن کیا ہے جو کسی ہوائی جہاز کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن اس پرس کی قیمت ہوائی جہاز سے بھی زیادہ ہے
یہ پرس امریکی کمپنی ’’لوئی ویٹن‘‘ میں مینزویئر آرٹسٹک ڈائریکٹر اور مشہور امریکی فیشن ڈیزائنر ورجل ایبلوہ نے ڈیزائن کیا ہے جو گزشتہ چند ماہ سے کمپنی کی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے رکھا ہوا ہے
تاہم پچھلے ہفتے ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنی ایک پوسٹ میں اس پرس اور سیکنڈ ہینڈ سیسنا ہوائی جہاز کی قیمتوں میں موازنہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’’ای بے‘‘ پر سیکنڈ ہینڈ، مسافر بردار سیسنا ہوائی جہاز 32 ہزار ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ اس پرس کی قیمت 39 ہزار ڈالر ہے جو استعمال شدہ سیسنا کی قیمت سے بھی 7 ہزار ڈالر زیادہ ہے
یہ پوسٹ نہ صرف خوب شیئر کی گئی بلکہ جگہ جگہ کاپی پیسٹ کر کے اسے خوب پھیلایا بھی گیا
اکثر صارفین کو یہی اعتراض ہے کہ ایک طرف تو دنیا کے اربوں لوگ غربت کا شکار ہے تو دوسری طرف ہوائی جہاز جیسا دکھائی دینے والا پرس اتنے مہنگے داموں میں فروخت کیا جارہا ہے، جسے لوگ خرید بھی رہے ہیں
البتہ، بعض صارفین کا کہنا ہے کہ پرس مہنگا ہو یا سستا، خریدنے والے کی مرضی ہے کہ وہ خریدے یا نہ خریدے.